جموں//وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران پروفیسر مٹو نے گورنر کو ریاست جموں وکشمیرکے عوام کی بہبود کیلئے مختلف سطحوں پر کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر اور پروفیسر مٹو نے ریاست کے نوجوانوں کی اُمنگوں کو بڑھاوا دینے کے لئے کوششوں کو زیر بحث لایا ۔ گورنر نے کشمیر اور جموں یونیورسٹیوں کی طرف سے کشمیر اور جموں کی کلسٹر یونیورسٹیوں کو بھرپور تعاون دئیے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ادھرپی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسی سی ایشن آف کٹرہ کا ایک مشترکہ وفد پی ایچ ڈی سی سی آئی کے قومی صدر انل کھیتان کی قیادت میں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوا۔اس دوران انہوں نے جموں وکشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاواد ینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی ۔ وفد نے کہا کہ کٹرہ کے گرد و نواح میںموجود سیاحتی مقامات کی وسیع تشہیر کی جانی چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح ان کی جانب راغب ہوسکیں۔گورنر نے کٹرہ قصبے میں صفائی ستھرائی سے جڑے معاملات کو نمٹانے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے تمام متعلقین کو اپنا اپنا رول ادا کرنا چاہیئے تاکہ اس قصبے کو ایک مثالی قصبے کے طور پر ترقی دی جاسکے ۔وفد میں ان دونوں انجمنوں سے وابستہ کئی ارکان بھی شامل تھے۔دریں اثناء ریجنل ڈائریکٹر آئی سی سی آر جے اینڈ کے اور نٹرنگ کے ڈائریکٹر بلونت ٹھاکر نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوںنے آئی سی سی آر کی جموں شاخ کی حالیہ سرگرمیوں اور نٹرنگ گروپ کی ڈرامٹک کارکردگیوں کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہاکہ ان سرگرمیوں کے دوران جموں خطے کے آرٹ اور کلچر کو فروغ دینے کی طرف خصوصی توجہ دی گئی ۔گورنر نے بلونت ٹھاکر کی ستائش کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ریاست میں تھیٹر سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