سڑک حادثات میں9افرادزخمی
سمت بھارگو
راجوری//راجوری میں مسافربس اور تیل کے ٹینکر کے مابین تصادم سے سات افراد جبکہ موٹرسائیکل حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں ۔جموں پونچھ شاہراہ پر مراد پور کے مقام پرتیل کے ٹینکر اور مسافربس کے درمیان ٹکرہوجانے کے باعث سات افراد زخمی ہوئے ہیں ۔یہ حادثہ شام 6بج کر 35منٹ پر پیش آیا جب بس زیر نمبر JK02H 3189کو تیل کے ٹینکر زیر نمبرJK02BK 5475نے ٹکرماردی ۔ اس حادثے کے نتیجہ میں سات افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا۔زخمیوںکی شناخت شبیر احمد ساکن شاہدرہ شریف ، پرینکا شرما ساکن مراد پور، انیل شرما ساکن مراد پور ، سنگوٹا شرما ساکن مراد پور ،سورج کمار ساکن بہار ، تلک راج ساکن دھرت اور نرملا دیوی ساکن دھرت کے طور پر ہوئی ہے ۔سبھی زخمیوں کو ضلع ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ان کاعلاج چل رہاہے۔وہیں ایک دووسرے حادثے میں موٹرسائیکل زیر نمبر JK11 9218چنگس کے مقام پر حادثے کاشکار ہوگیاجس کی وجہ سے شبیر شاہ ساکن گردن بالا اور مشرف حسین شدید زخمی ہوئے جنہیں ضلع ہسپتال میں زیر علاج رکھاگیاہے ۔
کوئلہ مزدور مردہ پایاگیا
راجوری //راجوری کے موگلہ علاقے میں کوئلہ مزدوراپنے ہی کمرے میں پراسرار طور پر مردہ پایاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق 63سالہ پرتھوی راج ولد گنگا رام ساکن بٹالا ڈوڈہ کو موگلہ میں اپنے کمرے کے اندر پراسرار طور پر مردہ پایاگیا۔اس سلسلے میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کیاگیاجس نے نعش اپنی تحویل میںلی اور اس کا پوسٹ مارٹم کروایاگیا۔ اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
قبرستانوں کوتحفظ دینے کی مانگ
منجاکوٹ//پرویز خان //منجاکوٹ میں قبرستانوں کی حالت دن بدن خستہ ہوتی جا رہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی طرف سے ان کے تحفظ کی خاطر کوئی اقدامات کئے نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں محکمہ کے خلاف سخت غصہ پایا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ برسات کے موسم میں قبرستانوں میں ڈھنگے نہ دیئے جانے کی وجہ سے زمین کھسک جاتی ہے جس کے نتیجہ میں قبریں بھی محفوظ نہیں رہتی ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ اوقاف کو جلد سے جلد ان قبرستانوں کے تحفظ کے اقدامات کرنے چاہئیں ۔انہوںنے کہاکہ گھاس فروخت کرکے پیسے وصول کئے جاتے ہیں لیکن قبرستان کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے اوقاف ایڈمنسٹریٹر راجوری سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے قبرستانوں کے اردگرد چار دیواری کروائیں اور ساتھ ہی دیگر ضروری اقدامات کرکے قبرستانوں کو تحفظ دیں جو ثواب کاکام ہوگا۔
اعزازات کا خیر مقدم
مینڈھر //پیر پنچال یوتھ پارلیمنٹ کی طرف سے ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے ،بلاک میڈیکل افسر ڈاکٹر پرویز احمد خان ، مقامی صحافیوں جاوید اقبال اور ناظم علی منہاس کو اعزاز سے نوازے جانے پر مینڈھر کے لوگوںنے مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ اس اعزاز کا خیر مقدم کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ اس سے تمام لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور مزید بہترطریقہ سے کام سرانجام دیںگے ۔
۔18سالہ نوجوان کی نعش برآمد
