180 کروڑ روپے کی نئی سڑکوں اورپُلوں پراگلے سال تعمیر شروع کرنیکا اعلان
راجوری// تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختراور پشو وبھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے دھنواں۔ چکلی پُل کا افتتاح کیا جس پر نبارڈ کے تحت7.41 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔وزراء نے وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعمیر کئے جارہے کلار۔ پوٹھہ پُل کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس پر4.69 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے1.62 کروڑ روپے کی لاگت والے ڈونگی نالہ پر چٹیاناں پُل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔بعدمیں چٹیاناں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تعمیرات عامہ کے وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے رقومات کی فراہمی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کا مشن تھا کہ ریاست میں سڑک رابطے اعلیٰ معیار کے تعمیر کئے جاسکیں اور اس سلسلے میں حکومت نے ریاست میں تمام بڑے ہائی ویز پر چار گلیاوں والے تعمیری کام ہاتھ میں لئے ہیں اور مغل روڈو کشمیر۔ لیہہ ہائی وے پر بھی ٹنل تعمیر کرنے کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں اگلے سال180 کروڑ روپے کی لاگت والے نئے سڑک اور پُلوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا لیکن حکومت اس سلسلے میں معیار قائم رکھنے پرزور دے رہی ہے۔کوہلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سڑک رابطے ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں اہم ادا کرتے ہیں اور اس سیکٹر کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام طرح کے ترقیاتی کام اقتصادیات میں بہتری لانے کے لئے یقینی بنائیں۔چیف انجینئرسدھیر شاہ، اے ڈی سی اے ایس چب، ایس ایس پی یوگل منہاس، اے آر سی عبدالقیوم اور دیگر سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