ایچ ڈی ایف سی بنک نے خون کا عطیہ دیا
منیر خان
راجوری // راجوری ضلع اسپتال میں ایچ ڈی ایف سی بنک کی طرف سے خون عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں چارافراد نے اپنا خون بطور عطیہ پیش کیا ۔خون دینے کیلئے پندرہ افراد پہنچے لیکن طبی جانچ کے بعدڈاکٹروں نے صرف چار افراد سے ہی چار یونٹ خون کے لئے ۔بنک منیجر وسیم احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خون عطیہ کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیم نے طبی جانچ کی جس کے بعد صرف چار افراد کو ہی اس قابل پایا گیا کہ ان کا خون لیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چار یونٹ خون بلڈ بنک میں جمع کرایاگیاہے تاکہ ضرورت مند افراد کو بوقت مجبوری خون کا عطیہ فراہم دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ایچ ڈی ایف سی بنک کی طرف سے اس طرح کے کیمپ منعقد کرائے جائیں گے تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے ۔خون کے عطیہ کیمپ کا افتتاح میڈیکل سپرینڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے کیا۔
تحصیلدار مینڈھر پر حملے کی مذمت
حسین محتشم
پونچھ//رہبر تعلیم اساتذہ کی جانب سے ایک اجلا س ضلع پونچھ کے صدر مقام پر منعقد کیا گیا جس کی صدارت فورم کے ریاستی سینئر وائس چیئرمین نجم جعفری نے کی ۔اس موقعہ پر ضلع صدر سید شاہنواز کاظمی نے تحصیلدار مینڈھر شہزاد خان پر ہوئے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تحصیلدار جو کہ اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے تھے،پر حملہ کیا گیا جو نہایت افسوس ناک ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے فی الفور حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ فورم کے ریاستی وائس چیئرمین نجم جعفری اورشاہنواز کاظمی نے کہا کہ کسی بھی ملازم کے ساتھ ایسا سلوک ہونا نا قابلِ برداشت اور قابلِ مذمّت ہے، اگر اس طرح کی حرکتوں پر روک نہ لگائی گئی تو کوئی بھی ملازم اپنی ِعزت کو محفوظ نہیں رکھ پائے گا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل میں تاخیر نہیں کی جانی چاہئے بلکہ جلد از جلد قانونی کارروائی کی جائے۔ اس موقعہ پر سید یوسف شاہ ، جاوید احمد ، عارف راٹھور ، وحید احمد ، نیاز کرمانی ، شمیم الحسن انصاری ، عرفان بانڈے ، اکبر علی بانڈے ، محمد اسحق ، پرویز احمد ، شکیل قریشی ، عامر کرمانی ، سجاد کرمانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے حملہ کی مذمت کی۔
گستاخانہ ٹوئٹ کی مذمت
گستاخ کی گرفتاری کا مطالبہ
پونچھ// آج تک چینل کے اینکرروہت سردھانہ کے اسلام کی مقدس ہستیوں سے متعلق گستاخانہ ٹوئٹ کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے گستاخ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے ۔ تنظیم کے صدرعظیم علی شاہ کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سخت رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ جن بیبیوں کی شان میں آیات قرآن اتری ہیں، ان کی شان میں گستاخی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک آزاد ملک ہے جہاںکسی شخص کو دوسرے مذاہب کی مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کی کسی طور اجازت نہیں۔انہوں نے مرکزی سرکار سے روہت سردھانہ کے خلاف کارروائی کی اپیل کی۔ عظیم علی شاہ نے کہا کہ روہت سردھانہ جیسے اشخاص ہی ہندوستان کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں یہی لوگ دہشت گرد ہیں جو ہندوستان کی سالمیت کے لئے خطرہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گستاخ کی وجہ سے فرزندان توحید کے ہی نہیں بلکہ تمام باشعور انسانوں کے دل رنجور ہیں اس لئے حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ روہت سردھانہ کو گرفتار کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا جو کہ ایک ستون کی حیثیت رکھا ہے، کو چند شر پسند افراد نے بدنام کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر جلد از جلد روہت سردھانہ کو گرفتار نہ کیا گیا تو ہندوستانی مسلمانوں کے غصہ میں اضافہ ہوجائے گا۔
راجوری ہسپتال میں سی ٹی سکین فعال
راجوری//کئی مہینوں کے وقفے کے بعد راجوری ہسپتال میں سی ٹی سکین نے کام کرنا شروع کردیاہے ۔ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل سی ٹی سکین تکنیکی خرابی کے باعث غیر فعال ہوگئی تھی جس کے بعد اس کی مرمت کراکے اسے چالوکردیاگیاہے ۔میڈیکل سپرینڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے بتایاکہ مشین کا خراب ہوا حصہ بیرون ملک سے منگوایاگیا جس کو مشین سے جوڑ کر اسے فعال بنادیاگیاہے۔ انہوںنے کہاکہ اس بات کو یقینی بنایاجائے گاکہ یہ مشین اب فعال ہی رہے ۔
موبائل مجسٹریٹ کی ٹریفک شکنوں کیخلاف کارروائی
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ بازارمیں مختلف مقامات پر ٹریفک سپیشل موبائل مجسٹریٹ پونچھ سید وجاہت کاظمی نے ناکہ لگاکر غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ۔اس دوران کئی گاڑیوں کو ضبط بھی کیاگیا جبکہ کئی کے چالان کاٹے گئے ۔موبائل مجسٹریٹ نے دو ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔اس دوران ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر معہ عملہ بھی موجود رہے ۔
جہانگیر میر نے فوجی سربراہ کے بیان کو سراہا
پونچھ//سینئر کانگریس لیڈر اور ریاستی قانون ساز کونسل کے سابق ڈپٹی چیئر مین جہانگیر حُسین میر نے جنرل بِپن راوت کے بیان کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنرل کے اس بیان پر اُنہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ یہاں جاری اپنے ایک پریس بیان کے مطابق موصوف کا کہنا ہے کہ حال ہی میں جنرل کے دئیے گئے بیان کو کُچھ صحافیوں نے سیاسی بیان سے تعبیر کیا تھا جس کے جواب میں جنرل نے کہا کہ وہ تمام صحافیوں سے کہناچاہتے ہیںکہ وہ فوج کو سیاست سے جوڑنے کی کوشش ہر گِز نہ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ انڈین آرمی ایک ڈسپلن فورس ہے اور فوج کام صرف دیش کی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے نہ کہ سیاست کرنا لہٰذا صحافیوں سے گزارش ہے کہ وہ فوج کو اس سے دُور رکھیں۔ جہانگیر میر نے جنرل راوت کے اس سنجیدہ بیان کو بے حد سراہا ہے اور کہا ہے کہ وہ ریاست میں بھارتی فوج کی کار کردگی سے بھی متاثر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پونچھ حقیقی لائین آف کنٹرول پر واقع ہے اور وہ تقسیمِ ہِند سے ہی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اُن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔
سخی میدان کا دودی محلہ
پینے کی پانی کی شدید قلت ،عوام کا احتجاج کا انتباہ
