ریاستی کونسل برائے فروغِ اُردو کا قیام تاریخ ساز فیصلہ :تحریک بقائے اُردو
جموں//ریاست جموں و کشمیر کی سرکاری زبان اُردو کی ترویج و ترقی اور بقا کے لئے ــ’’ریاستی کونسل برائے فروغ اُردو ‘‘ کے قیام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے تحریک بقائے اُردو کے صدرعرفان عارف نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو ،وزیر تعلیم سید الطاف بخاری ،وزیر امور ِ صارفین و عوامی تقسیم کاری چودھری ذوالفقارعلی، پرنسپل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن ساموں ،رکن ایوان ِ بالا ظفر اقبال منہاس کو مبارک بادی کے ساتھ ساتھ شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُردو کونسل کا قیام ایک تاریخ سازفیصلہ ہے ۔اس ضمن میں اخبار کے نام جاری اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ تحریک بقائے اُردو نے ریاست کی سرکاری زبان کو اس کا اصل حق و مقام دلانے کے لئے 2010 میںایک مہم شروع کی تھی اور تحریک کے سر پرست فاروق شاہ بخاری کی ہدایات پر ریاستی سطح پر تحریک کے کارکنان نے بار بار اعلیٰ حکام سے اپیل کی کے محکمہ پولیس ،محکمہ جوڈیشری ،محکمہ مال کا ریکارڈ اُردو میں منتقل کیا جائے ۔ انھوں نے مزید کہا کے ریاست میں اُردو کونسل کے قیام کا خواب ابھی بھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا اگر ڈاکٹر اصغر حسن ساموں جیسی شخصیت اس کام میں اپنی ذاتی دلچسپی نہ دکھاتے ۔اس فیصلے سے نہ صرف اُردو کے چاہنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے بلکہ انھیں یقین ہے کہ کونسل کی تشکیل پر فوری عمل ہو گا ۔ جس سے ریا ست میں اردو کی فضا ہم وا ر ہو گی۔ریاست میں اکادمی تو پہلے سے ہی موجود ہے لیکن کونسل کا دائرہ کار اس سے وسیع پیمانے پر ہو گا جو نہ صرف شاعروں ،ادیبوں اور فن کاروں کی حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ تعلیمی اداروں ،سر کا ری اور غیر سرکا ری محکموں اور دیگر ادبی تنظیموں سے بھی رابطہ قائم رکھے گی ۔ساتھ ساتھ ایک دارالترجمہ بھی قائم کیا جانا چاہئے جس سے غیر اردو کا ذخیرہ اُردو زبان میں منتقل ہو پائے ۔ تحریک بقائے اُردو ریاست کے تینوں خطو ں میں اُردو کی بقا و فروغ اور اس کے تمام حقوق کی بحالی اور عمل آوری کے ساتھ اُردو تہذیب و کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے اور اُردو کے جائز مطالبات حکومت کے سامنے پیش کرتی رہی ہے ۔ان مطالبات میں جہاں دسویں جماعت تک تمام سرکاری اسکولوں میں اُردو کو ایک لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنا ،چوک چوراہوں ،تاریخی مقامات ،سرکاری و غیر سرکاری دفاترکے بورڈ اُردو میں ہونا ،راشن کارڈ ،شادی کے کارڈ اور تمام سرکاری دفتروں میں تحریری کاروائی اُردو میں ہونا ،آئی ۔اے۔ایس ،کے۔اے۔ایس کے مسابقتی امتحانات میں اُردو کو اولیت دینا شامل رہے ہیں وہیں قومی سطح پر قائم ’’قومی کونسل برائے فروغ اردو‘‘ ادارے کی طرح جموں و کشمیر میں’’ ریاستی کونسل برائے فروغ اُردو‘‘ قائم کرنے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ۔جس کے لئے پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی کے سر پرست اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سید نے 31 مارچ 2013 کو تحریک بقائے اُردو کے وفد سے یہ وعدہ کیا تھا کہ اگر ہماری حکومت میں آئی توکونسل ضرور قائم ہو گی ۔اس سلسلے میں تحریک بقائے اُردو کے کارکنان دیگر تنظیموںکے ساتھ مل کر وقتاً فوقتاًاعلیٰ حکام اور وزرا ء سے ملاقی ہوتی رہی۔لہذا تحریک اور دیگر محبان ِ اُردو حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے ۔
لوپیڈایمپلائز فیڈریشن نے حکومتی فیصلے کوسراہا