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ میں 18سالہ نوجوان کی نعش پراسرار حالت میںبرآمد ہوئی ہے ۔ پوٹھہ بائی پاس کے مقام پر صبح فوج کی گشتی پارٹی نے بائی پاس مسجد کے قریب نالی میں ایک نوجوان کی نعش پڑے ہوئے دیکھی جس پر مقامی لوگوں کومطلع کیاگیا ۔ اس دوران لوگ وہاں پہنچ آئے اور انہوںنے دیکھاکہ نوجوان اسی گائوں کاہے ۔اسی بیچ پولیس بھی اطلاع ملنے پر موقعہ پر پہنچی اور اس نے نعش کو اپنی تحویل میں لیکراسے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا جہاں نوجوان کی شناخت افتار احمد عمر اٹھارہ سال ولد محمد نذیر ساکنہ پوٹھہ کے طور پرکی گئی ۔ قانونی لوازمات کے بعد نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے ورثاء کے حوالے کردیاگیا ۔ وہیں پولیس نے اس سلسلے میںدفعہ174 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
ایس ایس پی اسلم چوہدری کی والدہ کا انتقال
مینڈھر //مینڈھر سے تعلق رکھنے والے پولیس کے سینئر افسر و ایس ایس پی پلوامہ محمد اسلم چوہدری کی والدہ انتقال کرگئی ہیں ۔ مرحومہ کا انتقال گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموںسے منسلک سپرسپیشلٹی ہسپتال میں بدھ کی صبح ہواجس کے فوری بعد ان کی نعش کو آبائی گائوں نڑول لایاگیاجہاں بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی میں اسے سپرد خاک کردیاگیا۔مرحومہ کی وفات پر مینڈھر کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی پلوامہ کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے ۔ان تنظیموں کے عہدیداران کاکہناہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میںلواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔
نریش ڈینگرا ایس ڈی ایم سرنکوٹ تعینات
بختیار حسین
سرنکوٹ//ڈاکٹر بشارت حسین کے تبادلے کے بعد تحصیل سرنکوٹ میں پچھلے تین ماہ سے ایس ڈی ایم کی کرسی خالی تھی تاہم حکومت کی طرف سے نریش ڈینگرکو ایس ڈی ایم تعینات کیاگیاہے جنہوںنے بدھ کے روز دفتر پہنچ کر عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔ڈینگرا نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین کوشش رہے گی کہ وہ سرنکوٹ کے عوام کی مشکلات کو حل کریں۔انہوںنے کہاکہ انہیں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ سرنکوٹ کے لوگوں کی طرف سے انہیں بھرپور تعاون دیاجائے گا۔موصوف کی تعیناتی کا مقامی سیاسی و سماجی تنظیموںنے خیر مقدم کیاہے۔لوگوں نے کہا ہے کہ سابق ایس ڈی ایم ڈاکٹر بشارت حسین نے بطور ایس ڈی ایم یہاں کم عرصہ میں بہت اچھا کام کیا اور ایسی ہی امیدیں نئے ایس ڈی ایم سے بھی ہیں ۔
ساتھرہ میں میلاد کا جلوس برآمد
حسین محتشم
پونچھ//ساتھرہ چکراڑہ کی زیر تعمیر مسجد پنجتن میں جلسہ میلاد کے بعد ایک جلوس محمدیؐ بر آمد کیا گیا جو مقامی راستوں سے گزرتا ہوا جامع مسجد میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں شامل فرزندان توحید نے اپنے ہاتھوں میں پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر سرکار دوعالمؐ کی شان میں نعت اورا حادیث تحریر تھیں۔اس دوران جلوس کے شرکاء نعت بھی گنگنا رہے تھے ۔قبل ازیں جامع مسجد ساتھرہ میںمیلاد النبی ؐ کے عنوان سے محفل کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت امام و خطیب مولانا عبدالطیف چشتی نے کی ۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی و مقرر خصوصی کی حیثیت سے مولانا عبدالمجید قادری نے شرکت کی ۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے مولانا خلیل احمد، مولانا خادم حسین، مولانا عبدالقیوم اور مولانامحمد ارشاد نے کہا کہ سیرت مصطفیؐ کل جہانوں کیلئے باعث رحمت و برکت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میلاد یعنی یوم دلادت منانا مسلمانوں کیلئے باعث خیر و برکت ہے ۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ؐ کی تعلیمات ہی عالم انسانیت کیلئے باعث کامیابی ہے۔ اس موقعہ پر حفیظ اللہ خان، نمبردار رحمت اللہ خان، امتیاز حسین ،جاوید ریشی اور غلام حسین بھی موجود تھے۔نظامت کے فرائض حاجی غلام حیدر نے انجام دیئے۔
مجید خان کی قیادت میں وفد افسران سے ملاقی
