جموں //جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر چودھری لال سنگھ نے فارسٹ گارڈ ٹریننگ سکول دومی اکھنو ر میں زیر تربیت فارسٹ گارڈس پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور مشنری جذبے کے تحت انجام دیں ۔وزیر اس ادارے میں فارسٹ گارڈس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔جنگلات کے پی سی سی روی کیسر ، ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ کے چیئرمین بی سدھارتا ، چیف وائیلڈ لائف وارڈ ن منوج پنتھ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر موصوف نے جموں خطے سے تعلق رکھنے والے 50اور 51ویں بیچ کے تربیت پانے والوں سے کہا کہ وہ اس تربیت کا بھرپور فائدہ اٹھا کر جنگلات کو تحفظ دینے میں ایک اہم رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ فارسٹ سکولوں اور اداروں کو جنگلات محکمہ میں ریڈھ ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور حکومت ان اداروں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ان سکولوں اور اداروں میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔چودھری لال سنگھ نے کہا کہ فارسٹ گارڈ سبز سونے کے محافظ ہیں اور انہیں اس اثاثے کو تحفظ دینے کے لئے جانفشانی کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔اس سے قبل وزیر نے فارسٹ گارڈ ٹریننگ سکول دومی میں آر پی سنگھ روزری کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے وہاں کچھ پودے بھی لگائے ۔بعد میں وزیر نے تربیت پانے والے 58فارسٹ گارڈ س میں اسناد اور مومنٹوز تقسیم کئے۔