جموں//ضلع بانڈی پورہ کے اَجس قصبہ میں ڈگری کالج کے قیام کی مانگ کو لے کر تحصیل ویلفیئر کمیٹی کے اراکین نے منگل کے روز پریس کلب کے احاطہ میں زور دار احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ قصبہ اجس تحصیل ہیڈکوارٹر ہے اور یہاں گوجر بکروال اور دیگر پسماندہ طبقات کی بھاری تعداد رہائش پذیر ہے جو اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کے لئے دیگر شہروں میں بھیجنے کی سکت نہیں رکھتے اس لئے اجس میں فی الفور ڈگری کالج قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل اجس سونہ وار، بانڈی پورہ حلقہ جات کا مقام اتصال ہونے کے علاوہ مانسبل سے لے کر نادی بل تک کے علاقہ جات کیلئے پہنچ والا علاقہ ہے ، ضلع بانڈی پورہ کے قلب میں واقعہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہر موسم میں قابل آمد و رفت رہتا ہے اس طرح یہاں قرب و جوار کے بچے بچیاں با آسانی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو کالج کے قیام میں ہر ممکن تعائون کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں کثیر تعداد میں اراضی اور دیگر لوازمات دستیاب ہیں اس لئے فی الفور کالج کے قیام کا حکم صادر کیا جائے۔