۔10 مالبردار ٹرک آر پارہوئے
حسین محتشم
پونچھ//چکاں دا باغ کے راستہ ہندوستان اور پاکستان کے بیچ تجارت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اس دوران جمعرات کے روز 10 مالبردار ٹرک حدمتارکہ کے آر پار ہوئے جن کے ذریعہ 55لاکھ روپے کا کاروبار ہوا۔ پونچھ سے 07 ٹرک پاکستانی زیر انتظام کشمیرروانہ کئے گئے جن کے ذریعے نمبو، کیلے، ہری مرچ اور جوائن روانہ کی گئی جن کی کل لاگت بتیس لاکھ چھ سو روپے رہی جبکہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے تین ٹرکوں کے ذریعہ 23لاکھ اور پانچ سو روپے کے بادام،جڑی بوٹیاں درامد کی گئیں۔اس موقعہ پر ہندوستان کی طرف سے کسٹوڈین تنویر احمد جبکہ پاکستان کی طرف سے ٹی ایف او سردار نعیم کراسنگ پوائنٹ پر موجود رہے ۔
عصمت دری کا ملزم ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار
راجوری //راجوری پولیس نے عصمت دری کے ایک ملزم کو ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے جو پولیس کے مطابق کسی عرب ملک بھاگنے کی کوشش میں تھا۔پولیس کے مطابق اعجاز احمد ولد رحمت اللہ ساکن فضل آباد تحصیل سرنکوٹ ضلع پونچھ کے خلاف پولیس تھانہ تھنہ منڈی میں ایف آئی آر زیر نمبر 67/2017زیر دفعہ 366, 376,109آر پی سی کا کیس درج تھا تاہم وہ رواں سال جولائی سے روپوش تھا۔حال ہی میں پولیس کو اس بات کی اطلاع ملی کہ ملزم کسی عرب ملک بھاگنے کی کوشش میں ہے جس پر ایس ڈی پی او تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری نے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پرامیگریشن اور پاسپورٹ اتھارٹی آف انڈیا سے رابطہ کرکے ملزم کے بارے میں آگاہی دی ۔پولیس کے مطابق ملزم نے کویت جانے کی کوشش میں ممبئی کاسفر کیا جہاں راجوری پولیس کی طرف سے دی گئی اطلاع کی بناپر حکام نے اس پاسپورٹ اور دیگر دستاویز ات بلاک کردیئے جس کے بعد حکام نے راجوری پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا جس پر تھنہ منڈی سے ایک ٹیم ممبئی روانہ کی گئی جس نے ملزم کو گرفتا رکرکے راجوری واپس لایا۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔ وہیں ایس ایس پی راجوری نے ایس ڈی پی او تھنہ کی کارروائی کی ستائش کی ہے ۔
۔25گاڑیوں کے چالان،6ضبط
بختیار حسین
سرنکوٹ//ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر نے سرنکوٹ بازار میں متعدد جگہوں پر ناکے لگا کر غیر قانونی طور گاڑی چلانے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ۔اس دوران 25 گاڑیوں کے چالان کئے گئے جبکہ 6 موٹر سائیکل ضبط کئے گئے ۔ایس ایچ اونے بتایا کہ گزشتہ دنوں حادثات میں یہ پایاگیاکہ موٹرسائیکل بغیر ہیلمٹ اور کاغذات کے چلائے جارہے ہیں جبکہ گاڑیوں میں ائورلوڈنگ بھی بہت زیادہ ہوتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ویشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کااحتجاج
