تہاڑ جیل واقعہ کی مثال نہیں ملتی :پیپلز مومنٹ
مذاکرات میں سنجیدگی ہوتی تو سیاسی نظر بند رہاکردیئے جاتے
راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے اکیس نومبر کو تہاڑ جیل میں کشمیری قیدیوں پر حملے کی پرزور مذمّت کرتے ہوئے اقوام ِ متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری دہشت گردی کا نوٹس لے کر کشمیری نظر بندوں اورسیاسی قیدیوں کے تحفظ اور سلامتی کے اقدامات کریں۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق جموں میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا کہ تہاڑ جیل میں تامل پولیس کے دستوں نے جس بے رحمی اور بے دردی سے کشمیری قیدیوں پر حملہ کر کے انہیں لہو لہان کر دیا ، اس کی مثال مہذب دنیا میں ملنی مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت در اصل بے گناہ کشمیری نظر بندوں کے خلاف عدالت میں کیس ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد ان بے قصور قیدیوں کو ظلم و تشددد کا نشانہ بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرکار نے سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی کھلی حکم عدولی کر کے کشمیری قیدیوں کوبیرون ریاست بدنام زمانہ تہار جیل میں ڈال رکھا ہے جبکہ سپریم کورٹ کی واضح ہدایت ہے کہ ملزمین کو گھر کے قریب ترین واقع جیل خانوں میں رکھا جائے اور سرکار سیاسی انتقام گیری کے تحت کشمیری رہنماؤں اور نوجوانوں کو گرفتار کر کے بھارت کی مختلف ریاستوں میں قائم بد نامِ زمانہ جیلوں میں منتقل کر رہی ہے اور پھر پولیس کے غنڈوں سے ان کی پٹائی کروائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 21نومبر کو پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور سے قیدیوں پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے انہیں بری طرح زخمی کر دیا جن میں سے ایک کو عدالت کی ہدایت پر علاج معالجے کے لئے سوپور لایا گیا ۔میر شاہد سلیم نے کہا کہ تہاڑ اور دوسری جیلوں میں نظر بند تمام کشمیری قیدیوں کو جن میں حریت کانفرنس کے کئی سینئر رہنما بھی شامل ہیں،کو گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی بار زدو کوب کیا گیا ۔ حریت رہنما نے کہاکہ جیلوں میں مقید حریت قائدین اور آزادی پسند نوجوانوں کو نہ صرف کشمیر دشمن فرقہ پرست عناصر بلکہ خود جیل حکام کی جانب سے خطرہ لاحق ہے اس لئے حکومت پر لازم ہے کہ سیاسی قیدیوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے انہیں کشمیر کی مقامی جیلوں میں منتقل کیا جائے۔جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے سیاسی نظر بندوں کی حالتِ زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہاکہ حکومت ایک جانب کشمیرکے ساتھ گفت و شنید کا ڈھونگ رچا رہی ہے اور دوسری جانب کشمیر کے سینکڑوں چھوٹے بڑے قائدین اور عام شہریوں کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے ۔انہوں نے مذاکرات کار دنیشور شرما کی تعینانی کو محض ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت مذاکرات کو لے کر سنجیدہ اور مخلص ہوتا تو سیاسی نظر بندوں کو رہا کر دیا ہوتا۔
کوٹرنکہ میں سیرت النبی ؐکانفرنس کا اہتمام
