جموں//صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے کہا ہے کہ حکومت نے نبارڈ کے تحت بشناہ ، آر ایس پورہ اور حلقہ انتخاب سوچیت گڑھ کیلئے 41.38 کروڑ روپے کی 14 سکیمیں صحت عامہ سیکٹر کے تحت منظوری کیلئے بھیجی ہیں ۔ صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول محکمے کے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان علاقوں میں پینے کے پانی کی سہولیات میں بہتری لانے اور اس کی تقسیم کاری میں استحکام لانے میں مدد ملے گی ۔ یہ سکیمیں چولہ ، سلہار ، مرالیاں ، سوچیت گڑھ ، بڈیال قاضیاں ، چک آگرہ ، کوٹلی ارجن سنگھ ، چک بازہ ، مولہ چک بھائیاں ٹبھا ، چک حاسل ، چک ماجھا اور کوٹلی چرکھاں دیہات میں چالو کی جائیں گی ۔ ان سکیموں پر جاری کام میں سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان سکیموں کی بدولت پینے کے پانی کی بڑھتی ہوئی مانگ اور آبپاشی کی ضروریات پوری ہوں گی ۔ انہوں نے ہینڈ پمپوں کو مرمت اور بحال کرنے ، واٹر سٹیشنوں پر مشینری کو سنبھالنے کی ہدایت دیتے ہوئے افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقے کے لوگوں کو پینے کے پانی اور آبپاشی سہولیات میں کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ حلقہ انتخاب بشناہ میں صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول سیکٹروں کے تحت جاری پروجیکٹوں پر کام کا جائیزہ لیتے ہوئے میٹنگ میںبتایا گیا کہ حلقہ انتخاب میں 46 واٹر سپلائی سکیمیں کام کر رہی ہیں ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ لگ بھگ ایک درجن واٹر سپلائی سکیموں پر تعمیراتی کام جاری ہے ، چند ایک سکیموں کے ڈی پی آر منظوری کیلئے بھیجے گئے ہیں ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ نبارڈ کے تحت 9 ٹیوب ویل اور 144 ہینڈ پمپ کھودے گئے ہیں ۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نبارڈ سکیم کے تحت 11 مزید ٹیوب ویل کھودے جائیں گے ۔ چیف انجینئر پی ایچ ای جموں ، چیف انجینئر ایری گیشن فلڈ کنٹرول جموں کے علاوہ جموں اور سانبہ اضلاع کے سینئر انجینئروں نے میٹنگ میں شرکت کی ۔