ڈاک بنگلہ راجوری میں نیشنل کانفرنس کااجلاس
ترقیاتی کاموں کو مکمل کئے جانے پر زور دیا
عظمیٰ نیوز
راجوری //نیشنل کانفرنس بلاک راجوری کی ایک میٹنگ ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقد ہوئی جس کی صدارت آفتار لون بلاک صدرنے کی ۔ آفتار لون نے اس میٹنگ میں بولتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار عوامی مسائل کے ممکنہ حل کو لیکر سنجیدہ ہوجائے اور عوام کوبنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پیش پیش رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تین سالہ دورمیں ریاستی مخلوط سرکار نے عوام کے حقوق کا بے پناہ استحصال کیا ہے جس کا خمیازہ عام اور سادہ لوح لوگوں کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جو سرکار عوام کو بجلی پانی اور راشن بروقت مہیا نہیں کررہی ہے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے ریاستی سرکار سے یہ بھی بتایا کہ راجوری ضلع کو نظر اندازکرنا عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے ۔ آفتار لون نے مزید کہا کہ پچھلے پانچ ماہ سے منریگا میں کام کررہے غریب لوگوں کی اجرتیں اب تک واگزار نہیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔وہیں بلاک صدر آفتار لون نے بتایا کہ راجوری میونسپل کمیٹی کے لئے سالانہ منصوبے میں رقومات کا اضافہ کیا جائے تاکہ تعمیروترقی میں رخنہ پیش نہ آئے ۔ وہیں میٹنگ میں جن دیگر لوگوں نے اپنے مطالبات رکھے ان میں یوتھ صدر مطیع الرحمان ، سردار نرمل سنگھ ، بشیر مرزا، وشوپال گپتا، کلبیرسنگھ ، اقبال بٹ ، ظہیر بٹ ، پرویز وانی ، محمود چارک، خادم حسین اور وقار خان شامل ہیں۔
جامع غوثیہ ہائی اسکول کے طلباء کا میلادؐجلوس
مینڈھر //جامع غوثیہ ہائی اسکول مصطفی نگر کے طلبا نے ربیع الاول کے آخری لمحات میں بڑی عقیدت و محبت کے ساتھ جلوس نکالا ہاتھوں میں سرکار کی آمد مرحبا کے پرچم لہراتے ہوے مصطفی نگر سے مینڈھر بازار کا چکر لگایا انکے ہمراہ اسکول کی پوری ٹیم کے علاوہ انتظامیہ بھی ساتھ رہی بچوں نے سرکار کی آمد مرحبا کی کی صدائیں بلند کی اور یہ پیغام دیا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم تمام جہاں کے لیے رحمت ہیں اور انکے آنے سے اندھیرا ختم ہوا تھا اور اور تعلیم کی روشنی دنیا کو نصیب ہوئی تھی محسن انسانیت کی آمد کی خوشی ہر فرد پر ضروری ہے اور جب جب بھی ربیع الاول کا مہینہ شروع ہو گا حضور کی آمد کے جشن مناتے رہیں گے ۔
سماج سیواسوسائٹی کا وفدایکسین فلڈکنٹرول سے ملاقی
بیتاڑ نالہ اور پونچھ ندی کے کناروں پر پختہ باندھ کی تعمیر کامطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کی سماجی تنظیم سماج سیوا سوسائٹی کا ایک وفد ایکسین محکمہ ایری گیشن و فلڈ کنٹرول سے ملاقی ہوا۔جہاں انہوں نے عوامی مسائل سے موصوف کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ ستمبر2014میں آئے سیلاب کے دوران بیتاڑ نالے کے کناروں پر بنائے گئے باندھ ٹو ٹ گئے تھے اس کے بعد سے اب تک وہاں نئے باندھ تعمیر نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس نالہ کے کناروں پر آباد لوگوں کی زمین ، زراعت و مکانوںکو ہر سال سیلاب کے دوران نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے اس دوران موصوف کو ایک تحریری میمورینڈم بھی پیش کیا جس میں سماج سیوا سوسائٹی کے چیرمین یوگل کشور کے ذریعہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ بیتاڑ نالے کے کناروں پر پختہ باندھ تعمیر کروائے جائیں تاکہ لوگوں کو مزید نقصانات نہ ہوں۔ایکسین نے وفد میں شامل تمام لوگوں کے مطالبات بغور سنے اور تحریری میمورینڈم کا مطالعہ کرنے کے بعد انھیں یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے پہلے ہی ایک منصوبہ تیار کر کے اعلیٰ حکام تک پہنچا چکے ہیں جس کی منظوری کے بعد بیتاڑ نالہ اور پونچھ ندی کے کناریوں پر پختہ باندھ تعمیر کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال محکمہ کوشش کررہا کہ مستقبل میں لوگوں کو مزید
نقصان نہ پہنچے۔
