منڈی// تحصیل منڈی کے بلاک لورن میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کی جانب سے ایک دربار منعقد کیا گیا جس میں ضلع انتظامیہ و تحصیل انتظامیہ کے تمام افسران موجود تھے۔ اس دربار میں لورن کے اطراف کے تمام گائوں سے لوگوں نے شرکت کی ۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے اپنے مسائل سے آگاہی دلائی ۔انہوںنے کہاکہ ایم جی نریگا کے کے تحت انہوںنے تین سال پہلے کچھ کام انجام دیئے تھے جن کی اجرت آج تک نہیں ملی ہے۔ااس کے علاوہ لوگوں نے بجلی ، راشن ، سڑک اور پانی سے جڑے مسائل بھی ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے ۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو یقین دلایاکہ ان کے تمام مسائل حل کئے جائیںگے ۔انہوںنے کہا کہ ان کے گائوں گائوں جانے کامقصد ہی عوامی مسائل حل کرناہے اوراس طرح سے لوگ روبروہوکر اپنے مسائل سے روشناس کراتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں پر بھی اس دربار کا مقصد یہی ہے کہ لوگوں کی پریشانیوں کو سنا جائے اور ان کا حل نکالاجائے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنرنے متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہی مسائل کے حل کی ہدایت دی ۔انہوںنے سب ضلع ہسپتال منڈی کا بھی دورہ کیا اور وہاں ہو رہے تعمیراتی کام کاجائزہ لیا ۔ انہوںنے حکام کو ہدایت دی کہ یہ کام جلد سے جلد مکمل کیاجائے ۔