پونچھ //خطہ پیر پنچال میںہر گزرتے دن کے ساتھ اے ٹی ایم مشینوں سے رقومات کا صفایاہوتاجارہاہے اور صورتحال ایسی ہے جیسے مالی بحران پایاجارہاہو۔راجوری پونچھ دونوں اضلاع میں بیشتر اے ٹی ایم مشینیں خالی پڑی ہیں جبکہ اگر کہیں رقومات ہیں بھی تو چند گھنٹوں ہی میں لوگ طویل ترین قطاروں میں جمع ہوکر نکلوالیتے ہیں ۔ خطے میں اس قت مالی بحران کا سامناہے اور لو گ شدید پریشان ہیں ۔
منڈی کی عوام شدید پریشان
عشرت بٹ
منڈی//منڈی تحصیل میں گزشتہ تین روز سے اے ٹی ایم مشینیں رقومات سے خالی ہیں جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی شخص شمیم الحسن نے کہا کہ عوام پہلے ہی مختلف پریشانیوں میں گرفتار ہے اور اب مالی پریشانیاں اس کیلئے درد سر بن چکی ہیں۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو اپنے ہی پیسے نکلوانے کیلئے کئی کئی دن لگ رہے ہیں اور اے ٹی ایم مشینیں اگر خالی پڑی ہیں تو بنکوں کے باہر طویل قطاریں لگنے لگی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اے ٹی ایم نظام شروع ہونے کے بعد اس پر لوگوںکو اس قدر بھروسہ تھاکہ وہ اپنے کھاتے سے پیسے نکال کر گھر میں نہیں رکھتے تھے بلکہ اے ٹی ایم سے کبھی بھی ضرورت پڑنے پر نکال لیتے تھے لیکن پہلی بار ایسا دیکھنے کو مل رہاہے کہ یہ مشینیں خالی ہیں اور لوگ دربدر ہیں ۔انہوںنے کہاکہ لوگوںکو ضرورت کی اشیاء نہیں مل رہیں اور یہاں تک کہ کھانے پینے کا سامان خریدنا بھی مشکل ہورہاہے ۔عبدالمجید نامی ایک شخص نے کہا کہ مشینوں کا خالی ہونا بہت بڑی پریشانی ہے اور اس پریشانی میں مزید اضافہ تب ہوتا ہے جب بنک کو بھی چھٹی ہوتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کرے ۔
سرنکوٹ میں قطاریں طویل ہوگئیں
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ میںاے ٹی ایم مشینوں میں رقومات کی قلت نے لوگوںکو دربدر کردیاہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق پچھلے ایک ہفتے سے مشینوں میں رقومات کی قلت پائی جارہی ہے لیکن بنک حکام غفلت کی نیند میں ہیں اور کوئی اقدام نہیں کررہے ۔ان کاکہناہے کہ کسی کو دوائی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن وقت پر پیسے نہیں نکل پارہے ۔ محمد رفیق نامی شخص نے بتایا کہ انہیں کسی بھی اے ٹی ایم مشین سے پیسے نہیں ملے جبکہ چیک پوسٹ والی اے ٹی ایم مشین کے باہر گھنٹوں قطار میں بھی رہناپڑا۔ایک خاتون نے بتایاکہ وہ ایک مریض کے ساتھ آئی ہے جو ہسپتال میں زیر علاج ہے لیکن دوائی کیلئے بھی پیسے نہیں مل پارہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ سرکار ڈیجیٹل انڈیا کے دعوے کررہی ہے اور یہاں حالت یہ ہے کہ لوگوں کو دوائی کیلئے پیسے نہیں مل رہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر صورتحال یہی رہی تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔
اعجاز جان کا اظہار تشویش
پونچھ //نیشنل کانفرنس کے یوتھ صوبائی صدر اعجاز احمد جان نے خطہ پیر پنچال میں اے ٹی ایم مشینوں میں رقومات دستیاب نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے ۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ اس کے نتیجہ میں معمول کی زندگی متاثر ہورہی ہے اور لوگ پریشان حال ہیںاور ہسپتالوں میںمریضوں کو دوائیاں بھی دستیاب نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے ایک ہفتے سے راجوری پونچھ میں اے ٹی ایم مشینیں ناکارہ پڑی ہوئی ہیںاور بنکوں میں طویل قطاریں لگ رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کیلئے اپنے ہی پیسے نکلوانا مشکل ہوگیاہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ اس پر متعلقہ حکام خاموش بیٹھے ہیں اور کوئی اقدام نہیں کررہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو اس بحران میں خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیاہے ۔