گول گجرال واقعہ کی مذمت
راجوری //الہدیٰ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین امیر محمد شمسی نے جموں کے گول گجرال علاقے میں مدرسہ کو منہدم کرنے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچایا جائے ۔انہوںنے نماز جمعہ کے خطبے میں کہاکہ جموںمیں شرپسند عناصر کے اشاروں پر انجام دی جارہی کارروائیوں پر فوری طور پر روک لگائی جائے تاکہ مسلمانوں کو مجبوراً سڑکوں کا رخ نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہاکہ سرکار اگر اس معاملے کا سختی سے نوٹس نہیں لیگی تو نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی ۔ امیر محمد شمسی نے گزشتہ دنوں راجستھان میں ایک نہتے مسلمان کا بے رحمی سے قتل کئے جانے کے واقعہ کو کھلے عام دہشت گردی کانام دیتے ہوئے کہاکہ جب سے بھاجپا سرکار اقتدار میں آئی ہے تب سے مسلمانوں کو ہندوستان کے اندر ظلم وتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور شرپسند عناصر جنہیں مرکزی سرکار کی پشت پناہی حاصل ہے، کھلے عام گھوم رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اخلاق کے بعد پہلو خان اور آج پھر ایک دلخراش واقعہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لئے انجام دیاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ظلم کایہ سلسلہ اسی طرح سے جاری رہاتو اس کے نتائج خطرناک ہوںگے ۔
بھاجپا دور میں صرف رشوت خوری ہوئی :یوگیش
راجوری//منیر خان //سیاسی کارکن یوگیش شرمانے الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ بھاجپا کے دور اقتدار میں رشوت خوری کے سواکچھ نہیں ہوا۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوگیش نے کہاکہ مرکزی سرکار کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں کا فائدہ صرف متعلقہ آفیسران اور ملازمین کو ہی ہورہا ہے۔انہوںنے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کے تحت بھی کام ملازمین کے فائدے کیلئے کئے جارہے ہیںاور ضلع میں گرام روزگار سیوک ، ولیج لیول ورکر اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے وارے نیارے ہیں جبکہ غریب عوام کو کوئی پوچھتا ہی نہیں۔ان کاکہناتھا کہ چار ہزار کا ملازم پندرہ لاکھ کی گاڑی اور کروڑ روپے کے بنگلے میں رہے تو ا س سے یہ ثابت ہوتاہے کہ اس حکومت کے دور میں رشوت خوری کے سوا کیا کام ہواہوگا۔ان کاکہناتھا کہ راجوری میں کچھ ملازمین کے بنگلے دیکھ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ان کے گھروں پر پیسوں کی بارش ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا سرکار ملک کے لئے نقصان دی ثابت ہورہی ہے جس کی وجہ سے غریب عوام کو اس کا حق نہیں مل پارہا ۔ انہوںنے کہاکہ مہاتما گاندھی نریگا سکیم کے تحت ہوئے کاموںکی تحقیقات کرائی جائے اور غریبوں کو ان کا حق دیاجائے ۔
جلوس روکنے پر تحقیقات کامطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کی مساجد میں ائمہ کرام نے نماز جمعہ سے قبل اپنے اپنے خطاب میں بارہ ربیع الاول کے دن میلاد کے جلوس کو انتظامیہ کی طرف سے روکے جانب کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ امن و امان سے جارہے جلوس کو بلا جواز روکنے کی انکوائری کی جائے ۔ائمہ مساجد مفتی اشتیاق امام و خطیب جامع مسجد مصطفی نگر، مولانا عبدالرشید نعیمی، امام و خطیب جامع مسجد چھترال نکر، مولانا مشتاق عطاری امام و خطیب بھاٹا کس، مولانا ریاست علی امام جامع مسجد دھارگلون، مولانا نصیر احمد امام جامع مسجد بالا کوٹ، مولانا نور عالم امام اڑی، مولانا شعیب رضا امام جامع مسجد سراں پٹی ہرنی ،مولانا سید اخیار حسین شاہ امام جامع مسجد جگال وغیرہ نے کہاکہ ضلع انتظامیہ اس کی انکوائری میں تاخیر نہ کرے اوران لوگوںکو سامنے لایاجائے جنہوںنے یہ جلوس رکوایاہے ۔اس دوران ایک وفد نے ضلع افسران کوایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔ مفتی حق نواز قادری نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے اس معاملے کی تحقیقات کرانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانونی کارروائی کریںگے جبکہ ایس ایس پی پونچھ نے بھی کارروائی کا یقین دلایاہے ۔
