جموں/ /نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے سرحد پار شلنگ کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کی ہلاکت اور کئی اور لوگوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے۔دریں اثنا ءنائب وزیر اعلیٰ نے ہیر ا نگر سڑک حادثے میں کئی لوگوں کے جاں بحق اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے زخمیوں کی صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو پہلے ہی ہدایات جاری کئے گئے ہیں کہ ان زخمیوں کو معقول طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔نائب وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہوئے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعاکی۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و بازآباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر نے بل کوٹ مینڈھر میں سرحدپار کی شلنگ سے ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کے مارے جانے پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔تعمیراتی عامہ کے وزیر نعیم اختر نے میڈیکل کالج ہسپتال جموں کا دورہ کر کے دو چھوٹی لڑکیوں کی عیادت کی جو آج صبح پونچھ ضلع میں سرحد پار کی شلنگ سے زخمی ہوئیں تھیں۔وزیر موصوف نے اس حادثے پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال کے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ زخمی لڑکیوں کو بہتر طبی امداد بہم کرائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس علاقے متاثرہ آبادی تک پہنچنے کے لئے ہر طرح کے انتظامی اقدامات کر رہی ہے۔صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت اور بھیڑ و پشوپالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے بھی گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں کا دورہ کیااور وہاں ضلع پونچھ کے بالا کوٹ سیکٹر میں کراس باڈر شلنگ کے نتیجے میں دوزخمی معصوم بچیوں کے علاج و معالجہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