جموں//مال، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو کو ایک حوصلہ مند بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد دی ہے جو سماج سے تعلق رکھنے والے تمام شراکت داروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے جن میں عام لوگ ، ملازمین ، تاجر، کاروباری افراد ، نوجوان اور پسماندہ افراد شامل ہیں ۔وزیر نے کہا کہ دیہی معیشت اور پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کی طرف خصوصی توجہ دینے کے سلسلے میں یہ بجٹ ریاست کے تمام سیکٹروں بالخصوص باغبانی اور مقامی صنعتوں کو فروغ دینے میں موثر ثابت ہوگا۔انہوں نے وزیر خزانہ کی اُن کوششوںکو بھی سراہا جن کے تحت ملازمین کی ضروریات کو مد نظر رکھا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ملازمین کیلئے ساتویں پے کمیشن کی سفارشات پر عمل در آمد ، گروپ میڈکلیم پالیسی ،ایشوڑ کیئریر پراگریشن سکیم ، ملازموں کووقت پر جی پی ایف کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں 12ہزار کروڑ روپے کی کارپس فنڈ کو معرض وجود میں لانے و دیگر سہولیات قابل ذکر ہے ۔وزیر نے بجٹ کو ریاست کے بجٹری تاریخ میں ایک نیا باب درج کرنا قرار دیا اور کہا کہ اس قدم کی بدولت ریاست میں تعمیر و ترقی کے امکانات روشن ہوں گے۔ویری نے محکمہ مال کے لئے وزیر خزانہ کی طرف سے خصوصی اقدامات کئے جانے کا بھی خیر مقدم کیا۔