’گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی حوصلہ افزا‘
بی جے پی کے بھاری اکثریت کے دعوے بے بنیاد:رویندرشرما
جموں//جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی نے گجرات کے اسمبلی انتخابات میں راہول گاندھی کی قیادت میں گجرات میں حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے اسمبلی انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی کوسخت ٹکردینے اورحوصلہ افزانتائج حاصل کرنے کیلئے راہول گاندھی کومبارکبادد ی ہے ۔ ترجمان اعلیٰ رویندرشرمانے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھاجپاجوکہ گجرات میں بھاری اکثریت سے جیتنے کے دعوے کررہی تھی وہ سب کھوکھلے ثابت ہوئے ،حالانکہ سال 1995 سے یہ پارٹی گجرات میں برسراقتدار ہے ،ان انتخابات سے صاف ظاہرہوگیاہے کہ عوام بی جے پی سے بیزارہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی گجرات میں 150نشستیں حاصل کرنے کے دعوے کرتی تھی مگر صرف دوہندسو ں پرسمٹ کررہ گئی اورکانگریس کے ووٹ بنک میں قابل قدراضافہ ہواہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے پارلیمنٹ اجلاس کوایک ماہ تاخیرسے شروع کرایا اورتمام مرکزی وزراء اورخودوزیراعظم گجرات میں ڈیرہ ڈالے رہے۔
کنڈی علاقوں کے چارچھوٹے پھل پرتحقیق
پھیپھڑوں کے کینسرکے علاج کیلئے معاون:ڈاکٹروکاس
جموں//ڈاکٹروکاس شرما اسسٹنٹ پروفیسر (بائیوکیمسٹری) سکاسٹ جموں نے جموں کے کنڈی علاقوں میں چارسال کی تحقیق کے دوران پایاہے کہ یہاں پر چارپھل ایسے ہیں جوپھیپھڑوں کے کینسرکوکم کرنے کیلئے معاون ہیں۔ڈاکٹروکاس شرمانے پی ایچ ڈی اسکالر نونیت کورکے ہمراہ چارچھوٹے پھلوں مثلاً بائیل،جامن ،کرونڈااورفالسہ پرتحقیق کی جس سے انہیں یہ معلوم ہواکہ طبی نکتہ نگاہ سے یہ پھل پھیپھڑوں کے کینسرکیلئے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیرمیں کینسرکے کیسوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے اوران معاملا ت میں پھیپھڑوں کاکینسرزیادہ ہے جوکہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ سرینگرمیں یہ معاملہ 898 ہیں جبکہ جموں صوبہ میں ان کی تعداد853 ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں کے کنڈی علاقوں کے یہ چارپھل پھیپھڑوں کے کینسرکے علاج کیلئے کافی اہم ہیں۔
اکاؤنٹنٹس جنرل اورسابق وائس چانسلرگورنر سے ملاقی
جموں//اکاؤٹینٹ جنرل ( آڈٹ ) سوشیل کمار ٹھاکر اور اکاؤٹینٹ جنرل ( اکاؤنٹس اینڈ انٹائیٹلمنٹ شورجو چیٹر جی نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ ان دو اکاؤٹینٹس جنرل نے گورنر کو ریاستی حکومت کے کام کاج کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جانکاری دی ۔ اس موقعہ پر اُن اقدامات کو بھی زیر بحث لایا گیا جو ریاست کی سرکاری مشنری میں شفافیت اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں ۔ گورنر نے اکاؤٹینٹس جنرل کو جانکاری دی کہ سی اے جی کی پہلے کی رپورٹوں کی بنیاد پر انہوں نے ریاستی حکومت کو اعلیٰ افسروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی صلاح دی تھی تا کہ سی اے جی کی رپورٹوں پر مزید کاروائی اور ان کی عمل آوری کویقینی بنایا جا سکے ۔ گورنر نے یہ معاملہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ بھی اٹھایا ہے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے لازمی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ دریں اثناجموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر آر شرما نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے ریاست میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو درپیش مسائل کے علاوہ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں کو معیار کی بلندیوں تک لے جانے کیلئے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔
آئی آئی آئی ایم کے زیراہتمام
ساتویں ٹری ٹاک برسی منعقد
