جموں//پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر کی صدارت میں پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مقام جموں میں پی سی سی ایگزیکٹو کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سینئر لیڈروں بشمول متعدد قانون سازیہ ارکان نے شرکت کی ۔اس دوران ریاست میں آئندہ منعقد ہونے جارہے چنائو پرپنچائتوں اور بلدیاتی اداروں سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔جی اے میر نے پارٹی کے سبھی سطح کے کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں متحرک ہو جائیں تاکہ ان انتخابات میں کانگریس کے امید وارں کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔میر نے کہا کہ موجودہ سرکار نے اگرچہ سر پنچوں کو بلواسطہ منتخب کرنے کے عمل سے ریاست میں ان بنیادی جمہوری اداروں کو کمزور کیا ہے لیکن پنچوں کے بلاواسطہ انتخابات سے ان اداروں کو مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔جی اے میر نے کہا کہ کانگرس جماعت ہمیشہ سے ہی ان بنیادی جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے کوشاں رہی ہے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کانگرس پارٹی صوبہ جموں آئندہ متعدد مقامات پر میٹنگوں کا اہتمام کرے گی جبکہ ماہ رواں کی 24تاریخ کو جموں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو موجودہ ریاستی سرکار کی ناکامیوں کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔میٹنگ میں سینئر نائب صدر شام لال شرما،سی ایل پی لیڈراین ریگزن جورا، تارا چند،تاج محی الدین ، رمن بھلہ ، جی ایم سروری کے علاوہ ممبران قانون سازیہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس سے قبل گنگیال میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی اے میر نے کہا کہ موجودہ سرکار ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ۔ مکر سکرانتی کے حوالہ سے منعقدہ اس تقریب میں رمن بھلہ، ستیش شرما، بلدیو سنگھ وزیر اور دیگران بھی موجودتھے۔