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ میں ویشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کی جانب سے امرناتھ یاترا سے متعلق گرین ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف احتجا ج کیا گیا ۔ا س موقعہ پر بولتے ہوئے ویشو ہندو پریشد کے ریاستی سیکریٹری نیشو گپتا نے ریاستی و مرکزی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ فیصلہ ناقابل قبول ہے اور وہ اس کی مذمت کرتے ہیں ۔ گپتانے کہا کہ یہ فیصلہ شیو لنگ کی توہین کے مترادف ہے اوراس سے ہندو طبقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فیصلہ لینے سے قبل مذہبی تنظیموںسے مشورہ کرلیاجاناچاہئے تھا ۔ان کاکہناتھاکہ اگر فیصلہ واپس نہیں لیاگیاتو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔
محکمہ لیبر کی طرف سے بیداری کیمپ
منیر خان
راجوری//کالاکوٹ میں محکمہ لیبر کی طرف سے بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں اسسٹنٹ لیبر کمشنر راجوری رابعہ اقبال میر نے مزدوروں کو ان کے حقوق کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔انہوںنے کہاکہ لیبر محکمہ مزدور پیشہ لوگوں کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی اوران کے بچوںکی تعلیم وتربیت کے لئے مختلف اسکیمیں چلارہا ہے جس سے استفادہ کرکے مزدور پیشہ افراد اپنے بچوں کے بہتر مستقل دلاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمارتیں تعمیر کرنے کا کام کرنے والے مزدوروں کی فلاح کے لئے محکمہ کی طرف سے کئی سہولیات فراہم کی جارہی ہیںجن سے ان کو فائدہ حاصل کرناچاہئے ۔ انہوں نے مزدور طبقہ سے کہا کہ ہ فرصت سے راجوری لیبر دفتر آئیں اور اپنا اندراج کراتے ہوئے سرکار کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں سے فائدہ حاصل کریں ۔
راجوری میں مکان خاکستر
نیوز ڈیسک
راجوری //راجوری کے سیالسوئی علاقے میںر ات کو مکان خاکستر ہوگیا جس کے نتیجہ میں کئی مویشی بھی جل گئے ۔ذرائع کے مطابق محمد سلیم ولد محمد بشیر ساکن لائری سیالسوئی کے مکان کو رات کے وقت آگ لگ گئی جس کی وجہ سے پورا مکان خاکستر ہوا۔آگ کی وجہ سے گھر میںرکھی ہوئی تمام اشیاء بھی جل گئیں ۔اس کے علاوہ تین بھینسیں اور دو دیگر مویشی بھی زندہ جل گئے ہیں ۔
سرنکوٹ میں تعارفی اجلاس
لوگ انتظامیہ سے نالاں ، بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور
بختیار حسین
سرنکوٹ// ایس ڈی ایم سرنکوٹ نریش ڈینگرہ کی جانب سے معززین کے ساتھ ایک تعارفی اجلاس منعقد کیاگیا۔اس اجلاس میںتحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما،نائب تحصیلدار عبدالغنی اعوان اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر لوگوں نے انہیں درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری فراہم کی اور کہاکہ دیگر جگہوں کے لوگ آج کے اس جدید دور میں ٹیکنالوجی ، کالج ، یونیورسٹیوں اور دیگر بڑے بڑے مطالبات رکھتے ہیں لیکن ان کی حالت یہ ہے کہ وقت پر بجلی اور پانی سپلائی نہیںہوتا اور سڑک سہولت میسر نہیں ۔انہوںنے کہاکہ مقامی نوجوان منشیات کی لعنت میں پھنس چکے ہیں جن کی خاطر کھیلنے کودنے کیلئے کوئی کھیل میدان ہی نہیں ۔مقررین نے مطالبہ کیاکہ ایک عوامی دربار رکھاجائے جس میں تمام افسران موجود ہوں ۔انہوںنے الزام لگایاکہ زمینی سطح پر کام نہیںہورہا اور لوگ آدھار کارڈ کیلئے دربدر ہیں جبکہ غریبوں اور ناداروں کو پنشن نہیں ملتی ۔انہوںنے کہا کہ پچھلے دس دنوں سے سرنکوٹ کے شہر میں پانی کی ہاہا کار مچی ہوئی ہے اوربجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی تو معمول ہی بن چکاہے ۔