جموں//آل جموں و کشمیر لو پیڈ ایمپلائزفیڈریشن نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہا ہے جس کے تحت ملازموں کی جانب سے ریٹائر منٹ کے وقت ملازمت کی مدت کے آخری پانچ سال کے جی پی فنڈ ود ڈراول کے سٹیٹ منٹس کو حتمی تصور کیا جائے گااس کے علاوہ فیڈریشن نے سٹیٹ لائف انشورنس کے نظام کو غیر مرکوز کرکے اسے ضلع سطح پر لے جانے کی بھی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملازموں کو کافی سہولت ہوگی۔دریں اثنا فیڈریشن چیف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملازموں او ر پنشنروں کو موجودہ وقت میں دئے جارہے میڈیکل الائونس کو ماہانہ /300روپے سے بڑھا کر کم از کم /1000روپے کرے انہوں نے کہا کہ سابق وزراء اور قانون سازیہ ارکان کو ماہانہ /5000روپے میڈیکل الائونس دیا جاتا ہے جو کہ سراسر ناانصافی او رظلم ہے کیونکہ بیماری امیر و غریب کی تمیز نہیں کرتی ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے کلرکل کیڈر میں تنخواہوں میں پائے جارہے تفاوت کو دور کرنے ، اساتذہ کے حق میں لیو ان کیش منٹ کے فوائد بڑھانے اور روز مرہ اجرتوں پر کام کرنے والے لوگوں کی یومیہ اجرت /350روپے کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔
ڈی جی پی کی آئی جی ٹریفک کووارننگ
جموں مسلم فرنٹ کاپولیس سربراہ کو نوٹس پرازسرنوغورکرنے کامشورہ
جموں//جموں مسلم فرنٹ نے ڈی جی پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک ایماندار اور دیانت دار پولیس آفیسر کو دی گئی وارننگ پرغور کریں۔مسلم فرنٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب سے بسنت رتھ آئی جی ٹریفک تعینات ہوئے ہیں شہر جموں میں بگڑے ہوئے ٹریفک نظام میں بتدریج سدھار آرہا ہے اور جموں کے لوگ ان کے کام کاج سے کافی خوش نظر آرہے ہیں۔فیڈریشن نے بسنت رتھ کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ مزید جانفشانی اور تندہی سے کام کرسکیں۔ انہوں عوام میں انتظامیہ کی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے ایسے آفیسروں کی سراہنا کو لازمی قرار دیا۔
عبدالحق خان مرکزی وزیر گری راج سنگھ سے ملاقی
ریاستی نوجوانوں کو کارخانہ داری میں تربیت دینے کی اپیل کی
نئی دہلی//دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے یہاں ایم ایس ایم ای کے مرکزی وزیر مملکت گری راج سنگھ کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست کے نوجوانوں کو اُن کی وزارت کی طرف سے مختلف ہنروں کی تربیت دینے کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر بخشی جاوید حمایوں اور ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر کپل شرما بھی تھے ۔ عبدالحق خان نے مرکزی وزیر مملکت کو ریاستی حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت دینے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے مزید کہا کہ جے کے ایس آر ایل ایم کو تین برسوں کے دوران حمایت سکیم کے تحت 1.24 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے اور اُن کی پلیس منٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے 1601.51 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست اور بیرونِ ریاست میں 1100 نوجوانوں کو مختلف ہنروں کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ عبدالحق نے ایم ایس ایم ای وزارت کا تعاون طلب کیا تا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ہنروں کی تربیت دی جا سکے ۔ گری راج سنگھ نے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی بدولت نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی تا کہ وہ باعزت طریقے پر اپنا روز گار کما سکیں ۔ وزیر نے جموں کشمیر ریاست کو قومی سکیموں کے بارے میں خصوصی مقام دلانے کی یقین دہانی کرائی اور موجودہ سکیموں کا دائرہ جموں کشمیر تک بڑھانے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔
جموں اور سرینگر شہروں میں ٹریفک کی گنجانیت کو کم کرنے کیلئے اقدامات
سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے وزیر اعلیٰ کے فیصلوں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا
جموں //ریاست کی وزیر اعلیٰ کی طرف سے 9 فروری 2018 کو ایک میٹنگ کے دوران جموں اور سرینگر شہروں میں ٹریفک کی گنجانیت کو کم کرنے کے حوالے سے جاری کی گئی ہدایات کی عمل آوری کا آج ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا گیا یہ میٹنگ سیکرٹری ٹرانسپورٹ ایم راجو کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ کے دوران شہری ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری لانے سے متعلق امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ سرینگر میں میکسی کیبس کی کلر کوڈنگ کا کام جاری ہے ۔ علاوہ ازیں شہر میں منی بسوں کی روٹ ریشنلائیزیشن کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے آر ٹی او کو ہدایت دی کہ وہ آئی ڈی ٹی آر اور آئی سی سی کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی کریں ۔ اس موقعہ پر ٹریفک نظام میں معقولیت لانے کے حوالے سے مختلف اقدامات کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ اس موقعہ پر ٹرانسپورٹ کمشنر سوغات وسواس نے کہا کہ محکمے نے رواں مالی سال کے دوران 168.51 کروڑ روپے کی آمدن کا نشانہ حاصل کیا ہے ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے محکمہ کے کام کاج میں مزید شفافیت اور جوابدہی لانے کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کو ایک معیاد بند مدت کے اندر اندر مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے کئی افسروں نے بھی شرکت کی ۔
ویری کا ایم ایل اے کرگل کی دُختر کے انتقال پراظہارتعزیت
جموں //ریونیو ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایم ایل اے کرگل اصغر علی کربلائی کی دُخر کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جو کل ممبئی میں انتقال کر گئیں ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیر نے غمزدہ کنبے کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی روح کی ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔ کربلائی کی دُختر زینت کربلائی کو جموں میں ایک گیس سلینڈر کے پھٹنے کی وجہ سے 70 فیصد زخم لگے تھے اور اسے مزید علاج و معالجے کیلئے ممبئی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا ۔ یہاں وہ انتقال کر گئیں ۔
پانچویں گورننگ کونسل کااجلاس منعقد
شرائین بورڈ سپورٹس کمپلیکس میں کھیل کودایوونٹ منعقد کرنے کافیصلہ
جموں//شرائین بورڈ سپورٹس کمپلیکس کٹڑہ کی پانچویں گورننگ کونسل کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کھیل کود کے سیکٹر کو بڑھاوا دینے کے سلسلے میں کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ میٹنگ کے دوران علاقے میں کھیل کود کے فروغ کے سلسلے میں بڑے سپورٹس ایوونٹ منعقد کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ۔ ممبر شرائین بورڈ اور گورننگ کونسل سپورٹس کمپلیکس کے چئیر مین ڈاکٹر اشوک بھان نے میٹنگ کی صدارت کی ۔ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ اور شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افیسر انشل گارگ ، ایڈیشنل سی ای او اور ممتاز کھلاڑیوں نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ان کھلاڑیوں میں سابقہ انٹر نیشنل اتھلیٹس ( ارجن ائیوارڈی ) اشونی نچاپا ، سابق بین الاقوامی آرچر ( ارجنا /درنا چاریہ ) ایوارڈ یافتہ ، سنجیوا سنگھ ، بین الاقوامی شوٹر ( ارجنا ) ایوارڈ یافتہ ، سماریش جنگ ، معروف وشو کھلاڑی اور قومی کوچ کلدیپ ہنڈو کے علاوہ ڈائریکٹر سپورٹس ایس ایم وی ڈی ایس بی اشوک کمار شامل ہیں ۔ ممبر جے اینڈ کے سٹیٹ سپورٹس کونسل رنجیت کالرا نے خصوصی مہمان کے طور پر میٹنگ میں حصہ لیا ۔ گورننگ کونسل نے شرائین بورڈ سپورٹس کمپلیکس کے 2018-19 کے ڈرافٹ کلینڈر سرگرمیوں پر غور و خوض کیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بھان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کھیل کود کے سیکٹر میں نمایاں رول ادا کرتے ہیں اور انہیں تمام سہولیات بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر این این ووہرا جو شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے خواہش ظاہر کی ہے کہ بورڈ کی طرف سے کھیل کود کی سرگرمیوں میں دیہی اور دور دراز علاقوں کے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقعہ دیا جانا چاہئیے ۔
تمدنی و ادبی فیسٹیول یو ترنگ 2018 اختتام پذیر