پردیپ شرما کابنوت میں عوامی دربار
حسین محتشم
پونچھ//ایم ایل سی پونچھ پردیپ شرما کی جانب سے پونچھ ضلع کے دور دراز علاقہ جات میں عوامی دربار لگانے کا سلسلہ جاری ہے ۔اس سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے بنوت میں ایک عوامی اجلاس منعقد کیا جس میں ڈھوکری اور بنوت کے عوام نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔اس اجلاس کے دوران مقامی لوگوں نے بجلی،پانی اور راشن جیسے مسائیل کو اُجاگرکرتے ہوئے کہا کہ انھیں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ایم ایل سی پردیپ شرما نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں پارٹی اعلیٰ حکام کی جانب سے سخت ہدایت ہے کہ وہ گائوں گائوں محلہ محلہ پہنچ کر عوام کے مسائیل سن کر انھیں حل کریں۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ ہر گائوں جا کر عوامی اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ عوام کسی بھی وقت رابطہ کر کے اپنے مسائیل بتا سکتے ہیں تاکہ ان کو حل کیا جا سکے۔انہوں نے مقامی لوگوں کو شکریہ ادا کی کہ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کا ہمیشہ تعاون کیا۔اس دوران ریاستی سکریٹری جموں و کشمیر سنیل گپتا نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی عوام کے مسائیل حل کرنے پر وعدہ بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو پریشانیاں لوگوں کو درپیش ہیں ریاستی اور مرکزی سرکا ر ان کے ٹھوس حل کے لئے کوشاں ہیں ۔انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائیل حل کئے جائیں گے۔
دھندی تڑہ کے وارڈوں میں پانی کی قلت
بختیار حسین
سرنکوٹ//تحصیل سرنکوٹ سے تقریبا سات کلو میٹر کی دوری پر واقع گائوں دھندی تڑہ کے وارڈ نمبر چار اور گاوں کلر کٹل متووالا کے وارڈ نمبر سات کے لوگ کثیر تعداد میں پی ایچ ای دفتر سرنکوٹ میں جمع ہوئے اور محکمہ پر غفلت شعاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بالکل پانی نہیں ہے اور محکمہ کا کوئی بھی ملازم ہمارے وارڈوں میں نہیں جاتا ہے۔لوگوں نے کہا کہ کئی بار ہم نے پی ایچ ای دفتر کا دورہ کیا اور اپنی پریشانی افیسران کے سامنے رکھی لیکن عرصہ دو سال گزرنے کے بعد بھی ان کے مطالبات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا جاتا ہے۔لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کو خبردار کیا کہ ان کے وارڈوں میں اگر پانی کا فوری بندوبست نہ کیا گیا تو احتجاج کیا جائے گا۔
اڑی کے وارڈنمبر43اور5کے لوگ پریشان
دوہفتوں سے بجلی ٹرانسفارمرمرمت نہ کرنے پراظہارتشویش
مینڈھر//مینڈھر کے اڑی گاؤں کی وارڈ نمبر 3 4 اور 5 میں دوسرا ہفتہ گزرنے پر بھی محکمہ نے ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں کروائی جس سے مقامی لوگوں میں سخت غصہ پایا جا رہا ہے ۔محمد پرویز ،محمد قدیر ،ایاز احمد ،بشیر احمد، ممتاز احمد، سید اکبر، رحیم دات، نصیر احمد عابد حسین، ساجد خان راشد خان وغیرہ نے بتایا کہ ہم نے کئی مرتبہ ٹرانسفارمر کے خراب ہونے پر محکمہ کو مطلع کیا کہ تین مشینوں اور سینکڑوں بجلی کنیکشن پر 100 کے وی ٹرانسفارمر لوڈ نہیں اٹھا سکتا بار بار خرابی ہونے پر مہینوں ہفتوں انتظار کرنا پڑتا ہے کئی مرتبہ محکمہ نے وعدہ بھی کیا کہ یہاں ڈھائی سو کیوی ٹرانسفارمر لگایا جائے گا مگر وعدہ وفا نہیں ہوا اور لوگ آئے روز بجلی کی دستیابی نہ ہونے سے پریشان ہوتے رہتے ہیں لوگوں نے کہا کہ ہم سے ہر ماہ کا کرایہ وصول کیا جاتا ہے مگر ہمیں بجلی نصیب نہیں ہوتی لوڈ سے ہر تیسرے دن فیس اڑنا اور ٹرانسفارمر جلنے کا مسئلہ سالوں سے چل رہا ہے اور اب تک اس پریشانی کا حل نہیں کیا جا رہا لوگوں نے تحصیل و ضلع انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوے کہا کہ اگر جلد ڈھائی سو کیوی کا ٹرانسفارمر نہیں نصب کیا گیا تو سڑک بند کر کے احتجاج کیا جاے گا ۔
تھنہ منڈی میں دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر
طارق شال// تھنہ منڈی کے عظمت آباد میں دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عظمت آباد میں دو منزلہ رہائشی مکان گیس سلینڈر کے پھٹنے سے مکمل خاکستر ہو گیا ہے۔ محمد شبیر اور محمد فرید پسران مرحوم محمد اختر کے مکان کی دوسری منزل میں رہائش پذیر حلیمہ بیگم زوجہ شوکت حسین کے گھر میں موجود رسوئی گیس سلنڈر، سے گیس خارج ہونے سے آگ لگ گئی۔ جس سے یہ خاتون گھبرا کر چلانے لگی۔ اس خاتون کی چیخ و پکار سننے کے بعد قریب کے گھر سے اظہر محمود ولد محمد خورشید بھی موقع پر پہونچا۔ جب گیس سلنڈر پھٹ گیا اسوقت آگ نے دوسری منزل کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا گیس سلنڈر کے پھٹنے سے دھماکہ ھوا جسکو سن کر دور دور سے رشتہ دار اور پڑوسی موقع پر آئے۔ جنہوں نے آگ بجھانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ آگ کی واردات کی خبر جونہی تھنہ منڈی پولیس کو ملی اس وقت ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار۔اور کچھ ہی دیر کے بعد سب ڈویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخارا حمد چوہدری موقع پر پہونچے جنہوں نے فائر سروسز کی گاڑی کو طلب کیا۔ جب تک فائر سروسز کی گاڑی راجوری سے موقع واردات پر پہونجتی تب تک آگ کی واردات میں تمام سازو سامان آگ کی نذر ھو گیا۔ آگ کے شعلوں سے اظہر محمود ولد محمد خورشید زخمی ھوا جبکہ حلیمہ کوثر آگ کا منظر دیکھ کر بیہوش ہوگئی۔ جنکو تھنہ منڈی کے ہسپتال میں سرکاری ایمبولینس میں لا یاگیا۔ جنکو ڈاکٹروں نے علاج معالجہ کے بعد واپس گھروں کو واپس بھیج دیا۔
سڑک حادثات میں 6افرادزخمی
راجوری//ضلع کے دومختلف مقامات پرسڑک حادثات میں چھ افرادزخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایک آٹوزیرنمبری JK11 3487جو جواہر نگرسے منڈی کی طرف جارہاتھاجونالی میں گرپڑاجس کی وجہ سے چارافرادزخمی ہوگئے جنھیں ضلع ہسپتال منتقل کیاگیاہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہربتائی جاتی ہے۔ایک دیگرحادثے میں ایک دوپہیہ گاڑی چلڈرن پارک کے نزدیک حادثے کاشکارہوئی جس کے نتیجے میں یاسین حسین اوراس کاولدفیض حسین زخمی ہوگیا۔دونوں زخمی کوعلاج کیلئے ضلع ہسپتال پہنچایاگیاہے۔پولیس نے حادثات کی رپورٹ درج کرلی ہے۔
پراسرارطورپرلاپتہ لڑکالڑکی بازیاب
راجوری//راجوری پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ پراسرارطورپرجموں سے لاپتہ ہوئے ایک لڑکے اورایک لڑکے کواس نے بازیاب کرلیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جموں پولیس نے اطلاع دی تھی کہ گذشتہ شام سے ایک لڑکااورایک لڑکی پراسرارطورپرلاپتہ ہیں جس کے پیش نظرراجوری پولیس نے سیکورٹی سخت کردی ۔گذشتہ شام خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بس سٹینڈراجوری سے وہ تھنہ منڈی کی طرف جانے کی کوشش میں ہیں جس کے بعد پولیس ٹیم نے موقعہ پرپہنچ کرانہیں گرفتارکرلیااورتحقیقات شروع کردی ہے۔
محکمہ پی ایچ ای کی گاڑیوں کوزبردستی روکنے کامعاملہ
پولیس ٹیم پرپتھرائو،ایس ایچ اوسمیت چاراہلکارزخمی
جاویدمینڈھر
مینڈھر //محکمہ پی ایچ ای کی ٹیوب ویل کھودنے والی گاڑیاں اپراڑی میں کچھ مقامی لوگوں نے روک لی تھیں جن کونکلوانے کیلئے ایس ڈی ایم مینڈھرکی ہدایت پرپولیس کی جانب سے مداخلت کی گئی لیکن مقامی لوگوں نے گاڑی نکلوانے کی کوشش کوپتھرائوکرکے ناکام بنادیا،پتھرائو کے نتیجے میں ایس ایچ اوگورسائی سمیت پولیس کے چاراہلکارزخمی ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ محکمہ پی ایچ ای کی کچھ گاڑیاں اپراڑی میں کچھ لوگوں نے روک رکھی تھیں ،انتظامیہ کی ہدایت پران روکی ہوئی گاڑیوں کونکلوانے کیلئے ہرنی اورگورسائی پولیس موقعہ پرپہنچی ،لیکن مقامی لوگوں نے پولیس ٹیم پرپتھرائوکیا،جس وران پولیس نے آنسوگیس بھی چھوڑی،تاہم پتھرائو کی وجہ سے چارپولیس اہلکارزخمی ہوگئے ہیں جن میں ایس ایچ اوگورسائی بھی شامل ہے ۔اس واقعہ کے بعدایس ڈی ایم مینڈھرموقعہ پرپہنچے اورحالات کاجائزہ لے رہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے بتایاکہ پولیس پارٹی پرپتھرائوکی وجہ سے ایس ایچ اوگورسائی سمیت چارپولیس اہلکارزخمی ہوئے ہیں تاہم علاقہ میں حالات قابومیں ہیں۔