جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموںمیں دریائے توی کے کنارے پر حال ہی میں قائم کی گئی مہاراجہ ہری سنگھ پارک کو عوام کے لئے کھول دیا۔نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔43کنال اراضی محیط اس پارک کو 4.72کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور اس میں جاذبیت کے تمام پہلوئوں کے ساتھ ساتھ سیر و تفریح کی ہر طرح کی سہولیات موجود ہیںجن میں اوپن ائیر جِم اور رنگ برنگی پھولوں پر مشتمل باغات بھی شامل ہیں۔محبوبہ مفتی نے پارک کا دورہ کر کے اس پارک کے رکھ رکھائو میں ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دریا کی طرف سے شجرکاری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ علاقے میں سبزے کو بڑھاوا دیا جاسکے ۔وزیر اعلیٰ نے نائب وزیر اعلیٰ جن کے پاس مکانات و شہری ترقی کا قلمدان بھی ہیں سے کہا کہ وہ شہر میں مزید مقامات کی نشاندہی کریں جہاں عوام کی سہولیت کے لئے پارکیں اور سبزہ زار قائم کئے جاسکیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے پارک میں موجود مہاراجہ ہری سنگھ کے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کی ۔انہوں نے پارک احاطے میں کافی ہاوس اور جدید طرز کی لائبریری کا بھی افتتاح کیا۔اس سے قبل وہاں پہنچنے پر نائب وزیراعلیٰ نے وزیر اعلیٰ کا والہانہ اور گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیااور انہیں اس پروجیکٹ کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش ، رکن اسمبلی راجیش گپتا اور چرنجیت سنگھ خالصا، فائنانشل کمشنر مکانات و شہر ی ترقی کے بی اگروال ، ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت شرما ، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی ایس جموال کئی دیگر اعلیٰ افسران اور کافی تعداد میں لوگ اس موقعہ پر موجود تھے۔