کوٹرنکہ //جشن عیدمیلادالنبی ؐ کے سلسلے میں کوٹرنکہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیا جسکی صدارت قاری عبدالرزاق امام وخطیب جامع مسجدکوٹرنکہ نے کی ۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی مولانا امتیاز احمد شاہ سوکڑ درہالوی تھے ۔انہوںنے اپنے خطاب میں کہاکہ محبت رسول ہمارے ایمان کا اہم حصہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج غلامان مصطفٰے جگہ جگہ پرو گراموں کا انعقاد کر کے اپنی غلامی کا ثبوت پیش کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جہاں ہمارے لئے ایسے پروگرام منعقد کرکے سیرت نبویؐ سے عوام کو آگاہ کرنا ضروری ہے وہیں ہمیں اپنے اعمال کو سرکار کی سیرت کے مطابق ڈھال کر عملی نمونہ بھی پیش کرنے کی ضرورت ہے لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب ہم اپنے ہر عمل کو یہ سمجھ کر کریں کہ یہ ہمارا آخری عمل ہے اور ہر نمازی یہ سوچ لے کہ یہ میری آخری نمازہے اور ہر لقمہ یہ سمجھ کر کھایاجائے کہ یہ آخری لقمہ ۔اسی طرح سے اپنے ہر قول وفعل کو آخری سمجھ کر کرے تو انسان خود بخود ہر برائی سے بچ جائے گا اور ہمارے معاشرے سے برائیاں بھی ختم ہوتی چلی جائیں گی ارو یہی ہماری کامیابی کا ذریعہ بنے گااوراسی سے انسان کی نجات بھی ہوگی ۔اس موقعہ پر قاری امتیاز ملک ،مولوی محمد شریف، مولانا عمران ،شوکت حسین شاہ وغیرہ بھی موجو دتھے ۔اس دوران نظامت کے فرائض مختار احمد نے انجام دیئے ۔
شہزاد خان سے اظہار ہمدردی
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کے پی ڈی پی ارکان اور دیگر لوگو ں نے پارٹی کے ریاستی سیکریٹری شہزاد احمد خان کے ساتھ ہمدردی کااظہارکیا ہے جن کی والدہ ماجدہ کا چند روز قبل انتقال ہو گیا تھا۔پی ڈی پی کوٹرنکہ اکائی کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس میں ضلع نائب صدر چوہدری میر حسین، پی ڈی پی بلاک صدرکوٹرنکہ راجا منشی عالم دین و دیگران بھی موجود تھے جنہوںنے شہزاد خان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مرحومہ ایک بااخلاق اور نیک خاتون تھیں جنہوںنے محکمہ تعلیم میں اپنی ملازمت کے دوران ایمانداری سے کام کیا اور مفلس و نادار بچوں کی تربیت کی ۔انہوںنے کہاکہ مرحومہ کی وفات ایک صدمہ ہے اور وہ لواحقین کیلئے صبرجمیل و مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔
نوشہرہ میں عوامی دربار منعقد
رمیش کیسر
نوشہرہ //ایس ڈی ایم نوشہرہ عبدالستار نے نوشہرہ کے گائوں لام میں عوامی دربار لگاکر لوگوںکے مسائل سنے ۔اس عوامی دربار میں لام ، پکھرنی ، لڑوکا ، کمیلا ، موہڑہ پیر بڈیسر سمیت مختلف علاقوں کے لوگوں کے عوام موجود تھے جن کے مسائل سنے گئے ۔ لوگوںنے بجلی ، پانی ، سڑک اور مکی کی فصلوں کو آندھی طوفان سے ہوئے نقصانات کے بارے میں بتایا ۔ایس ڈی ایم نے یقین دلایاکہ سبھی مسائل مرحلہ وار طریقہ سے حل کئے جائیںگے ۔انہوںنے کہاکہ جو مسائل ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں ، کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لاکر حل کروایاجائے گا۔ عوامی دربار میں بڑی تعداد میںلوگ موجود تھے ۔
بجلی سپلائی میں بہتری پر اظہا رتشکر
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے شال ، کمہار ، ملک ،اسلام پور اور لوہر پنگائی کے لوگوں کاایک اجلاس زیر صدارت عبدالرشید شال منعقد ہواجس میں ممبراسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین کا شکریہ ادا کیاگیا۔اجلاس میں موجود لوگوںنے کہاکہ تھنہ منڈی کے ان علاقوںمیں بجلی کی قلت پائی جاتی تھی جسکو دیکھتے ہوئے ممبر اسمبلی نے حلقہ اختیاراتی رقومات سے چار محلوں کے لئے 63 کے وی کے چاربجلی ٹرانسفارمر ز فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موصوف نے اس کے علاوہ 22 لاکھ روپے دیکر گرڈ اسٹیشن راجدھانی میں ایک بریکر لگوا یا تاکہ تھنہ منڈی کی عوام کو بلا خلل بجلی فراہم ہو سکے۔ان کاکہناتھا کہ انہیں امید ہے کہ ٓانے والے وقت میں ممبر اسمبلی راجوری کے ہاتھوں تھنہ منڈی میں مزید ترقیاتی کام شروع ہوںگے۔ اجلاس میں جنگباز چوہدری، شوکت شال، ظہور احمدبھٹی، شکیل احمد، غلام احمد، بشیراحمد ملک، مختار احمد، منیر حسین اورفضل حسین بھی موجود تھے ۔
