جموں//پیرباغ کالونی سنجواں میں یک روزہ عظمت اولیاء کانفرنس کاانعقاد کیاگیا جس میں کثیرتعدادمیں علماء اورفرزندان توحیدوعاشقان رسول نے شرکت کی۔کانفرنس ہذاکی صدارت حاجی شمس اللہ کررہے تھے۔اس دوران حضرت مفتی صغیررضا،بنارس ،اُترپردیش مقررخصوصی تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مفتی صغیررضانے کہاکہ جموں وکشمیراولیاء اللہ کی سرزمین ہے ۔انہوں نے حضرت غوث الوریٰ شیخ عبد القادر جیلانی سے لے کرداتاگنج شکر، حضرت بختیارکاکی، حضرت معین الدین چشتی، حضرت صابرپاک کلیرشریف، حضرت شیخ نورالدین نورانی سمیت تمام اولیاء کرام نے ہمیشہ انسانیت کے ساتھ پیار کا درس دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ شیخ عبدا لقادر جیلانی نے ہمیشہ ظالم اور جابر حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کی ہے اورتمام اولیاء نے ان کی پیروی کی۔ مفتی صغیررضا نے ااولیاء اللہ کے مناقب پر روشی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ ایسے خوش نصیب انسان ہیں جن کو نہ کسی قسم کاخوف ہوتا ہے اور نہ ہی غم۔ اللہ پاک کے وہ مقبول بندے جواس کی ذات وصفات کے عارف ہوں اس کی اطاعت و عبادت کے پابند رہیں اور گناہوں سے بچیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے انہیں اپنا قرب خاص عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دورمیں اولیاء اللہ کی تعلیمات وملفوظات پرعمل پیراہوناوقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔اس موقعہ پرمفتی محمدآصف ملک علیمی ،قاری شبیراحمدنوری، مولانارفیق احمد،مولاناحاجی شمس اللہ، ودیگران نے عظمت اولیاء کے موضوع پرخیالات کااظہارکیا۔علاوہ ازیں کانفرنس ہذا میں سینئرنیشنل کانفرنس لیڈر شیخ مصطفیٰ کمال،عبدالمجیدبٹ ایڈوکیٹ،حاجی حسن واگے،غلام رسول واگے،حاجی غلام حسن اصغر،حاجی غلام نبی خان،عبدالحمیدحقانی ودیگران بھی موجودتھے۔عظمت کانفرنس کاانعقاد ڈاکٹرمنیرعالم پروفیسرجموں یونیورسٹی کی جانب سے کیاگیاتھااوروہ گذشتہ سات برسوں سے دینی کانفرنس کااہتمام کرتے آرہے ہیں اوراس مرتبہ کانفرنس کاعنوان ’عظمت اولیاء ‘طے پایاتھا۔اس دوران کانفرنس کی نظامت کے فرائض مفتی کاشف رضانے انجام دیئے۔