جموں کشمیر میں گورنر راج کا نفاذ ناگزیر: بھیم سنگھ
بی جے پی پی ڈی پی سرکار کو برخاست کرنے کیلئے متحدہ کوشش پر زور
عظمیٰ نیوز
جموں//پینتھرس سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ نے امن اور یکجہتی میں یقین رکھنے والے تمام نوجوانوں اور سیاسی گروپوں سے مودی حکومت کو جموں وکشمیر کی بی جے پی ۔پی ڈی پی حکومت کو برخاست کرنے کے لئے مجبور کرنے کیلئے ہاتھ ملانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں بلا تاخیر گورنر راج لگایا جانا ہی ملک کے اتحاد اور امن کے مفاد میں ہے جس سے جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کو بھی تمام بنیادی حقوق حاصل ہوسکیں جو ملک کے باقی تمام ہندستانی شہریوں کو حاصل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی موجودہ حکومت کو برخاست کرکے گورنر راج نافذ کرنا اور نئے سرے انتخابات کرانا ہی تمام مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے۔یہاں جاری پریس ریلیز میں پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی نے ہندستان کی پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ وقت کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے قومی اتحاد و یکجہتی کو مضبوطی فراہم کرنے کے لئے فوری طورپر کارروائی کرے جس سے کشمیر سے کنیا کماری تک پورے ملک کا ایک ہی پرچم اور ایک ہی آئین ہو۔انہوں نے ہندستان کے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ قومی یکجہتی کونسل (این آئی سی) کی فوری طورپر ہنگامی میٹنگ طلب کریں جوان کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی بی جے پی۔ پی ڈ ی پی حکومت پور ی طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ریاست میں پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی پر محفوظ نہیں ہے، دہشت گرد فوج کے جوانوں کو ڈیوٹی پر ہلاک کررہے ہیں، ریاست میں حکومت اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ بیرون ملک سے اعانت یافتہ کچھ مفاد پرست لوگ ملک کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اسلامی املاک پر ناجائز قبضوں کا بڑھتا رحجان باعث تشویش : اصلاحی کمیٹی
عظمیٰ نیوز
جموں//صوبہ میں اسلامی املاک پر ناجائز قبضہ کے بڑھتے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے گوجر بکروال اصلاحی کمیٹی نے الزام لگایا ہے کہ ایسے عناصر کو آر ایس ایس اور بی جے پی لیڈران کی پشت پناہی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ مخلوط سرکار کے بر سراقتدار آنے کے بعد اس سلسلہ میں مزید تیزی آ گئی ہے ، کٹھوعہ،سانبہ،جموں،ریاسی،ادہم پور،رام بن ، خاص طور آر ایس پورہ،مڑھ بلاک،اکھنور وغیرہ میں قبرستانوں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔چھتریاں سچیت گڑھ30کنال وقف اراضی پر سرکاری طور سٹیڈیم تعمیر کردیا گیا،ٹبہ چوہانہ آر ایس پورہ چومالہ،گیگاں قبرستانوں کوJCV لگا کر مسمار کیا جا رہا ہے۔کمیٹی کے جنرل سیکرٹر ی چوہدری اختر نے کہا ہے کہ بارہا یہ معاملات سرکار کے نوٹس میں لائے گئے،ڈویژنل کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ،ایس ایس پی و اعلیٰ حکمرانوں کو بھی بتایا گیا لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا۔بے بس مجبورقوم کو ہراساں کرنے کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔مسلمانوں کی املاک کا ریکارڈ نذر آتش کر کے غیر مسلموں کے نام درج کئے جا چکے ہیں، قبرستانوں کی نوعیت بھی سازش سے تبدیل ہو گئیں ہیں۔کئی مقامات پر وقف قبرستانوںمیں میت دفنانے ہی نہیں دی جاتی ہے۔پولیس خاموش محکمہ مال نشان دہی کے نام پر معاملات کو ہی دبا دیتاہے۔انہوں نے کہا کہ وقف کونسل نے جو وکیل مقررکئے ہوئے ہیںانہوں نے شائد ہی کوئی کیس جیتا ہو۔
محبوبہ اور وزارکاممبر اسمبلی گلمرگ کے ساتھ اظہار تعزیت