جا وید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے علا قہ سخی میدان محلہ دودی میں پانی کی عد م دستیابی کی وجہ سے لو گو ںکو بھا ری مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے لیکن محکمہ پی ایچ ای کے ملا زمین کو ٹس سے مس نہیں ۔ مقامی لو گو ںکے مطابق محلہ دودی میں پینے کے صاف پانی کی ہا ہا کار مچی ہو ئی ہے اور لو گ کئی کلو میٹر دور سے جا کر پینے کے لئے صاف پانی لا رہے ہیں ۔ مقامی لو گو ں کا کہنا ہے کہ محلہ کو پانی سپلائی کرنے والی لفٹ اسکیم ناکارہ بنادی گئی ہے اور اس سے محکمہ کی ملی بھگت سے لو گو ں نے غیر قانونی طور پر کنکشن لگارکھے ہیںجس کی وجہ سے گھرو ں تک پانی نہیں پہنچ پارہا ۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی مر تبہ محکمہ کے افسر ان سے اپیل کی ہے کہ رائز نگ لا ئن سے نا جا ئز طور پر لگے ہو ئے کنکشنو ں کو ہٹا یا جائے لیکن محکمہ کے ملا زمین کو ٹس سے مس نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے مقامی لو گو ں کو پر یشانیو ں کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے ضلع تر قیا تی کمشنر پونچھ اور محکمہ کے افسر ان سے اپیل کی کہ وہ محکمہ کے ملا زمین کو ہد ایت دیں اور لو گو ں کو پانی کی سپلا ئی فر اہم کی جا ئے ۔ لو گو ں نے کہا کہ اگر پانی کی معقول سپلا ئی فراہم نہ کی گئی تووہ سخی میدان کے مقام پر مینڈھر تا پونچھ سڑک کو بند کر کے محکمہ کے ملا زمین کے خلاف احتجاج کر یں گے جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ کے ملا زمین اور افسر ان پر عائد ہو گئی۔ اس ضمن میں جب محکمہ ایک افسر سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں شکا یت ملی ہے کہ رائز نگ لا ئین میں لو گو ں نے نا جا ئز طور پر پانی کی کنکشن لگائے ہو ئے ہیں ، وہ جلد کا رروائی کرکے نا جا ئز طور پرلگے کنکشنوں کو اکھا ڑ دیں گے۔
چوہدری ممتاز کو پارٹی سے نکالاگیا:بخاری
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے مطابق پارٹی کے سابق بلاک صدر لٹھونگ چوہدری ممتاز احمد کو تنظیم مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں پارٹی سے نکال دیاگیاہے ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں نیشنل کانفرنس کے سینئرنائب صدر سید مشتاق احمد بخاری نے کہاکہ چوہدری ممتاز احمد پارٹی کے خلاف سرگرمیاں انجام دے رہے تھے جن کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے انہیں پارٹی سے نکال دیاگیاہے اور ان کی بنیادی ممبر شپ بھی ختم کردی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی جگہ سینئر نائب صدر حاجی محمد اشرف قریشی کوکارگزار بلاک صدر نامزد کیاگیاہے ۔مشتاق بخاری نے کہاکہ نیشنل کانفرنس پارٹی کے خلاف کسی بھی طرح کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گی۔
طالبہ کی سکول جاتے ہوئے موت
راجوری //سندر بنی علاقے میں ایک طالبہ کی سکول جاتے ہوئے موت ہوگئی ۔ بتایاجاتاہے کہ طالبہ کافی علیل تھی اوراسی وجہ سے اس کی موت ہوگئی ۔اس کی شناخت انو شرما عمر اٹھارہ سال دختر جیا لعل ساکن ہتھل سندربنی کے طور پر ہوئی ہے جو گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول دیوک سندر بنی میں زیر تعلیم تھی ۔طالبہ صبح گھر سے سکول کیلئے نکلی اورراستے میں پراسرار طو رپر گر کر مر گئی ۔ایک افسر نے بتایاکہ اسے ہسپتال بھی لیجایاگیاتاہم ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ان کے مطابق طالبہ پچھلے کچھ دنوںسے علیل تھی اوراسی وجہ سے اس کی موت ہوگئی ۔
کمسن لڑکی کی پراسرار موت
راجوری //موہڑہ کوٹرنکہ سے تعلق رکھنے والی ایک کمسن لڑکی کی پراسرار موت ہوگئی ۔اسے زہریلی شے نگلنے کے بعد ضلع ہسپتال میں زیر علاج رکھاگیاجہاں اس کی موت ہوگئی ۔ لڑکی کی پہچان سولہ سالہ نسرین اختر دختر الطاف حسین ساکن موہڑہ کوٹرنکہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد اس کی نعش کو لواحقین کے حوالے کردیاگیاہے ۔
موٹرسائیکل حادثے میں نوجوان زخمی
