جموں //جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے محکمہ تعلیم کے حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران اکیڈمک بنیادوں پر ریاست میں تعینات کئے گئے 10+2 لیکچراروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ صوبائی کمشنر جموں ایم کے بھنڈاری ، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ اور ناظمِ تعلیم جموں رویندر سنگھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ سیکرٹری تعلیم نے سپیکر کو تعینات کئے گئے ان لیکچرروں کی موجودہ صورتحال اور اُن کے مطالبات کے بارے میں جانکاری دی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ نے ان لیکچرروں کے مسائل کا جائیزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور کمیٹی کی 14 نومبر 2017 کو منعقدہ پہلی میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ ناظمِ تعلیم کشمیر اور جموں 10+2 کنٹریکچول لیکچراروں سے متعلق عداد و شمار جمع کر کے انہیں ایڈمنسٹریٹو محکمہ کو بھیج دیں گے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ متعلقہ ڈائریکٹوریٹوںسے یہ تفصیلات ابھی موصول نہیں ہوئی ہیں ۔ سپیکر نے متعلقین سے کہا کہ وہ اکیڈمک بنیادوں پر وقتاً فوقتاً تعینات کئے گئے 10+2 لیکچراروں کے جائیز مطالبات پرغور کریں ۔ محکمہ تعلیم نے ان مسائل پر غور کرنے کی میٹنگ میں یقین دہانی کرائی ۔