فتح پور میں جشن میلادالنبیؐ کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//تحصیل منڈی کے گاؤں دھڑہ و فتح پور میں جشن عید میلادالبنیؐ کے سلسلے میں ایک محفل منعقد کی گئی جہاں امام و خطیب مرکزی جامع مسجد پونچھ مولانا فاروق حسین مصباحی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ اس دوران مدرسہ صفوتہ العلوم مصطفی نگر دھڑہ کے زیر اہتمام دوپہر بارہ بجے جلوس محمدیؐ فتح پور کیلئے روانہ ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید و رسالت نے شرکت کی۔ جامع مسجد فتح پور میں بعد نماز ظہر میلادالبنیؐ کے اتبات، فوائد و ضرورت پر مولانا فاروق حسین مصباحی نے خطاب کیااورکہا کہ میلاد منانا باعث خیر و برکت ہے۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہؐ کی تعلیمات ہی عالم انسانیت کیلئے باعث کامیابی، فتح و نصرت ہیں۔جلوس میں مولانا عارف حسین، حافظ طفیل، جاوید ریشی،محمد شفیع قدیری، محمد رشید میر،نمبر دار نذیر حسین وغیرہ بھی شامل تھے ۔
مظفر حسین کی سبکدوشی پرتقریب
پونچھ//تحصیل افسر محکمہ سماجی بہبود پونچھ مظفر حسین کی سبکدوشی پر پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس تقریب میں ضلع صدر بیکورڈ کلاسز یونین عبدالرشید شاہ پوری، فوجی محمد رشید، محکمہ کے ملازمین بشمول میڈم انجو رینا، محمد عرفان، محمد حنیف وغیرہ بھی موجود تھے ۔مقررین نے مظفر حسین کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے لوگوںکے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور آج ایسے افسر بہت ہی کم ملتے ہیں۔
حکومت ناکام ،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں
منتخب نمائندے عیش و عشرت میںمصروف :لیاقت علی
راجوری//نیشنل کانفرنس کی جانب سے کنتھول کھیریاں میں سینئرلیڈرچوہدری لیاقت علی ایڈووکیٹ کی صدار ت میں عوامی میٹنگ منعقدہوئی جس میں اسمبلی حلقہ درہال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیرتعدادنے شمولیت کی۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے چوہدری لیاقت علی نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کی اُمنگوں پر کھرااُترنے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ راشن کی سپلائی میں تین تین مہینے لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے غریب لوگ مہنگائی اورمایوسی کاشکارہیں ۔انہوں نے کہاکہ درہال حلقہ میں پانی کی سپلائی ناقص اور سڑکوں کی حالت نہایت ابتر،ہسپتال میں طبی سہولیا تکافقدان پایاجارہاہے جوکہ باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے چنے ہوئے نمائندے عیش وعشرت میں وقت گذاررہے ہیں اورعوام کاکوئی پرسان حال نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ عوام ان لیڈروں کوجوعوام کی پریشانیوں سے بے خبررہ کرغفلت میں وقت گذاررہے ہیں ،اس کاجواب عوام وقت آنے پردے گی۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیرپنچال کے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے دربدر ہیں اورموجودہ حکومت کی نوجوانوں کے مخالف پالیسیوں سے ناخوش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بے روزگارنوجوان اچھی حکومت کاانتظارکررہے ہیں۔اس دوران چوہدری لیاقت علی نے ایم جی نریگاکے مزدوروں کی اُجرت وقت پرنہ ملنے پربھی تشویش ظاہرکی۔انہوںنے کہاکہ وہ لوگوں کے مسائل اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لائیںگے ۔
