جموں// جموں وکشمیر کے تینوں خطوں میں جمعہ کے روز سکھ مذہب کے دسویں گورو، گورو گوبند سنگھ جی کا 351 واں جنم دن یعنی ’گوروپورب‘انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ جموں وکشمیر کے گورنر این این ووہرا، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور دیگر سیاسی لیڈران نے گوروپورب کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وادی اورجموں میں شدید سردی کے باوجود جمعہ کی علی الصبح سے ہی سکھ براداری سے وابستہ افراد کا گردواروں پر تانتا بندھا رہا جہاں شبد کیرتن کی محفلیں آراستہ کی گئیں۔گوروپورب کے سلسلے میں خصوصی تقریبات کا انعقاد جموں کے متعدد گردواروں بشمول چاند نگر میں واقع گروارہ شری گورو نانک دیو جی میں بھی کیا گیا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں سکھ عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ خطہ لداخ میں بھی گورو پورب کے سلسلے میں تقریبات منعقد ہوئی ہیں۔ وہیں وادی میںکشمیری مسلمان اور کشمیر پنڈت سکھوں کو گورو گوبند سنگھ جی کے جنم دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔ سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی(رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نذدیک میں ہی واقع ہیں ۔ سکھ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے جمعہ کی علی الصبح سے ہی اِس گردوارے پر حاضری دینا شروع کیا۔ اِس موقع پر سکھ عقیدتمندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، بڈگام، صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کی دوسری مقامات بشمول جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ اور مٹن میں بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔دریں ثنا ریاستی گورنر این این ووہرا اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو گورو گوبند سنگھ جی کے جنم دوس پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں گورنر نے کہا کہ گورو گوبند سنگھ جی ایک بہادر جنگ باز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک فلسفی اور شاعر بھی تھے جو مساوت ، بھائی چارے اور خواتین کیلئے عزت و احترام پر مبنی سماج کے لئے کوشاں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم گورو کی تعلیمات ایک بہتر اور منصفانہ معاشرتی نظام کے قیام کے لئے مثعل راہ ہیں ۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ یہ مبارک دن ریاست کے لئے امن ، ترقی اور خوشحالی ، مذہبی روا داری اور بھائی چارے کا پیامبر بن کر آئے گا ۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیرا علیٰ محترمہ مفتی نے کہا کہ اس عظیم گورو کی تعلیمات ایک مساوی اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر مذہبی ہم آہنگی کا مسکن رہا ہے اور ایسی تقاریب اور تہوار بین طبقاتی روابط مزید مستحکم بنانے میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست کے عوام کی خیرو عافیت کے لئے دعا کی۔