راجوری//عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے خوراک، امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذعالفقار علی نے درہال میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا۔کیمپ کے دوران وزیر نے کئی وفود اور لوگوں کے ترقیاتی اور دیگر مسائل سُنے۔ لوگوں نے حکمرانی کا عمل لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وفود نے سڑک رابطوں، تعلیم، بجلی، پانی ، روز گار اور صحت سے جڑے شعبوں کے مسائل کو اُجاگر کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے وعدہ بند ہے اور اس ضمن میں دیہی علاقوں کی ترقی کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دیا جارہا ہے۔درہال حلقے کی ترقی کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لئے کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے جارہے ہیں جن میں33 کروڑ درہال پروری سڑک اور6.5 کروڑ شکر مرگ سیاحتی پروجیکٹ شامل ہیں۔ذوالفقار علی نے کئی مسائل کو حل کرنے کی موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔اس سے پہلے انہوں نے3.5 کلو میٹر باغ۔ چٹی باٹی سڑک کا بھی افتتاح کیا۔ یہ سڑک2.25 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے نادیاں سے کھیتان تک سڑک تعمیر کرنے کے لئے30 لاکھ روپے جبکہ کمیونٹی ہال مکمل کرنے کے لئے12 لاکھ روپے واگذار کئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر شاہد اقبال چوہدری، ایس ایس پی یوگل منہاس، اے سی ڈی نور عالم، سی ای او آر ڈی اے ڈاکٹر طاہر فردوس، ایگزیکٹو انجنئیرس صدیق وانی، نثار خان، منشی خان، اے ڈی ایف سی ایس اینڈ سی اے جاوید اقبال اور دیگر ضلع افسران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