ولی داد کا اظہار تعزیت
مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر چوہدری ولی داد نے سابق ممبر پارلیمنٹ ووزیر چوہدری طالب حسین کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہارکیاہے ۔ انہوںنے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میںلواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور خدا وند متعال سے مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعاگوہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ خاص طور پر چوہدری طالب کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
وزیر صحت نے اٹیچ منٹیں ختم کرنے کا حکم دیا
سمت بھارگو
راجوری //وزیر صحت بالی بھگت سنگھ نے محکمہ کے ملازمین کی اٹیچ منٹیں فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ بیرون ضلع اٹیچ منٹ پر تعینات ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی ۔راجوری میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بالی بھگت نے کہاکہ اس سلسلے میں پہلے ہی سخت اقدامات کئے گئے ہیں ۔ان کاکہناتھا’’ہم نے پہلے ہی حکم جاری کیاہے جس میں حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اٹیچ منٹیں ختم کریں نہیں تو اٹیچ منٹوںپر تعینات ملازمین کی تنخواہیں روک دی جائیں ‘‘۔انہوںنے کہاکہ اٹیچ منٹوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
تھنہ منڈی اور پلانگڑھ کو
BADPکے تحت ترقی دی جائے گی:قمر
طارق شال
تھنہ منڈی //ممبر اسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین نے کہا ہے کہ بلاک تھنہ منڈی اور بلاک پلانگڑھ کو بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ترقی دی جائے گی۔ شاہدرہ شریف میں پی ڈی پی ورکران سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی کے سرپرست اور سابق ریاستی وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی سعید نے اپنے دور اقتدار میں سر حدی اضلاع راجوری و پونچھ میں بالعموم اور تھنہ منڈی میں بالخصوص ترقیاتی اقدامات کئے ، انہوں نے تھنہ منڈی میں ڈگری کالج کھولا، سرحدی اضلاع کو وادی کشمیر سے جوڑنے کے لئے مغل روڈ کی تعمیر کروائی اور تھنہ منڈی میں بلاک کے قیام کے ساتھ ساتھ گرلز ہائی سکول کادرجہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید نے تھنہ منڈی۔ شاہدرہ سڑک کو ڈبل لین تعمیر کرنے کے لئے سٹیٹ پلان سے فنڈز واگزار کئے جن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں کے لوگوں نے سال 2014 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ووٹ دیکر اپنا ممبر اسمبلی چنا۔ ان کاکہناتھاکہ آج محبوبہ مفتی مرحوم کے ادھورے پڑے خوابوں کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیںاورانہی کی کاوشوں سے اب بلاک تھنہ منڈی اور بلاک پلانگڑھ کو بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فنڈر دستیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بس سٹینڈ شاہدرہ شریف سے بڑی بہک سڑک کی تعمیر کے لئے 11 کروڑ روپے واگزار کئے گئے جو سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے بند پڑی تھی۔ انہوں نے شاہدرہ شریف کے کنڈاں تا کلہ سڑک کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ممبر اسمبلی کے علاوہ اس اجلاس میں زونل صدر محمد اقبال شاہ، حاجی عبدالرشید شال، ایڈووکیٹ ظہور احمدبھٹی، بلاک صدر جاوید مرزا، نظر منیال، آفتاب احمد خواجہ، سلیم جو،ظہور ملک، جنگباز چوہدری، فضل احمد شیخ، سید زبیر احمد شاہ وغیرہ بھی موجود تھے۔