پیر پنچال یوتھ پارلیمنٹ نے سالانہ تقریب منائی
سرنکوٹ //پیر پنچال یوتھ پارلیمنٹ نے اپنے سالانہ دن کی مناسبت سے ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں ایک تقریب منعقد کی جس میں تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما مہمان خصوصی جبکہ ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر مہمان ذی وقار کے طور پر شریک تھے ۔اس موقعہ پر نائب تحصیلدار عبدالغنی اور اے ای ای پی ایچ ای خالق قریشی نے بھی شرکت کی ۔تقریب میں حسام الدین بیتاب ، سول سوسائٹی کے ارکان اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندگان نے بھی موجود تھے ۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں تنظیم کی کارکردگی اور اس کے مقاصد پر مختصر روشنی ڈالی ۔امتیاز ہاشمی ، وجے سہگل ، شیخ بشیر ، فضل احمد بجاڑ ، بختیار کاظمی ، سکندر نورانی ، افتخار جعفری ، عرفان مغل ، آکاش ملک ، چوہدری رفیع اور اعجاز بخاری نے پیر پنچال پارلیمنٹ کی ستائش کرتے ہوئے اس کے صدر وسیم الحسن بخاری کے رول کی سراہنا کی ۔ نظامت کے فرائض آغا اشفاق نے انجام دیئے جبکہ اس موقعہ پر باسط خان ، رضا گنائی ، عبدالباسط ، خالق اعوان ، رمن سنگھ ، سمت سہگل ، سرتاج خان ،شاہد ملک ، شعیب ملک ، شیراز خان وغیرہ بھی موجود تھے ۔اس دوران ایڈووکیٹ مشتاق ایوارڈ 2017بھی دیاگیا۔
مینڈھر کو ماڈل حلقہ بنانے کیلئے کوشاں ہوں :جاوید رانا
مینڈھر //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و ممبراسمبلی مینڈھر جاوید رانا نے کہاہے کہ وہ مینڈھر کو ایک ماڈل حلقہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔یہاں جاری بیان کے مطابق گورسائی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے نے بتایاکہ حکومت ہند نے ان کی دیرینہ مانگ کوپورا کرتے ہوئے گورسائی سائیں گنج کو ماڈل گائوں کا درجہ دیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں بہت جلد کلسٹر ولیج کیلئے سنگ بنیاد رکھاجائے گا اور وہ وزیر اعلیٰ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ یہ کام خود کریں ۔رانانے کہاکہ انہوںنے مزید دو ماڈل ولیج کا پرپوزل بھی بھیجاہے جو پائپ لائن میں ہے ۔انہوںنے کہاکہ جموں صوبہ کو کل پانچ کلسٹر ولیج ملے ہیں جن میںسے ایک مینڈھر کے نام آیاہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ امید کرتے ہیں کہ مرکزی حکومت اس کیلئے رقومات فراہم کرنے میں تاخیر نہیں کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ ماڈل ولیج پروجیکٹ سے سڑک روابط میں بہتری کے ساتھ ساتھ دیگر ترقیاتی عمل میں انجام دیئے جائیںگے جس سے لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی ۔انہوںنے بتایاکہ حکومت نے ماڈل ولیج گورسائی کیلئے دس کروڑ روپے کو منظوری دی ہے جس میں سے تین کروڑ قبائلی امور کی وزارت دے گی ،چار کروڑ پلاننگ محکمہ دے گا اور تین کروڑ دیگر محکمہ جات کی طرف سے دیئے جائیںگے ۔انہوںنے بتایاکہ سرحدی علاقوں کے طلباء کیلئے حکومت نے اکلاویا ماڈل رہائشی سکول کو منظوری دی ہے جو مینڈھر میں قائم کیاجائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ یہ سکول پانچ سو طلباء پر مشتمل ہوگا جہاں پہلی جماعت سے بارہویں تک تعلیم حاصل کی جاسکے گی ۔