جموں//ڈوگرہ صدر سبھا کی جانب سے کیپٹن پرکاش سنگھ کی کی صدارت میں راجندر سنگھ پورہ ضلع سانبہ میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میںسابق وزیر ٹھاکر گل چین سنگھ چاڑک مہمان ِ خصوصی تھے۔جبکہ کرن سنگھ جموال نائب صدر ڈی ایس ایس اور گھمبیر دیو سنگھ چاڑک مہمانانِ اعزای تھے۔اس میٹنگ کا اہتمام رمپو جموال اور دیگر مقامی نوجوانوں کی طرف سے کیا گیا تھا ۔ رمپو جموال نے مہمان خصوصی اوردیگر شخصیات کا خیر مقدم کیا۔مقررین نے اس موقعہ پر اپنی تقاریر میں منشیات ،بے روز گاری اور جموں کے تعلیم یافتہ بے روز گاروں کے ساتھ کئے جارہے امتیازی سلوک اور دیگر عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔جی ایس چاڑک نے اس موقعہ پر نوجوانوں سے کہا کہ وہ تخریب کاروں سے ہوشیار رہیںجو کہ خطہ جموں میں صدیو ں پرانے بھائی چارے کو درہم برہم کرنے کی مزموم کوشش کرتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی۔انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ ہندوستان اور پاکستان کی سرحدوں چوکسی کو مزید سخت کرے ۔تاکہ منشیات کی سمگلنگ کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔اس کے علاوہ انہوں نے حکومت سے مزید کہا کہ وہ جموں کے ساتھ سرکاری نوکریوں میں بھرتی ، رقومات کی تقسیم میں امتیازی سلوک کو فوری طور پر بند کر دے۔انہوں نے مرکزی وساطت والی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