جموں//وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی کی والدہ کے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ مرحومہ آج نئی دلی میں انتقال کر گئی۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔وزارتی کونسل نے ایم ایل اے ٹنگمرگ محمد عباس وانی کی والدہ کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کیا۔نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، مال کے وزیر عبدالرحمان ویری، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو، وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ،باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری، وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری، تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر، ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر جاوید مصطفی میر، سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی ، سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون، صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عمران رضا انصاری، صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت ، دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان، جنگلات کے وزیر چودھری لال سنگھ، امداد باہمی کے وزیر چیرنگ دورجے ، خوراک اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی ، صحت عامہ کے وزیر شیام لال چودھری، پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی ، مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش، ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما، تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی، جنگلات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد اور خزانہ کے وزیر مملکت اجے نندا نے مرحومہ کے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحومہ کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے۔
متعدد اراکین قانون سازیہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقی
جموں//کئی ارکان قانون سازیہ نے آج یہاں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات اور اپنے اپنے معاملات ان کی نوٹس میں لائے۔جو ارکان نے محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوئے ان میں جاوید حسن بیگ ، عبدالرحیم راتھر، شاہ محمد تانترے ، دلیپ سنگھ پریہار شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر ایک معیاد بند مدت کے اندر غور کیا جائے گا۔
کلرکل سٹاف ایسوسی ایشن کاوزراء واعلیٰ عہدیداران سے ملاقی
جموں//جموں کشمیر اینڈ لداخ آل ڈیپارٹمنٹس کلرکل سٹاف ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر بابو حسین ملک کی قیا دت میں وزیر خزانہ ، چیف سیکرٹری ،پرنسپل سیکرٹری ہوم اور پرنسپل سیکرٹری خزانہ کے ساتھ ان کے دفاتر میں ملاقات کی۔وفد نے کلرکل کیڈڑ ملازموں کی تنخواہوں میں پائے جارہے تفاوت کو دور کرنے، جونئر اسسٹنٹوں کو 4000.6000پری روائزڈ،سنئر اسسٹنٹوں کو 4500.7000اور ہیڈ اسسٹنٹوں کو 5500.9000پے سکیل دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملازموں کی یہ ایک دیرینہ مانگ ہے ۔ وفد نے اس مانگ کو پورا کرنے اور کلریکل کیڈر میں تنخواہوں میں پائی جارہی تفاوت کو دور کرنے کے لئے ہائی کورٹ کے تاریخ ساز فیصلہ کو من و عن عملی جامہ پہنانے کے ضرورت پر زور دیا ۔وفد میں اشوک سنگھ ، یش پال شرما،میناکشی شرما،بھارت بھوشن کوتوال،رمیش سنگھ ، منیش شرما،وکاس چندر ، سیوا رام راٹھور،ارون شرما، فریدابانو،مختیار سنگھ،محمد صادق،نریش شرما اودھے سنگھ پٹھانیہ اور دیگران شامل تھے۔
کرائم برانچ نے جعلسازکوگرفتارکیا
جموں //کرائم برانچ جموں نے ایک شخص سروپ لال گلاریہ ولد منگارام ساکنہ وارڈ نمبر 4 کوٹھی موڑبڑی براہمناںکو گرفتار کیا ہے جو کہ دھوکہ دہی کے متعدد معاملوں میں ملوث ہے۔کرائم برانچ کے مطابق مذکورہ شخص نے سرکاری نوکری دینے کا جھانسہ دیکرکئی افراد سے رقومات حاصل کی ہیں۔اس کے علاوہ یہ شخص دھوکہ دہی کے اور بھی کئی معاملات میں ملوث ہے۔اس سلسلے میں مزید کئی دھوکہ بازوں کی گرفتاری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔کرائم برانچ ٹیم کی قیادت انسپکٹر عابد رفیقی کررہے تھے۔