راجوری//چیف میڈیکل افسر راجوری اوران کے عملہ کی ایک ویڈیو سماجی روابط کی ویب سائٹ پر وائرل ہوگئی ہے جس میں ملازمین کو ڈیوٹی کے اوقات کار میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے ۔ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو کچھ روز پہلے کی ہے جس میں چیف میڈیکل افسر راجوری ڈاکٹر سریش گپتا اور ان کے دفتر کا عملہ ڈیوٹی کے اوقات کار میں دفتر کے احاطے میں کرکٹ کھیل رہاہے ۔یہ ویڈیو تیزی سے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس کو دیکھ کر محکمہ صحت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایاہے ۔اس ویڈیو پر تبصرہ کرنے والوں کاکہناہے کہ ضلع میں صحت کا نظام خستہ ہے اور خاص طور پر دور دراز علاقوں میں قائم طبی مراکز عدم توجہی کاشکارہیں اور اس نظا م کو بہتر بنانے کے بجائے لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیوٹی اوقات کار میں کرکٹ کھیلاجارہاہے ۔کئی لوگوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں مریض علاج کیلئے مر رہے ہوتے ہیں لیکن محکمہ کے افسر اور ان کا عملہ کرکٹ میں مصروف ہیں ۔