جموں //شیعہ فیڈریشن جموںنے بڈگام کے معروف عالم دین مرحوم آغاسید فضل اللہ الموسوی کے چالیسیویں کے موقعہ پر تعزیت پیش کی ہے ۔فیڈریشن کے ایک وفد جس میں عاشق خان صدر اور سرپرست اعلیٰ مولانا سید مختار حسین جعفری شامل تھے مرحوم کی رہائش گاہ پر پسماندگان کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی۔ اس موقعہ پر عاشق خان نے مرحوم کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک بے مثال شخصیت تھے جنہوںنے مذہبی اور سیاسی طور پر ایسی خدمات انجام دیں جن کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ مرحوم ولایت کے پیروکارتھے اور انہوںنے دینی لحاظ سے قو م و ملت کی خاطرگراں قدر خدمات انجام دیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ اتحاد و بھائی چارے کے بھی داعی تھے جن کی وفات سے پہنچنے والے نقصان کی بھرپائی نہیں ہوسکتی ۔ انہوںنے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعاگو ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ جموں صوبہ کی پوری شیعہ برادری کی طرف سے تعزیت پیش کرتے ہیں ۔دریں اثناء انہوں نے برطانوی حکومت کے اشاروں پر چلنے والے نام نہاد علماء کی کارروائیوںکی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ولایت کے منکر کووہ اپنا نہیں مان سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ نام نہاد علماء اس لئے تیار کئے گئے ہیں تاکہ ان کا استعمال کرکے سنی شیعہ بھائی چارے کو زک پہنچائی جاسکے اور آج یہ لوگ انہی کوششوں میں مصروف عمل ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ دنوں انہوںنے برطانیہ میں قائم ایرانی سفارتخانے پر بھی حملہ کیاتھا اور شیعہ علماء کا لبادہ اوڑھ کر یہ صہیونی و سامراجی ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں۔