راجوری //بارش اور برفباری کے بعد خطہ پیر پنچال سرد لہروں کی لپیٹ میں ہے اور سردی میں کافی اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے ۔ وہیں مغل شاہراہ بھاری برفباری کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے مسلسل تیسرے روز بھی بند رہی جبکہ راجوری پونچھ براستہ تھنہ منڈی دیرہ گلی سڑک کو جزوی طور پر بحال کردیاگیاہے ۔خطے کے بالائی علاقوں میں مسلسل تیسرے روز بھی درمیانہ درجہ کی بارش ہوئی جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔راجوری پونچھ میں بدھل ، بکوری ، تھنہ منڈی ، منجاکوٹ ، بفلیاز ، سرنکوٹ ، منڈی اور پونچھ کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں میں بارش رہی ۔مسلسل برفباری اور بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے اور خطہ میں سرد لہریں چل پڑی ہیں جس کو دیکھتے ہوئے لوگ گرم ملبوسات کے ساتھ کانگڑی اور دیگر اشیاء کا استعمال بھی کرنے لگے ہیں۔دریں اثناء مغل شاہراہ تیسرے روز بھی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہی ۔ذرائع کے مطابق چھتہ پانی سے لیکر پیر گلی تک کئی کئی فٹ برف جمع ہے جس کو ہٹانے کیلئے کئی دن درکار ہیں لیکن چونکہ تازہ برفباری بھی ہورہی ہے اس لئے محکمہ کو مشکلات ہیں ۔واضح رہے کہ مغل شاہراہ پچھلے تین روز سے بند پڑی ہے جس کی وجہ سے کشمیر سے راجوری پونچھ یا راجوری پونچھ سے کشمیر آنے جانے والے لوگوںکو جموں کے راستے جاناپڑرہاہے جو طویل اور تھکادینے والاراستہ ہے ۔وہیں تھنہ منڈی سے سرنکوٹ جانے والی دیرہ گلی سڑک کو دو دن بند رہنے کے بعد شام کے وقت جزوی طور پر ٹریفک کیلئے بحال کردیاگیا تاہم اس دوران چند گاڑیوں نے ہی اس پر سفر کیا ۔