اسرائیل اثرؔ کو پہلی برسی پرخراج پیش
کالاکوٹ//انجمن گوجری زبان وادب دھرمسال کالاکوٹ نے گوجری کے ناموراورپہلے شاعراسرائیل اثرؔکی برسی کے موقعہ پر مشاعرے کاانعقاد کیاجس میں شعراء نے مرحوم کے کلام کوپیش کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیااورسامعین کومحظوظ کیا۔اس دوران مقررین نے کہاکہ اسرائیل اثرؔ گوجری زبان کے پہلے شاعرتھے جنھیں ریاستی حکومت نے متعدداعزازت عطاکئے۔اس کے علاوہ انہیں ساہتیہ اکادمی نے 2002 میں بھاشاسمان ایوارڈسے بھی نوازاتھا۔برسی کے موقعہ پرمرحوم کے مرقدپردعائیہ مجلس کابھی اہتمام کیاگیا جس میں مرحوم کی مغفرت کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعاکی گئی۔علاوہ ازیں ریڈیوکشمیرجموں،آوازِگوجرفیس بُک لائیوچینل اورکاشرچینل سے بھی اسرائیل اثرؔ کی برسی کے موقعہ پر گوجری میںخصوصی پروگرام پیش کئے ۔قابل ذکرہے کہ اسرائیل ؔاثر 1916میں اثرؔآبادلمبیڑی ضلع راجوری میں پیداہوئے ۔
۔10سکولوں کے عملہ کی تنخواہیں روک دی گئیں
4ملازمین معطل ، زونل ایجوکیشن افسران کے نام اظہار وجوہ کا نوٹس جاری
سمت بھارگو
راجوری //محکمہ تعلیم نے دس سکولوں کے عملہ کی تنخواہیں بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے چار ملازمین کو معطل کردیاہے جبکہ دو زونل ایجوکیشن افسران کے نام اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاگیاہے ۔چیف ایجوکیشن افسر راجوری چوہدری لعل حسین کی قیادت میں ایک ٹیم نے پچھلے دو تین دنوں میں منجاکوٹ ، درہال اور کالاکوٹ کے تعلیمی زونوں میںقائم سکولوں کا اچانک معائنہ کیا جس دوران مڈل سکول سیرلہ کالاکوٹ کے تمام عملہ کی ناقص کارکردگی پر ان کی تنخواہیں روک دی گئیں جبکہ ہائی سکول تتہ پانی کے ہیڈ ماسٹر کو اظہار وجوہ کانوٹس جاری کیا ۔اسی طرح سے ٹیم نے ہائی سکول بروح میں پایاکہ ادارے کی کارکردگی بہت ہی خراب ہے جس پر ماسوائے ایک ٹیچرکے تمام عملے کی تنخواہ روک دی گئی جبکہ وشال سنگھ نامی ٹیچر کو غیر حاضری کی پاداش میں معطل کردیاگیا۔اس کے علاوہ چیف ایجوکیشن افسر نے گورنمنٹ مڈل سکول ڈنگیوٹ کے عملہ کی تنخواہ بھی روکنے کا حکم جاری کیاہے جبکہ مڈل سکول منگریوٹ کے عملہ کی تنخواہیں بھی روک دی گئی ہیں اور سکول کے ایک ٹیچر سنجیو کمار کو غیر حاضر رہنے پر معطل کردیاہے ۔ناقص تعلیمی کارکردگی کی بناپر پرائمری سکول راجدھانی ، مڈل سکول راجدھانی ، پرائمری سکول بڑی بن چھترال اور پرائمری سکول لوہر سلاری کے عملہ کی تنخواہیں بھی روکنے کا حکم جاری کیاگیاہے ۔اس کے علاوہ مڈل سکول راجدھانی کے ٹیچر شکیل احمد اور شاہین اختر کو ڈیوٹی سے غیر حاضری پر معطل کیاگیاہے ۔درہال زون کے دورے پر ٹیم نے ہیڈ ماسٹر ہائی سکول اوجھان سے اس بات کا جواب طلب کیاکہ چائلڈ کیئر و میڈیکل چھٹی پر گئے ٹیچروں کوکیوں کر اجازت کے بغیر بھیجاگیاہے ۔ٹیم نے ہائی سکول اوجھان اور ہائی سکول نڈیاں کے ہیڈ ماسٹر کی تنخواہیں روکنے کا حکم دیا۔محکمہ کی طرف سے مڈل سکول دھان نڈیاں کو دوسری سکول میں ضم کرنے کا حکم جاری کیاگیاہے جبکہ سکو ل کے عملے کی تنخواہ روک دی گئی ہے ۔زونل ایجوکیشن افسر درہال کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مڈل سکول ملہت کی ٹیچر آسیہ خاتون کے غیرحاضر رہنے پر تحقیقات کریں جبکہ سکول کے عملہ کی تنخواہیں بھی روک دی گئی ہیں ۔اسی طرح سے مڈل سکول چٹیار کے عملہ کی تنخواہیں بھی ناقص کارکردگی کی بناپر روک دی گئی ہیں ۔چیف ایجوکیشن افسر راجوری نے زونل ایجوکیشن افسر درہال اور کالاکوٹ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے اس بات کا جواب طلب کیاہے کہ ان کے علاقوں میں سکولوں کی کارکردگی کیوں ا س قدر خراب ہے۔