راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں منعقد ہورہے پروگراموں کے انتظامات کاجائزہ لیا ۔ افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے ڈپٹی کمشنر نے پروگراموں کے انتظامات کو حتمی شکل دی ۔ انہوںنے ایگزیکٹو افسر میونسپلٹی کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں اور گلیوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور ان جگہوں کی بھی صفائی کی جائے جہاںسے جلوسوںکا گزر ہوگا۔ انہوںنے سٹریٹ لائٹوں کی مرمت کرنے کی بھی ہدایت دی ۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ ایس ایس پی کی طرف سے سیکورٹی کے مستعد انتظامات کئے جائیںگے جبکہ ٹریفک جام سے بچنے کیلئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیںگے ۔ یہ فیصلہ بھی ہواکہ ایکسن محکمہ بجلی بغیر کٹوتی کے بجلی سپلائی کو یقینی بنائیںگے اوراسی طرح سے ایکسن پی ایچ ای پانی کی سپلائی میں بہتری کے اقدمات کریںگے ۔ چیف میڈیکل افسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ پروگراموں کی جگہوں پر ایمبولینس گاڑیاں اور دیگر انتظامات دستیاب رکھیں ۔میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی ہواکہ ایڈمنسٹریٹر اوقات راجوری عید گاہ کے مقام پر شامیانہ وغیرہ کا انتظام کرائیںگے ۔اس کے علاوہ محکمہ امورصارفین کو مارکیٹ چیکنگ کی ہدایت دی گئی تاکہ اشیاء کی قیمتوں کواعتدال پر رکھاجائے ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اے وی چب ، ایس ایس پی یوگل منہاس ، اے سی محکمہ مال عبدالقیوم میر ، ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف ، سی ایم او سریش گپتا، اے ڈی امورصارفین جاوید اقبال ، ایکسن پی ایچ ای نثار خان ، ایکسن بجلی منشی خان ،تحصیلدار سلام دین اور دیگر افسران اور مساجد کے امام بھی موجو دتھے۔