پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے جبی طوطی میں آباد گائوں نیڑیاں ہاڑی بڈھا کی آٹھ ہزار عوام بہترسڑک سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ خوبصورت وادیوں میں آباد یہ آٹھ ہزار آبادی آج بھی قدیم طرز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے اورسب سے اہم سڑک سہولت نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آج بھی کئی کئی کلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے جو بزرگوں اور خواتین کے لئے سخت مشکل ترین مرحلہ ہو تا ہے۔ جموں پونچھ شاہرا پر میدانہ کے مقام سے محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے 3کلو میٹر سڑک تعمیر کی گئی تھی جس کے بعد2007میں عوام کی پر زور اپیل کے بعد اس پرتارکول پچھائی گئی لیکن ساتھ ساتھ مرمت نہ ہونے کی وجہ سے آج اس تین کلو میٹر سڑک کی بھی خستہ حالت ہے۔اس تین کلو میٹر سڑک پر جو مسافر گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں، ان کے ڈرائیور عوام سے من مرضی کا کرایہ وصول کر انہیں پریشان کررہے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق مسافر ٹیمپو چلائے جا رہے ہیں جن میں سات یا آٹھ سورایوں کی گنجائش ہوتی ہے لیکن ڈرائیور زبردستی بیس بیس سواریاںگھسادیتے ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے نیڑیاں حلقہ پنچایت کے سابق سرپنچ عبدالرشید انقلابی اور چیئر مین واٹر شید کمیٹی محمد قاسم نے متعلقہ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈرائیوروںکوکھلی چھوٹ دی ہوئی ہے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ ٹریفک کے افسران کو ہدایت دیں کہ وہ اپنا کام ایمانداری سے انجام دیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے گائوں کو سڑک رابطہ سے نہ جوڑاگیاتو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریںگے ۔