جموں/ گورنر این این ووہرا نے جے اینڈ کے سٹیٹ انفارمیشن کمیشن کی طرف سے منعقدہ ایک روزہ جے اینڈ کے آر ٹی آئی ایکٹ 2009 کی عمل آوری کے سلسلے میں ایک سیمینار کا افتتاح کیا ۔ ریاست میں شفاف اور جوابدہ حکمرانی کو ترقی دینے کے سلسلے میں ’’رائیٹ ٹو انفارمیشن ‘‘ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں شفافیت لانے کے سلسلے میں آر ٹی آئی کا اہم رول مضبوط بنانا ہو گا ۔ گورنر نے تمام سرکاری افسروں پر زور دیا کہ وہ آر ٹی آئی کے ذریعے موصول شدہ درخواستوں کا مناسب جواب دیا کریں ۔ انہوں نے افسروں کی سوچ میں تبدیلی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روائتی راز داری کی جگہ شفافیت سے کام کرنا قومی مفاد میں اہم قدم ہو گا ۔ انفارمیشن کمشنر ، سنٹرل انفارمیشن کمیشن نئی دہلی بمل جُلکا نے اس موقعہ پر کہا کہ شفافیت اور جوابدہی جمہوریت کے اہم ستون ہیں ۔ چیف انفارمیشن کمشنر جے اینڈ کے خورشید احمد گنائی نے ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے ایس آئی سی کا پراگرس رپورٹ اس موقعہ پر پیش کیا ۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کہا کہ آر ٹی آئی کی عمل آوری حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ سٹیٹ انفارمیشن کمشنر محمد اشرف میر نے اس موقعہ پر شکریہ کی تحریک پیش کی ۔