جموں //وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے کہا ہے کہ تمدنی اور کھیل کود کی سرگرمیوں کی بدولت نوجوانوں کی نشو و نما میں کافی بہتری درج کی گئی ہے اور اُن کی مروجہ تعلیم میں بھی بہتر صورتحال پائی گئی ہے ۔ پروفیسر مٹو یو ترنگ 2018 کی تمدنی و ادبی فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام ڈین سٹوڈنٹس ویلفئیر کلسٹر یونیورسٹی آف جموں نے کیا تھا ۔ اس ایونٹ میں پانچ کالجوں کے طلاب نے حصہ لیا جن میں جی سی ڈبلیو گاندھی نگر ، گورنمنٹ ایم اے ایم کالج ، گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس ، گورنمنٹ کالج آف جموں اور جی سی ایم سائینس کالج شامل ہیں ۔ ان کالجوں کے طلاب نے اس موقعہ پر ڈانس ، موسیقی ، کریویٹو آرٹ ، تھیٹر اور ادبی سرگرمیوں کے ذریعے فیسٹیول میں حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر وائس چانسلر جموں کلسٹر یونیورسٹی پروفیسر انجو بھسین ، رجسٹرار جموں یونیورسٹی اندھو قلم ، ڈین اکیڈمک جموں کلسٹر یونیورسٹی پروفیسر پونم داوھا ، کنٹرولر اگزامینیشن جموں کلسٹر یونیورسٹی زیڈ اے ہاشمی ، کالجوں کے پرنسپل صاحبان ،پروفیسر اور سینئر افسران موجود تھے ۔ طلاب کی ایک بڑی تعداد نے بھی فیسٹیول میں حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر امیتابھ مٹو نے وائس چانسلر و دیگر منتظمین کی کوششوں کو سراہا جن کے تحت اس موقعہ پر رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا ۔ وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا ۔ بعد میں پروفیسر مٹو اور وائس چانسلر انجو بھسین نے طلاب میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کئے ۔ جنہوں نے تمدنی و ادبی فیسٹیول میں حصہ لیا ۔
شام کے ہاتھوں کٹھوعہ میں نمائش کم میلے کا افتتاح
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے آج کہا کہ حکومت ریاست کے کونے کونے میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے سی سی ڈی یونٹ کی طرف سے بڑے پیمانے پر لوگوں کو پینے کا صاف پانی پینے کے سلسلے میں جانکاری فراہم کی جا رہی ہے ۔ وزیر کٹھوعہ میں نیشنل رورل ڈرکنگ واٹر پروگرام کے تحت منعقد کئے گئے نمایش کم میلے اور ایک ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ صحت عامہ کے وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر پینے کے پانی کی دقتیں بڑھتی جا رہی ہیں اور دستیاب پانی کے ذخائیر کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام شراکت داروں کو اپنا رول ادا کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کو جمع کرنے ، تالابوں کو صاف رکھنے اور قدرتی آبی ذخائیر کے رکھ رکھاؤ کیلئے تمام اقدامات کرنے ہوں گے ۔ اس کے علاوہ پینے کے پانی کا بہتر استعمال کرنا ہر شہری کا فرض ہے ۔ شام لال چودھری نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں میں بیداری پیدا کرنا بہت ضروری ہے تا کہ تمام لوگوں کو پینے کا پانی آسانی سے دستیاب ہو ۔ ایم ایل اے کٹھوعہ راجیو جسروٹیہ اور ایم ایل اے ہیرا نگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی سی ڈی یو کلدیپ منگوترہ ، چیف انجینئر پی ایچ ای اشوک گنڈھوترہ ، اے ڈی سی کٹھوعہ رچھپال سنگھ ، ایس ای ہائیڈرالک کٹھوعہ اشوک شرما و دیگر اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔
جی ایم سی جموں میں سینی ٹیشن مہم کا آغاز
بالی نے نرنکاری فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کو سراہا
جموں //صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں سنت نرنکاری چیری ٹیبل فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقدہ ایک روزہ سینی ٹیشن مہم کا آغاز کیا ۔ پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سونندا رینہ ، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر دھارا سنگھ ، ایس این سی ایف کے زونل ہیڈ ایس اجیت سنگھ ، نرنکاری فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضا کار اور ڈاکٹر و نیم طبی عملے کے افراد اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ایس این سی ایف بابا ہردیو سنگھ کے 64 ویں جنم دن کے موقعہ پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس طرح کی سینی ٹیشن مہموں کی بدولت یہ تنظیم ملک بھر میں صحت و صفائی یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ میڈیا افراد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس طرح کی تنظیمیں سماج میں اعلیٰ خدمات انجام دیتی ہیں اور ان کی کوششوں کی بدولت لوگوں کی صحت و صفائی قایم رہتی ہے ۔