جموں/ انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹگریٹو میڈیسن جموں کی طرف سے آئی آئی آئی ایم فارم چٹھا جموں میں ساتویں ٹری ٹاک انورنسی کا اہتمام کیا گیا ۔ پروگرام میں سی سی ایف ڈاکٹر او پی شرما کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب پر مقررین نے اس طرح کے پروگراموں کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت لوگوں کو ارد گرد کے پیڑ پودوں اور جڑی بوٹیوں کے فوائد کے بارے میں روشنا س کرایا جاتا ہے ۔ماہرین نے کہا کہ پیڑ پودے انسانی زندگی کے لئے بے حد لازمی ہے کیونکہ ان سے ہمیں کھانا، گھاس پھوس اور ایندھن بھی حاصل ہوتا ہے۔ مقررین نے ادویاتی اور خوشبو دار پیڑ پودوں کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا ۔
کویندر گپتا کی صدارت میں روگی کلیان سمتی میٹنگ
گاندھی نگر حلقے کے طبی اداروں کے کام کاج کا جائیزہ لیا
جموں //جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا کی صدارت میں گاندھی نگر حلقے کی روگی کلیان سمتی کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ سپیکر جو روگی کلیان سمتی کے چئیر مین بھی ہیں ، نے طبی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے ، مریضوں کو بہم سہولیات اور دیگر کاموں کا تفصیل سے جائیزہ لیا ۔ سی ایم او جموں ڈاکٹر سنجے ترکی کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ شاستری نگر ، ڈگیانہ ، نانک نگر ، بٹھنڈی اور سینک کالونی کے اربن ہیلتھ مراکز کا جائیزہ لیتے ہوئے سپیکر موصوف نے ان اداروں میں بہتر طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مراکز میں پینے کا صاف پانی بھی دستیاب رکھا جانا چاہئیے ۔ کویندر گپتا نے کئے گئے کام کو آگے بڑھاتے ہوئے طبی سہولیات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ عام لوگ استفادہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت شعبے میں بہبودی سکیموں کو من و عن عملایا جانا چاہئیے ۔ اس موقعہ پر موجود افسروں نے انہیں درپیش معاملات و مسائل ابھارے جن کے تناظر میں سپیکر موصوف نے یقین دلایا کہ حکومت ان مراکز کے کام کاج میں بہتری لانے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔
شرنارتھی ایکشن کمیٹی کے وفدکی گورنرسے ملاقات
جموں //جموں کشمیر شرنارتھی ایکشن کمیٹی کا ایک 13 رُکنی وفد اس کے صدر ایس گردیو سنگھ کی قیادت میں آج یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقی ہوا ۔ وفد نے گورنر سے درخواست کی کہ وہ مرکزی اور ریاستی سرکاروں پر زور ڈالیں کہ وہ پی او کے میں اُن کی جائیداد کا معاوضہ دلانے کیلئے ایک جامع نقشہ راہ تیار کریں ۔ وفد نے 1947,1965 اور 1971 ڈی پیز کیلئے 20000 کروڑ روپے پیکج کے تحت نقد امداد واگذار کرنے کے کام میں تیزی لانے پر بھی زور دیا ۔ وفد نے کئی دیگر معاملات بھی گورنر کے سامنے رکھے ۔ گورنر نے جے کے ایس اے سی کو جانکاری دی کہ انہوں نے اُن کے مسائل مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ اٹھائے ہیں اور وہ دوبارہ سے یہ مسائل اُن کے نوٹس میں لائیں گے ۔
آئی ٹی اور کھیل کود کے وزیر گورنر سے ملاقی
جموں //انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم اور کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے یہاں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ وزیر موصوف نے گورنر کو اُن کے ماتحت مختلف محکموں کے کام کاج اور ریاست میں کھیل سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے وزیر کو صلاح دی کہ وہ 2018 میں ریاستی سطح پر تمام اضلاع کیلئے کھیل سرگرمیوں اور مقابلوں پر مشتمل پہلے ہی ایک کلینڈر جاری کریں ۔ انہوں نے سپورٹس محکمے پر زور دیا کہ وہ نشاندہی شدہ کھیلوں میں بین ریاستی چیمپین شپ کا انعقاد کریں تا کہ ریاست جموں کشمیر کے کھلاڑیوں کی کھیل صلاحیتوں کو نکھار بخشا جا سکے ۔
’ریفرکی گئی اسامیوں کو جلد پُر کیاجائے ‘