انہوںنے کہاکہ سڑکوں کا حال چیک پوسٹ سے لے کر جوگی موڑ تک سڑک دیکھ کر ہوجاتاہے جبکہ کچھ ایسا ہی حال پوٹھہ بائی پاس کا بھی ہے جہاںبڑے بڑے کھڈے بنے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس سڑک پر تارکول بھی بچھایاگیالیکن پھر بھی کھڈے ہیں جس پر تحقیقات کرائی جائے ۔ایس ڈی ایم تمام مسائل سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ مسائل حل کریں گے اور عوام کو شکایت کا موقعہ نہیں ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ کھیل کود کے میدان کیلئے چرالاں میں جگہ دستیاب ہے اور بہت جلد کام شروع کردیاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ آدھار کارڈ بنانے والے نوجوانوں کو متحرک کیاگیاہے جبکہ پانی اور بجلی سے جڑے مسائل بھی حل ہوںگے۔
مشروم کی پیداوار پر کیپسٹی بلڈنگ پروگرام
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی نے سکاسٹ جموں کے سینئر اسسٹنٹ ڈاکٹرسچن گپتا کے تعاون سے مشروم کی پیداوار پر یک روزہ کیپسٹی بلڈنگ و تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ۔یہ پروگرام حکومت ہند کے شعبہ بائیوٹیکنالوجی کے تعاون سے ’’دھنور گائوں کی ایس ٹی /ایس سی خواتین کی سماجی و اقتصادی ترقی ‘‘کے عنوان سے چلایاجارہاہے ۔اس پروگرام کا مقصد خواتین کو تربیت فراہم کرکے انہیں خود کفیل بناناہے ۔ پروجیکٹ کے پرنسپل انوسٹی گیٹر ڈاکٹر شریکر پنت نے مشروم کی پیداوار اوراس کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ کس طرح سے تیکنیک کا استعمال کرکے تجارت کو فروغ دیاجاسکتاہے ۔اس موقعہ پر مقامی خواتین پر زور دیاگیاکہ وہ مشروم کے کاروبار سے جڑجائیں ۔
پونچھ میں ناجائز تجاوزات ہٹائی گئیں
حسین محتشم
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کی ہدایت پر اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالحمید شیخ کی قیادت میں میونسپل کمیٹی کے افسران نے وارڈ نمبر تین اور بس اڈہ پر کھڑی کی گئی نا جائز تجاوزات کو منہدم کردیا۔ چیف ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی ارشاد صوفی نے بتایا کہ وارڈ نمبر تین میں محمد اسلم نامی ایک شخص نے نالی کے اوپر قبضہ کررکھاتھاجس کی خبر انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو دی جس پر انہوںنے ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ کی قیادت میں ٹیم تشکیل دے کر جائے واردات کا ملاحظہ کیا اورمشین لگاکر غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ ٹیم نے بس اڈہ کے پاس پھر سے کی گئی غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کا بھی دعویٰ کیاہے ۔ ارشاد صوفی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری جائیداد کو تحفظ دیں اور اس پر قبضہ نہ کریں۔
ملازمین کوڈیوٹی کا پابند رہنے کی تلقین
ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے دفاتر کا اچانک معائنہ کیا
بختیار حسین