سرنکوٹ//بختیار حسین// سرنکوٹ کے علاقہ پوٹھہ چھیلایاں موڑ میںموٹر سائیکل سوار حادثے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔موٹرسائیکل سرنکوٹ ہاڑی مرہوٹ کی جانب جا رہا تھا کہ مخالف سمت سے آرہے ٹیمپوسے ٹکراگیا جس کے نتیجہ میں بیس سالہ نوجوان زخمی ہوا جس کی شناخت راہیل منہاس ولد منیر حسین ساکنہ بہرام گلہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ اسے فوری طور پر مقامی ہسپتال لیجایاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ضلع ہسپتال راجوری منتقل کردیاگیاہے ۔
مینڈھر میں ڈرائیور کی پٹائی
مینڈھر//جاوید اقبال //بس اڈہ مینڈھر میں اڈہ پرچی ایجنٹوں نے جے سی بی کے ایک ڈرائیور کوپیٹ پیٹ کر زخمی کردیا جسے مقامی ہسپتال میں زیر علاج رکھاگیاہے ۔ ڈرائیور ابرار احمد انتظامیہ کے کام کے سلسلے میں جے سی بی مشین لیکر کہیں جارہاتھا اور وہ جب بس اڈہ پر پہنچاتووہاں موجود ایجنٹوں نے اسے روکا اور اڈہ پرچہ مانگی جس پر ڈرائیور نے انکار کیا اور کہاکہ وہ محکمہ کے کام پر ہے ۔اس دوران چار سے پانچ افراد نے اس کو پکڑ کر شدید مار پیٹ کی تاہم لوگوں نے بیچ بچائو کرکے اسے چھڑالیا۔وہ مینڈھر کے ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے دو افراد کو گرفتا رکیاہے جبکہ دیگران کی تلاش جاری ہے ۔ڈی ایس پی مینڈھر نے بتایاکہ انہوںنے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔
۔9ٹرک حد متارکہ کے آر پار ہوئے
پونچھ //پونچھ راولاکوٹ کے راستے چکاں داباغ سے 9مال بردار ٹرک حد متارکہ کے آر پار ہوئے ۔ذرائع نے بتایاکہ آٹھ ٹرک مختلف قسم کی اشیاء لیکر پاکستانی زیر انتظام کشمیر روانہ ہوئے جبکہ ایک ٹرک پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے پونچھ پہنچا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعرات کے روز حد متارکہ پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ بھی ہواتاہم اس کے باوجود تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں۔
چوہدری طالب کی والدہ کا انتقال
تھنہ منڈی//طارق شال// بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر و سابق ممبر پارلیمنٹ چوہدری طالب حسین کی والدہ کا انتقال ہوگیا۔ ان کا انتقال جمعرات کے دن بارہ بجے 92 سال کی عمر میںہوا۔ مقامی لوگوں کے مطابق مرحومہ پرہیزگار اور نیک خاتون تھیں جو ضعیف العمری میں رحمت حق ہوئیں۔ مرحومہ کو اپنے آبائی علاقہ فتح پور میں شام 6 ِ بجے سپردخاک کیا گیااوران کے نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے چوہدری طالب کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اورمرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔
ذوالفقار کا اظہارِ تعزیت
جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور امور قبائل چودھری ذوالفقار علی نے سابق وزیر اور رُکنِ اسمبلی کی والدہ چودھری طالب حسین کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جو کل انتقال کر گئیں ۔ وزیر نے مرحومہ کی روح کے دایمی سکون کیلئے دعا کی اور چودھری طالب حسین اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ۔
شبیر خان کا اظہار تعزیت
راجوری //کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر شبیر احمد خان نے چوہدری طالب حسین کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوںنے کہاکہ مرحومہ نیک سیرت خاتون تھیں جنہوںنے سماجی کاموں میں نمایاں رول ادا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین خاص کر چوہدری طالب حسین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں ۔