کالابن میں جشن ولادتِ محسن کائنات منایا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر//سید مہر علی شاہ نے اپنے آبائی گائوں کالابن اواں میں میلاد مصطفیٰؐکی تقریب کا اہتمام کیا۔اس موقعہ پر علماء و مقررین نے سیرت اور صورت مصطفیٰؐ پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ مولانا فاروق احمد مصباحی امام و خطیب جامع مسجدپونچھ نے محسن کائنات کی مبارک زندگی کے مختلف گوشوئوںپرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج انسانیت خصوصاً امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کی اصل وجہ یہ ہے کہ مسلمانان عالم قرآن و حدیث سے دور ہوتے جا رہے ہیں ۔مولانا فاروق احمد مصباحی نے کہا کہ قران اور حدیث کی تعلیمات کے ذریعہ ہی مشرکین اور منافقین کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں نوجوان نسل کو دین متین کی طرف راغب کرنے کی د عوت عام دیتے ہوئے کہا کہ اسی راہ پر چل کر دنیاوی اور اُخروی مصائب کی فلاح بھی ہے اور پریشانیوں کا سد باب ممکن ہے۔اس موقعہ پر روحانی بزرگ سید مہر علی شاہ نے امت مسلمہ کی اتحاد و اتفاق کے لئے دعا کی ۔سید بشارت حسین شاہ امام و خطیب جامع مسجد سرنکوٹ نے کہا کہ امتِ مسلمہ کی بدحالی اور مظلومیت کی اصل وجہ یہ ہے کہ آج مسلمانانِ عالم محسن کائنات کے بتائے ہوئے اصولوں سے انحراف کر چکے ہیں جس کی وجہ سے عالمِ اسلام کو بے شمارمشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے عقائد اور اعمال کا محاسبہ کرنا ہو گااور اس رسوائی اور خفت کی اصل وجہ تلاش کرنی ہو گی۔
راہل گاندھی کے انتخاب پر جشن منا یاگیا
طارق شال
تھنہ منڈی// راہل گاندھی کے بطور کانگریس صدر کے انتخاب پر انٹک نے تھنہ منڈی میں جشن منایا ۔ انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس نے ٹاؤن حال تھنہ منڈی میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں محکمہ پی ایچ ای کے مستقل و عارضی ملازمین نے شرکت کی۔ انٹک ضلع صدر طاہر احمد شال نے کانگریس کمیٹی کے فیصلہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے جس نے ہندوستان پر ساٹھ سال حکومت کی اور ملک کو ترقی کی بلندی تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب اور مختلف زبانیں بولنے والے لوگ رہتے ہیں اورکانگریس نے سبھی کو ایک لڑی میں پروئے رکھا جبکہ بھاجپا فرقہ پرست جماعت ہے جو ملک کو توڑنے کی سازشیں رچ رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ملک کی نوجوان نسل راہل گاندھی پر بھروسہ کرتی ہے اور راہل پر بھاری ذمہ داری ڈالی گئی ہے جو یقینا وہ پورا کرنے میں کامیاب ہوںگے ۔
اکلاویا ماڈل رہائشی سکولوں کے قیام کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//پہاڑی ایکشن فورم کے عہداداران نے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر کے بھیرہ علاقہ میں اکلاویا ماڈل رہائشی سکول کی طرز پر پہاڑی طلباء کیلئے سکول قائم کئے جائیں ۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایڈووکیٹ شوکت چوہدری، محمد اعظم فانی،حاجی خورشید میر ،حاجی محمد صادق، ماسٹر عنایت اللہ خان، خورشید احمد خان، معروف مغل،شوکت علی خان، محمد رزاق خان، محمد بشیر خان نے کہاکہ ریاستی حکومت پہاڑی طبقہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے بھی اسی قسم کے سکول پورے خطہ پیر پنچال میں قائم کرنے کے اقدامات کرے تاکہ وہ بھی مقامی سطح پر بہتر تعلیم حاصل کرنے کے خواب کو پورا کرسکیں ۔انہوںنے کہا کہ پہاڑی طبقہ کے بچوں کے ساتھ نا انصافی نہ کی جائے اور آج تک حکومت نے طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو شیڈیول ٹرائب کا درجہ بھی نہیں دیا ۔انہوںنے کہاکہ مزید ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور وقت ضائع کئے بغیر ایسے ہی سکول ہر جگہ کھولے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ اکلاویا ماڈل رہائشی سکول بھیرہ میندھر کا خیر مقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایسے مزید سکول قائم کئے جائیں تاہم پہاڑی طلباء کو نظرانداز نہ کیاجائے تاکہ وہ بھی اس مسابقتی دور میں مقابلہ کرنے کے اہل ہوسکیں ۔
