پونچھ //پونچھ قصبہ کی عوام کو پچھلے کچھ ہفتوں سے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سماجی کارکن و چکاں دا باغ ٹریڈ یونین کے نائب صدر کرشن سنگھ صراف نے کہا کہ پینے کے پانی کی پریشانی سے لوگ دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع صدردفتر پر ہی پینے کے پانی کی قلت ہے تو اور جگہوں کا کیا عالم ہوگا ،اس کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محلہ کھوڑی ناڑ ، محلہ کماں خان، محلہ پرانی پونچھ، محلہ ریڈیو سٹیشن،محلہ شنکر نگر جیسے محلوں میں پینے کے پانی نہ ملنے سے عوام بہت پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان محلہ جات کے لوگوں نے ان کے پاس آکر کئی بار شکایت کی لیکن کسی کے کانوں جوں نہ رینگی اور پانی کی قلت کا مسئلہ دن بدن بڑھتاہی جارہاہے۔اس سے محکمہ پی ایچ ای کے دعوئوں کو محض کاغذی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہینڈ پمپ بھی کام کرنا چھوڑ گئے ہیں جن کی وجہ سے بہت بڑی آبادی کو پانی مل جایاکرتاتھا۔انہوںنے کہا کہ ملازمین اور افسران اپنی ذمہ داری نہیں نبھا رہے اور یہی وجہ ہے کہ پانی کی اس قدر قلت ہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر متوجہ ہوکر پانی کی اس شدید قلت کو دور کریں اور شہر ہی نہیں بلکہ ہر ایک علاقے میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں نہیں تو لوگ احتجاج کرنے پر مجبورہوجائیںگے۔