کٹھوعہ میں پاسپورٹ سیوا کیندر کا افتتاح
اب لوگوں کوان کی دہلیز پرپاسپورٹ خدمات دستیاب ہوں گی:ڈاکٹرجتیندر
کٹھوعہ//پی ایم او دفتر میںمرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کٹھوعہ کے ہیڈ پوسٹ آفس میں پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کا اٖفتتاح کیا ۔ اس مرکز کے کھلنے کی بدولت مقامی لوگوں کو پاسپورٹ حاصل کرنے اور اُن کی دہلیز پر انہیں پاسپورٹ خدمات میسر کرنے میں سہولیت پیدا ہو گی ۔ اس مرکز کی بدولت کٹھوعہ کے 12 لاکھ شہریوں کو فائدہ ہو گا ۔ ممبر پارلیمنٹ نے اس موقعہ پر کٹھوعہ کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس مرکز کی بدولت نہ صرف کٹھوعہ ضلع کے بلکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو بھی پاسپورٹ حاصل کرنے میں سہولیت پیدا ہو گی ۔ ایم ایل اے کٹھوعہ راجیو جسروٹیہ نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی ان کوششوں کو سراہا جن کی بدولت کٹھوعہ میں اس طرح کا مرکز قایم کیا گیا ہے ۔ بعد میں ممبر پارلیمنٹ نے دو روزہ نیشنل کانفرنس آن ایمرجنگ ٹرینڈس ان ایڈاوانسڈ کمپیوٹنگ اینڈ آئی ٹی کا افتتاح کیا ۔ اس پروگرام کا اہتمام کٹھوعہ کیمپس کے ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائینسز اینڈ آئی ٹی نے کیا تھا ۔ وی سی جموں یونیورسٹی پروفیسر آر ڈی شرما ، ریکٹر کٹھوعہ کیمپس پروفیسر نریش پادھا ، ریجنل پاسپورٹ آفیسر جموں ، ڈی سی کٹھوعہ ، ایس ایس پی کٹھوعہ و دیگر ضلع افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔
سجاد لون کاپروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور
جموں//سماجی بہبود ، سائینس و ٹیکنالوجی اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگس کے وزیر سجاد غنی لون نے اپنے ماتحت مختلف محکموں کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کا جائیزہ ایک میٹنگ کے دوران لیا ۔ میٹنگ میں انتظامی محکموں کے افسران و دیگر فیلڈ کے افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں وزیر کو محکموں کی طرف سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں کے تحت ترقیاتی کاموں میں درج کی گئی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ تمام پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کے سلسلے میں وہ مقررہ اوقات پر قایم رہیں تا کہ ان سکیموں کا فائدہ عام لوگوں تک بہت جلد پہنچے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ شفافیت اور جوابدہی کا ماحول پیدا کرنے کیلئے تندہی اور ایمانداری سے اپنا کام انجام دیں ۔ وزیر نے التوا میں پڑے پینشن کیسوں کو نمٹانے کے سلسلے میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی ۔ انہوں نے نئے آنگن واڑی مراکز کو قایم کرنے کے سلسلے میں بھی مقررہ وقت اور آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کی تعیناتی کی بھی ہدایات دیں ۔وزیر نے آئی سی ڈی ایس سکیم کے تحت جاری کام کا بھی جائیزہ لیا اور افسروں کو ہدایت دی کہ اس سکیم کو بہتر طریقے سے چلانے کیلئے کام کریں ۔ وزیر نے سائینس ٹیکنالوجی محکمے کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کا بھی جائیزہ لیا ۔ وزیر نے دو بائیو ٹیکنالوجی پارک پروجیکٹوں اور ریجنل سائینس سنٹر کی عمل آوری کا بھی جائیزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ ان دو پروجیکٹوں پر کام جلد سے جلد شروع کیا جائے ۔
’’ جموں ٹیکس کانفرنس 2018 ‘‘
چیف جسٹس کی افتتاحی تقریب میں شرکت
جموں 24فروری 2018 ء