سڑک حادثے کاشکار خاتون دم توڑ بیٹھی
حسین محتشم
پونچھ// ایک ہفتہ قبل لورن سے پونچھ آرہی بس جو چنڈک کے مقام پر حادثے کاشکار ہوئی تھی ، میں زخمی ہونے والی ایک خاتون دم توڑ بیٹھی ۔خورشید بیگم زوجہ محمد فاروق ملک ساکن بنوت تحصیل حویلی ضلع پونچھ کو حادثے میں زخمی ہونے کے بعد نازک حالت میں جموں منتقل کیاگیاجہاں وہ ایک ہفتہ تک زیر علاج رہی تاہم جاںبر نہ ہوسکی اور بالآخر دم تو ڑ بیٹھی ۔بعد میں اس کی نعش کو پونچھ لایاگیاجہاںاسے آبائی گائوں میں سپرد خاک کردیاگیا۔ واضح رہے کہ اس حادثے میں دیگر کئی لوگ بھی زخمی ہوئے تھے۔
منجاکوٹ میں 6گاڑیوں کے چالان
پرویز خان
سرنکوٹ//منجاکوٹ میں پولیس نے ناکے لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران چھ گاڑیوں کے چالان کاٹے گئے ۔ایس ایچ او منجاکوٹ اعجاز حیدر اور سب انسپکٹر وکرم کی قیادت میں پولیس نے جگہ جگہ ناکے لگا کر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ۔اس دوران چھ گاڑیوں کے چالان کاٹے گئے اور ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت دی گئی ۔ایس ایچ او منجاکوٹ نے کہا کہ قانون سب کے لئے یکساں ہے اور اس کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان لڑکے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں جن کے والدین سے اپیل ہے کہ وہ انہیں بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں تاکہ حادثے سے خود کو بچایاجاسکے۔
گجرات اور ہماچل پردیش میں کامیابی پر بھاجپا کا جشن
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ کے کارکنان اور لیڈران میں گجرات اور ہماچل پردیش میں پارٹی کی اکثریت سے کامیابی پر جشن منایا۔ دونوں ریاستوں کے انتخابی نتائج آنے کے بعد پونچھ میں ایم ایل سی پردیپ شرما اور ریاستی سکریٹری سنیل گپتا کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں شامل پارٹی کارکنوں کے ہاتھوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے پرچم تھے اوروہ خوشی سے سرشار نظر آرہے تھے ۔اس دوران انہوںنے بی جے پی زندہ باد، نریندر مودی زندہ باد کے نعرے لگا تے ہوئے ایک دوسرے میں مٹھائیاں بھی تقسیم کیں ۔ اس دوران پردیپ شرما نے کہا کہ گجرات اور ہماچل پردیش کی اسمبلیوں کے انتخابی نتائج عوام کی طرف سے وزیر اعظم نریندرمودی کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نتائج سے یہ ثابت ہوگیاہے کہ لوگ مودی جی کو چاہتے ہیں اور وہ بھارتیہ جنتا پارٹی پر بھروسہ کرتے ہیں ۔دریں اثناء نوشہرہ میں بھی بھاجپا کارکنان نے پارٹی کی دو ریاستوں کے اسمبلی چنائو میں کامیابی پر جشن منایا اور ڈھول باجے بجاکر خوشیوں کا اظہار کیا۔
ماڈل رہائشی سکول کا خیر مقدم
پہاڑی طلباء کا بھی خیال رکھاجائے
جاوید اقبال
مینڈھر//پی ڈی پی کے ضلع نائب صدر ماسٹر محمد دین پسوال اور گوجر بکروال مشاورتی بورڈ کے ریاستی ممبرمحمد صادق چوہدری نے مینڈھر کے بھیرہ علاقے میں اکلاویا ماڈل رہائشی سکول کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کیاہے ۔اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ اس سکول سے شیڈیول ٹرائب طبقہ کے طلبا کو تعلیم حاصل کرنے کی بہتر سہولیا ت ملیں گی ۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی پہاڑی طلبا کا خیال بھی رکھنا چاہیے جن کو بھی ایسی ہی مشکلات کاسامناہے ۔انہوںنے کہا کہ فوری طور ریاستی حکومت کو پہاڑی طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے بچوں کے لئے بھی ایک سکول کھولنا چاہیے تاکہ ان کے بچے بھی تعلیم حاصل کر سکیں۔انہوںنے کہا کہ وہ وزارت برائے قبائلی امور حکومت ہند کے شکر گزار ہیں لیکن ایسے سکول ہر جگہ کھولے جائیں ۔ان کاکہناتھاکہ سرحدی علاقوں میں بسنے والے لوگوںکو ایک جیسی مشکلات کاسامناہے اور پہاڑی طلباء کیلئے بھی ایسے ہی سکولوں کی ضرورت ہے ۔ان کاکہناتھاکہ حکومت کو سب کے ساتھ یکساں سلوک کرناچاہئے ۔