گاڑی جلانے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا
جاوید اقبال
مینڈھر//کانگریس کے سینئر لیڈر سردار مجید خان کی قیادت میں ایک وفد ایس ڈی ایم مینڈھر،ایس ڈی پی او مینڈھر اور ایس ایچ او مینڈھر سے ملاقی ہوا گاڑی نذر آتش کرنے والوںکیخلاف کارروائی کی مانگ کی ۔وفد میں نمبردار کالابن کفیل خان،نمبردار ہرنی شمشیر علی خان،نمبردار گلہوتہ افتخار احمد،سابق سرپنچ ساگرہ آفتاب احمد خان،سابق سرپنچ ہرموتہ مجیب الرحمن خان،ایڈووکیٹ سردارجاوید احمد خان وغیرہ بھی تھے ۔اس موقعہ پرسردار مجید احمد خان نے ایس ڈی ایم مینڈھر سے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے لہٰذا پچھلے دنوں مینڈھر میں حالات خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور خاص طور پر ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہو جنہوںنے ایک گاڑی کو نذر آتش کیا اور کئی دکانوں کو نقصان پہنچایا ۔ان کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ مینڈھر میں ایف آر زیرنمبر209کاکیس درج ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی اورحالات خراب کرنے والے کھلے عام بازاروں اور دفتروں میں گھوم رہے ہیں ۔انہوںنے الزام لگایاکہ سیول انتظامیہ دوہرا معیار اپنا رہی ہے جس وجہ سے مینڈھر میں حالات خراب ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ناجائز تجاوزات مخالف مہم صاف و شفاف ہونی چاہیے اوراس میں کوئی بھید بھائو نہیں ہونا چاہیے ،اگر کسی کو ذاتی انا کی وجہ سے نشانہ بنایا جائے گا تو ہر شخص مذمت کرے گا۔انہوںنے کہاکہ وہ قانون کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیںگے لہٰذا وہ ڈپٹی کمشنر پونچھ، ایس ایس پی پونچھ اور تحصیل انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ گاڑی جلانے اور دکانوں کو نقصان پہنچانے والوں کو جلد سے جلد گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ قانون کے دائرہ میں رہ کر کارروائی کریںگے اور کوئی بھی قانون سے بچ نہیںپائے گا۔
دیپ کمار کھجوریہ این سی میں شامل
بختیار حسین
سرنکوٹ//محکمہ تعلیم سے سبکدوش ہوئے ماسٹر دیپ کمار کھجوریہ نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیارکرلی ہے ۔ انہوںنے پارٹی میں شمولیت سابق وزیر اورپارٹی کے سینئر نائب صدر سید مشتاق احمد بخاری کی موجودگی میں کی ۔اس موقعہ پر بخاری نے انہیں ہار پہناکر استقبال کیا ۔دیپ کمار نے کہاکہ وہ نیشنل کانفرنس کی پالیسیوںسے متاثر ہوکر اس جماعت میں شامل ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ میں جوبھی اہم کام ہوئے ہیں وہ نیشنل کانفرنس کے دور میں ہوئے ہیں اور ان میں مشتاق بخاری نے نمایاںکردار ادا کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں بخاری کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے اور سرنکوٹ کے لوگوںکو ایسے ہی لیڈر کی ضرورت ہے ۔بخاری نے دیپ کمار کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس واحد ایسی جماعت ہے جو ہندو ، مسلم ، سکھ و عیسائی کو ساتھ لیکر چلتی ہے اور بھائی چارے پر یقین رکھتی ہے ۔اس موقعہ پر دیگر کارکنان بھی موجود تھے ۔
میلاد مصطفی ؐ کی مناسبت سے تقریب
تھنہ منڈی//حضرت محمد مصطفی ؐ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے غلام قادر میموریل لٹل اینجلز ہائراسکینڈری سکول راجدھانی میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقعہ پر سکو ل کے اساتذہ کرام اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ طلباء نے اپنی تقریروں میں آنحضور ؐ کی مبارک زندگی اور تعلیم پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور نعتیں بھی گنگنائیں ۔اساتذہ اکرام نے اپنے خطاب میںاس بات پر زور دیاکہ آپ ؐ کی محبت کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم سب اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں اور قرآن و سنت پر مکمل طور پر عمل کیاجائے ۔ اس موقعہ پر ادارے کے سرپرست اعلیٰ ظفر امین نے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ حضرت محمد ؐکی تعلیمات پر عمل پیراہوجائے ۔ پروگرام میں صدارت کے فرائض ادارے کے پرنسپل نے انجام دیئے ۔ا س دوران تقریری مقابلے میں اول ، دوئم اور سوئم آنے والے طلباء کو انعامات سے نوازاگیا۔