جموں کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس بدر دُریز احمد نے جموں ٹیکس کانفرنس 2018 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ جس کا اہتمام آل انڈیا فیڈریشن آف ٹیکس پریکٹیشنرز نارتھ زون اور ٹیکس بار ایسوسی ایشن جموں نے کیا تھا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ٹیکس ریفارمز ان انڈیا کے نئے دور میں ٹیکس پروفیشنلز کے رول پر زور دیا ۔ انہوں نے سماج میں وکلاء کے اُس رول کی ستائش کی جس کے ذریعے وکلاء لوگوں کو ٹیکزیشن نظام کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں میں صحت مند ٹیکس بار کو ترقی دینے اور ٹیکس کانفرنس کا انعقاد کرنے سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ جموں شہر کی مالی حالت بہتر ہو رہی ہے اور جموں شہر ایک کاروباری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے ہی ایوونٹ سرینگر میں بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے سینئر اور تجربہ کار پروفیشنلوں سے کہا کہ وہ ٹیکزیشن لاء کے میدان میں نئی نسل کو تربیت فراہم کریں ۔ پرذیڈنٹ ٹی بی اے جموں ایڈووکیٹ سنیل شرما نے اس موقعہ پر کہا کہ اس طرح کی قومی سطح کی کانفرنس جموں میں پہلی بار منعقد کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے ٹیکس پروفیشنلوں کو ٹیکس کے بارے میں کافی علمیت حاصل ہو سکتی ہے ۔
مستقبل کو تابناک بنانے میں موثر تعلیم کا اہم رول :فاروق شاہ
جموں//سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے مستقبل کو تابناک بنانے میں صحیح اور موئثر تعلیم کا اہم رول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے ہر فرد پریہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحیح تعلیم کا ماحول فراہم کرنے اور اسے بڑھاوا دینے کی کوششوں میں ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم کی اہمیت و افادیت کوزندگی کے کسی بھی موڑ پر فراموش نہیں کر سکتے ہیںکیونکہ تعلیم ہی وہ آلہ ہے جس کی مدد سے ہم تمام سماجی ذاتی اور پیشہ ورانہ مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔ سیکریٹر ی تعلیم نے کہا کہ تعلیم کی مدد سے انسانی زندگی کی حفاظت ممکن ہے اور اقتصادی حالت کو مستحکم بنانے ، قیمتی جانوں کو بچانے، سماج میں امن قائم کرنے ،نابرابری ، رشوت خوری اورغریبی کا خاتمہ ،جنسی تفاوت کو دور کرنے ، اچھی حکمرانی قائم کرنے اور انسانی حقوق کو حفاظت فراہم کرنے سے متعلق مختلف رموز تعلیم میں ہی پنہا ں ہیں۔انہوںنے کہا کہ صحیح تعلیم کا مقصد یہ نہیں ہے کہ ہم کافی محنت کرکے اچھے نتائج حاصل کرسکیں بلکہ پوری انسانیت کی بقا ء اور بہتری کے لئے تعلیم کو ایک آلہ بنا کر اختراعیت کو استعمال کیا جائے۔ سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر نے ایجوکیشن سیکٹر کو بڑھاوا دینے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جس کی مثال سکولوں اور کالجز کی تعداد میں اضافے کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔سیکریٹری موصوف نے کہا کہ ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی جموں معیاری تعلیم کا مرکز بن گئی ہے اور وہ دن دور نہیں ہوگا جب ہماری ریاست تعلیم کے میدان میں اول مقام کا درجہ حاصل کرکے دنیا کے تعلیمی نظام میںخاصی طور جانی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ طبی میدان میں بھی انسانی وسائل کا بھرپوراستعمال کرنا چاہیے تاکہ ہر ایک میدان میں موجودہ تقاضوں کے مطابق سہولیات بہم ہوں۔انہوں نے کہا کہ جموں خطہ میڈسن اور ہیلتھ کئیرکے میدان میں ترقی کر رہا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس شعبے کو پوری طرح سے بڑھاوا دیں تاکہ ریاست جموں کشمیر کو میڈکل ٹورزم کے مرکز کے طو ر پیش کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ ان باتوں کا اظہا ر سیکریٹری تعلیم نے آج اساتذہ بھون جموں میں(Young Brains)نامی انٹر سکول ہیلتھ کوئز مقابلے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام شری ماتا ویشنو دیوی ناراینا سپر سپیشلٹی ہسپتال کٹرا ریاسی نے کیا تھا۔اس موقعے پر مختلف سکولوں کے تقریباً 300بچوں نے شرکت کی ۔ تقریب میں محکمہ تعلیم اور شری ماتا ویشنو دیوی ناراینا سپر سپیشلٹی ہسپتال کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