منجاکوٹ //کٹھوعہ واقعہ پر منجاکوٹ میں لوگوں نے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا جس کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ پر آدھے گھنٹے تک گاڑیوں کی نقل و حرکت بند رہی ۔مظاہرین نے آصفہ کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ جلد سے جلد درندہ صفت عناصر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے نہیں تو اس سے بھی بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوںگے ۔ توصیف اعظم مغل صابری اور ریٹائرڈ انسپکٹر منشی خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرکار کٹھوعہ میں ہوئے انسانیت سوز واقعہ پر خاموش بیٹھی ہے اور کوئی کارروائی نہیں کررہی ۔انہوںنے کہاکہ جو سرکار بچوںکو تحفظ نہ دے سکے ، اسے مستعفی ہوجاناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت بیٹی بچاو بیٹی پڑھائو کے بڑے بڑے دعوے کر رہی ہے وہیں دوسری جانب کٹھوعہ میں آٹھ سالہ کمسن بچی کی زندگی سے کھلواڑ کیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ یہ واقعہ وحشیوں کا کام ہے جنہیں سخت سزا دی جائے اورانہیں اس دنیا میں جینے کا حق نہیں ہوناچاہئے ۔