نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کے 112ویں یوم پیدائش پر خطہ پیر پنچال میں کئی مقامات پر پارٹی کارکنان کی طرف سے تقاریب کا اہتمام کیاگیا ۔ اس دوران کارکنان نے مرحوم کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انہیں بہترین الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔
راجوری
منیر خان
راجوری //شیخ عبداللہ کے یوم پیدائش پر راجوری میں بھی نیشنل کانفرنس کے کارکنان کی طرف سے ایک تقریب منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر کارکنان نے مرحوم شیخ عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ہمدرد شخصیت تھے جنہوں نے ریاست جموں وکشمیر کی عوام کے لئے اپنا سب کچھ صرف کرکے قوم کوترقی کی منازل کی طرف گامزن کیا ۔ ضلع صدر نیشنل کانفرنس شفاعت خان نے کہا کہ ریاست کی بقاء کا اگر سوال کیا جائے تو یہ سب شیخ مرحوم کی دین ہے جنہوں نے غریب کو اس کا حق دلایا اور ریاست کی عوام کو بنیادی سہولیات سمیت حقوق فراہم کرائے ۔تقریب میں پارٹی کے دیگر لیڈران بھی موجود تھے جن میںمرزا عبدالرشید ، آفتار لون بلاک صدر راجوری ، حاجی محمد عارف ، شفقت میر، سردار نرمان ،مقبول رینہ ،رفیق مغل ، تصدق خان ، مرزا سعید ، عبدالخالق ، چودھری عباس ، مرزا عبدالبشیر ، سنجے کمار قابل ذکر ہیں ۔
پونچھ
حسین محتشم
پونچھ //نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کے 112ویں یوم پیدائش پر سابق ایم ایل اے پونچھ اور نیشنل کانفرنس یوتھ کے صوبائی صدر جموں اعجاز احمد جان کی رہائش گا ہ پر ایک تقریب زیر صدارت ضلع صدر باغ حسین راٹھور منعقد کی گئی جس میں ضلع پونچھ کے پارٹی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد عبداللہ کو ریاست جموں و کشمیر کی عوام کا سب سے زیادہ ہمدرد رہنما قرار دیااور کہا کہ مرحوم نے ریاست کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن حالات سے ریاست کی عوام کوشیر کشمیر نے نکالا، اس کے لئے یہاں کے لوگ ہمیشہ انہیںیاد کرتے رہیں گے۔اجلاس میںبلاک صدر منڈی عبدالاحد بٹ، بلاک صدر سائیں بابا ننگالی صاحب سید خورشید حسین شاہ، عبدالجبار، عبدالرشید شاہ پوری، محمد اسحق وغیرہ بھی موجود تھے ۔
مینڈھر
جاویداقبال
مینڈھر//مینڈھر میں بھی نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کا 112بارہواںیوم پیدائش منایاگیا۔اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس کے کارکنان نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی ۔مقررین نے شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات پرروشنی ڈالی ۔ایڈووکیٹ نذیر حسین چوہدری صوبائی نائب صدر نیشنل کانفرنس نے کہاکہ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کاشمار نہ صرف ریاست جموں و کشمیر بلکہ برصغیر کے قد آور سیاست دانوں میں ہوتا ہے۔ حاجی محمد زمان نے مرحوم کو برصغیر کا ایک عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیر کشمیر نے ریاستی عوام کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے میں اہم رول ادا کرتے ہوئے کم و بیش 22سال قید و بند میں گزار کر قوم پر ایک بڑا احسان کیا جس کی بدولت آج پوری قوم عزت و وقار کی زندگی گزار رہی ہے۔محمد رشید مغل نے کہا کہ شیر کشمیر مرحوم کی قربانیوں کی بدو لت ریاستی عوام کو جاگیردارانہ نظام سے نجات حاصل ہوئی اورآج یہاں کے لاکھوں خانہ بدوشوں کو مالکانہ حقوق حاصل ہیںجس کی بدولت ریاست کا ہر ایک شہری عزت و وقار سے اپنی زندگی گزار رہا ہے۔
سرنکوٹ
بختیار حسین
سرنکوٹ //سرنکوٹ میں شیخ عبداللہ کے یوم پیدائش پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی کے سینئر کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں یوتھ نیشنل کانفرنس ارکان نے بھی شرکت کی ۔یہ تقریب پارٹی کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری کی ہدایت پر منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی ریاست کے تئیں خدمات ناقابل فراموش ہیں اور مرحوم نے اپنے دور میں ایسے اقدامات کئے جن کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ شیر کشمیر نے ریاست کو نیا جموں وکشمیر بنایا اور ایسے تاریخی اقدامات کئے جو ایک عظیم رہنما ہی کرسکتاہے ۔