ویری کی پبلک سروس سلیکشن بورڈ کوہدایت
جموں//مال، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر اے آر ویری نے جموں وکشمیر پبلک سروس سلیکشن بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ محکمہ مال کی طرف سے ریفر کی گئی اسامیوں کو پُر کرنے کے عمل میں تیزی لائیں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار جے کے ایس ایس بی کے نمائندوں کے ساتھ نائب تحصیلدار، پٹواریوں اور دیگر اسامیوں کو پُر کرنے کے عمل کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لینے کے دوران کیا۔میٹنگ میں ایڈوکیٹ جنرل جے اینڈ کے جہانگیر اقبال گنائی، کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنائت اللہ، فائنانشل کمشنر مال لوکیش جھا، سیکرٹری قانون عبدالمجید بٹ،ممبر جے کے ایس ایس بی مُشیر احمد مرزا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر نے متعلقہ محکمہ کی طرف سے ریفر کی گئی اسامیوں کی تفاصیل طلب کیں۔وزیر نے جے کے ایس ایس بی کو ہدایت دی کہ ان اسامیوں کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر پُر کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی سرگرمیوں کو موثر ڈھنگ سے جاری رکھنے کے لئے تعلیم یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔انہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ لگاتار ڈی پی سیز کا انعقاد کریں اور ملازمین کی ترقی سے متعلق التواء میں پڑے معاملات کو بھی فوری طور سے کلئیر کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کمشنر سیکرٹری مال سے کہا کہ وہ تحصیلدار وں کی کنفرمیشن کا معاملہ بھی جے کے پبلک سروس کمیشن کے ساتھ اُٹھائیں تا کہ کمیشن کی طرف سے اُبھارے گئے اعتراضات کو دُور کیا جاسکے۔
نائب وزیر اعلیٰ کا لداخ کا دورہ
کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا
لیہہ // نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے لداخ کے دورے کے دوسرے روز لیہہ کی مارکیٹ میں زیر زمین کیبلنگ کے کام کا افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹ253.31 لاکھ روپے کی لاگت سے عملایا گیا ہے۔اس موقعہ پر ایل اے ایچ ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر سونم داوا کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔اس سے پہلے نائب وزیر اعلیٰ نے چو کھانگ وہارا میں لوسر تقریبات میں بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو لوسر کی مبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار پورے لداخ خطے کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے۔ اس دوران ایل بی اے کی طرف سے انہیں مطالبات پر مبنی ایک یاداشت پیش کی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات کو متعلقین تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے خطے کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کونسل کی ستائش کی۔بعد میں ڈاکٹر سنگھ نے دریائے انڈس پر ایک پُل کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکاریں لداخ کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے پُر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس پُل کو3.17 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔کونسل کے سی ای سی ڈاکٹر سونم داوا نے اس پُل کے مکمل ہونے پر لوگوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس کی بدولت لوگوں کو عبور ومرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے19 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی17 کلو میٹر لمبی چوگلمسر۔ ہیمنس سڑک کا بھی افتتاح کیا۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے کئی دیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی معائنہ کیا۔اس دوران انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں تا کہ لوگوں کو فائدہ مل سکے۔