جموں //امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ مخلوط سرکار حکمرانی کے نظام میں مزید شفافیت اور جوابدہی لانے کی وعدہ بند ہے ۔ گاندھی نگر اور اودھمپور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا یہ ہے کہ ریاست کے ہر ایک فرد کو ترقی کے برابر کے مواقعے دستیاب ہوں اور یہ کہ سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے لوگوں کو اُن کی دہلیز پر جوابدہ حکمرانی فراہم کرنے اور اُن کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے مخلوط سرکار قایم کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رشوت خوری کا خاتمہ کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں میں لوگوں کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے کام کر رہی ہے ۔ چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ہر ایک خطے کو برابر کے مواقعے دستیاب کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے ورکروں کو یقین دلایا کہ حکومت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں کئی انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکے ۔ انہوں نے ورکروں کو پارٹی کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ترقیاتی سرگرمیوں کی بدولت لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت میں کافی بہتری آئی ہے ۔ وزیر نے ترقیاتی عمل کو دوام بخشنے کیلئے مقامی انتظامیہ کے افسروں کے درمیان باہمی تال میل کی ضرورت پر زور دیا تا کہ سکیموں کی موثر عمل آوری بھی ممکن ہو سکے ۔ ذوالفقار علی نے پروجیکٹوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے لوگوں کا تعاون طلب کیا ۔ اس موقعہ پر ایڈوائیزری بورڈ برائے شیڈول کاسٹ کے وائس چئیر مین بھوشن لال ڈوگرہ اور پی ڈی پی کے جنرل سیکرٹری وید پرکاش مہاجن کے علاوہ کئی دیگر لیڈران بھی موجود تھے ۔