سرنکوٹ// ایس ڈی ایم سرنکوٹ نریش کمار ڈینگرہ نے تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما کے ہمراہ سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔اس دوران انہوںنے ریکارڈ کامعائنہ کرکے ملازمین کو تلقین کی کہ وہ ڈیوٹی کے پابند رہیں اور اپنا کام ایمانداری سے سرانجام دینے کی کوشش کریں ۔ڈینگرہ نے زیڈ ای او دفتر سرنکوٹ کا معائنہ کیا جہاں انہوںنے ریکارڈ چیک کیا ۔انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ چھٹیوں کے دوران کوئی بھی نجی تعلیمی ادارہ کھلا نہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ اگر کوئی ادارہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتاہے تواس کی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ایس ڈی ایم نے نجی کوچنگ سنٹروں کے مالکان کو بھی ہدایت دی کہ وہ سکول کی ڈیوٹی کے وقت کوئی بھی ٹیچر کوچنگ نہ کرائے نہیںتو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ اگر کوئی ٹیچر چھٹیوں کے دنوںمیں کوچنگ کرواناچاہے تواس کیلئے اسے باضابطہ اجازت لیناپڑے گی ۔انہوںنے موقعہ پر ہی زیڈ ای او کو ہدایت جاری کی کہ غیر قانونی طور پر چل رہے پرائیویٹ سکولوں کو بند کیاجائے ۔دریں اثناء ایس ڈی ایم نے محکمہ امورصارفین کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا اور ریکارڈ کا معائنہ کیا ۔انہوںنے تحصیل سپلائی افسر کو ہدایت دی کہ ہر ایک علاقے میں بروقت راشن تقسیم کیاجائے اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ کسی بھی غریب کا حق نہ ماراجائے ۔انہوںنے کہاکہ راشن کارڈ سے محروم لوگوںکویہ کارڈ فراہم کئے جائیں ۔ انہوںنے سی ڈی پی او دفتر کا معائنہ بھی کیا اور آنگن واڑی مراکز کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہوئے بروقت غذائیت کی تقسیم پر زور دیا ۔انہوںنے ملازموں کو تنقید کی کہ وہ ڈیوٹی کے پابند رہیں اور اپناکام ایمانداری سے کریں۔
این ایچ ایم ملازمین تنخواہوںسے محروم
بختیار حسین
سرنکوٹ //نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے شکایت کی ہے کہ انہیں وقت پر تنخواہ نہیں دی جاتی ۔سرنکوٹ کے دوردراز علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ان ملازمین کاکہناہے کہ ان سے کام تو برابر کروایاجاتاہے لیکن وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی نہیںہوتی جس کی وجہ سے گھریلو سطح پر مالی مشکلات کاسامناہے ۔ ان کاکہناہے کہ وقت پر تنخواہ کا حصول ان کا حق ہے لیکن جب بھی اس سلسلے میں کسی سے بات کی جائے تو آگے سے رعب دکھایاجاتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں پہلے سے ہی بہت کم تنخواہیں دی جاتی ہیں لیکن وہ بھی وقت پر نہیں ملتی ۔ملازمین کاکہناہے کہ ان کی ڈیوٹی بھی دور دراز علاقوں میں ہے جہاں آنے جانے میں کئی گھنٹے بیت جاتے ہیں اور ان کا کام مشقت بھراہے ۔ ایک ملازم نے بتایاکہ جہاں دیگر جگہوں پر تنخواہیں دے دی گئی ہیں وہیں سرنکوٹ میں وہ اس ماہ کی تنخواہ کا انتظار کررہے ہیں جبکہ آج پندرہ تاریخ ہوگئی ہے ۔ انہوںنے مانگ کی کہ گھریلو مشکلات کو دیکھتے ہوئے تنخواہیں واگزار کی جائیں ۔اس سلسلے میں جب بلاک میڈیکل افسر سرنکوٹ ڈاکٹر ذوالفقار احمد سے بات کی گئی تو انہوںنے بتایاکہ رقومات کی عدم دستیابی کے باعث تنخواہیں نہیں دی جاسکی تاہم انہوںنے اس بارے میں چیف میڈیکل افسر سے بات کی ہے اوراور یقین ہے کہ آئندہ تین چا ردن میں فنڈ زآجائیںگے جس کے ساتھ ہی تنخواہیں ادا کردی جائیںگی ۔بی ایم او کے مطابق سبھی ملازمین کو پچھلے مہینے کی تنخواہ دے دی گئی ہے اور صرف اسی مہینے کی تنخواہ رہتی ہے جو بھی جلد دے دی جائے گی۔