پورٹروں کو روزگار دیا جائے: پینتھرز
پونچھ//جموں وکشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے ریاستی سیکریٹری نیشنل زور آور سنگھ شہباز کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہواجہاں پارٹی لیڈران نے کرگل جنگ کے دوران ہندوستانی فوج کے شانہ بشانہ رہنے والے پورٹروں کو نظر انداز کرنے پر نہایت تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ کرگل جنگ جیتنے کے بعد حکومت ان غریبوں کوبھول گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جہاں عوامی ترقی کے دوسرے محاذوں میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے وہیں پچھلے بیس سال سے ان لوگوں کے ساتھ بھی ناانصافیاں کررہی ہے ۔ انہوں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ ان پورٹروں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ بھی اپنے بچوں کے پیٹ پال سکیں۔اس موقعہ پر سرجیت سنگھ کوچھر، راجہ شریف خان، تنویر شیرازی، محبوب نواز، دلجیت سنگھ اور منظور حسین بھی موجو دتھے۔
امتیازنسیم ہاشمی ایوارڈسے سرفراز
نیوز ڈیسک
سرنکوٹ//پیرپنچال یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں منعقدہ سالانہ تقریب میں ایڈوکیٹ مشتاق ایوارڈ 2017 عطاکیاگیا۔ بیسٹ لٹریچرایوارڈ امتیازنسیم ہاشمی کودیاگیاجوکہ پیرپنچال خطہ کے کثیراللسانی شاعراورمصنف ہیں ۔اس سے قبل ان کی پہاڑی پرمشتمل شاعری کی کتاب ’چیتکارا ‘‘کوایوارڈ2007 کے لئے منتخب کیاگیاہے ۔امتیازنسیم کی کتابیں نہ صرف ریاست جموں وکشمیربلکہ بیرون ریاست بھی شائع ہوئی ہیں۔ان کی حالیہ پہاڑی شاعری پرمشتمل کتاب ’’ترئیل‘‘ جوکہ 2017 میں شائع ہوئی ہے کوڈائریکٹرسکول ایجوکیشن جموں نے سکولوں کی لائبریروں کیلئے منظور کیاہے۔
بخاری کااظہار تعزیت
سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد بخاری نے حالیہ اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ انہوںنے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ان کے بچپن کے ساتھی اوم پرکاش شرما ساکنہ سموٹ بھی اس دنیا سے کوچ کرگئے ہیںاوروہ آنجہانی کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ۔انہوںنے پوٹھہ کے افتخار احمد ولد سائیں محمد کی موت پربھی گہرے دکھ کا اظہار کیااورمرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کی ۔بخاری نے محمد صدیق ماگر ے کی والدہ کی وفات پربھی رنج و الم کا اظہا ر کرتے ہوئے کہاکہ وہ غمزدہ کنبے کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔
ہینڈ پمپ عوام کے نام وقف
نوشہرہ//فوج کے 163بریگیڈ کی 26پنجاب ریجمنٹ نے آپریشن سدبھائونا کے تحت گائوں ہدایت پور ناریاں میں بنائے گئے ہینڈ پمپ کو عوام کے نام وقف کیا ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق ناریاں کے ہدایت پور گائوں میں چھبیس پنجاب ریجمنٹ کی طرف سے ایک ہینڈ پمپ آپریشن سدبھائونا کے تحت لگایاگیا جس کا کمانڈر 163بریگیڈ بریگیڈیئر کلجیت سنگھ نے افتتاح کرکے اس کو عوام کے نام وقف کردیا۔ اس موقعہ پر کلجیت سنگھ نے کہاکہ فوج سرحدوں کی نگرانی کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل حل کرنے میں بھی پیش پیش ہے ۔ انہوںنے لوگوں کی مانگ پر مزید دو ہینڈ پمپ نصب کرنے کا یقین بھی دلایا۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے فوجی حکام کا شکریہ اداکیا ۔