جموں //ویشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) جموں یونٹ نے دھمکی دی ہے کہ اگر سرمائی دارالحکومت جموں میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کو فوراً سے پیشتر جموں بدر نہیں کیا گیا تو یہ جماعت ایجی ٹیشن شروع کرے گی جس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ ’روہنگیا پناہ گزینوں کو جموں میں برداشت نہیں کیا جائے گا‘ کہتے ہوئے وی ایچ پی نے کہا ہے کہ حکومت انہیں کشمیر میں بسائیں۔ وی ایچ پی کی یہ دھمکی جموں میں جمعرات کو ہولی کے تہوار کے موقع پر بعض نوجوانوں کی طرف سے دیواروں پر ’گو روہنگیاز گو بیک‘ کا نعرہ تحریر کرنے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔ وی ایچ پی کے ایک درجن کارکن جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں ترنگا، خنجر اور پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے، نے جمعہ کو یہاں روہنگیا پناہ گزینوں کی موجودگی کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی کی قیادت کررہے وی ایچ پی لیڈر راکیش شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا ’ہم سرکار کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر اسے روہنگیا اور بنگلہ دیشی اتنے ہی پیارے ہیں تو وہ ان کو کشمیر میں بسائیں۔ جموں میں وہ انہیں برداشت نہیں کریں گے‘۔