پونچھ//امام بارگاہ پونچھ میں ہر سال کی طرح اس بار بھی بارہویں ربیع الاول سے 17ربیع الاول تک ہفتہ وحدت کے نام سے محافل میلاد النبی ؐ نہایت ہی جوش و خروش سے منائی گئی۔انجمن جعفریہ پونچھ کے زیر اہتمام ان محافل میں جہا ںمقامی نعت خواں حضرات محبوب حسین ونتو، انتظار حسین صوفی، عابد حسین صفوی، شباب رضا رضوی،صابر حسین صابر بٹا، شبیر حسین ڈار اور صدر انجمن مقبو حسین قلی نے نعت کا نذارنہ پیش کیا وہیں عالم دین مولانا سجاد حیدر قمی نے سیرت پیغمبر اکرم ؐپر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیرت پیغمبر اکرمؐاپنانا کر انسان اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتا ہے۔انہوں نے ہفتہ وحدت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایام رہبر اکبر آیت اللہ خمینی نے منانے کی تاکید کی ہے تاکہ مسلمانوں میں وحدت قائم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ؐ کی ولادت کے سلسلہ میں مسلمانوں میں اختلاف پایا جاتا ہے اورکوئی 12ربیع الاول کو تو کوئی 17ربیع الاول کو ولادت مناتا ہے اس لئے خمینی ؒ نے کہا کہ 12سے 17ربیع الاول تک مسلمان ان ایام کو منا کر آپسی صفوں میں اتحاد قائم کریں۔ہفتہ وحدت کی اختتامی محفل 17ربیع الاول کو منعقد کی گئی جس میں انجمن جعفریہ کی جانب سے دیئے گئے طرحی مصرعہ’’ ذہن انسانی کہاں اور ذکر پیغمبر کہاں‘‘ پر ضلع پونچھ کے معروف شعرائے کرام نے اپنا طرحی کلام پیش کیا۔اس محفل میں جن شعرائے کرام نے کلا پیش کیا ان میں سید تصدق حسین شاہاں، سید ڈاکٹر امیر حسین جعفری، محتشم احتشام ، ڈاکٹر شبیر حسین عنوان، ماسٹر سید عاشق حسین پرواز، ایڈووکیٹ سید ابرار حسین ؔنقوی،سید شاہد رضا شاہدؔ ،محمد جعفرؔ بٹ قابل ذکر ہیں۔اس دوران نظامت کے فرائض انجمن جعفریہ پونچھ کے ناظم محمد جعفر بٹ نے انجام دیئے۔