جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے اساتذہ اور والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے مشترکہ اقدامات کریں تاکہ یہ بچے بڑے ہوکر ذمہ داری شہریوں کی طرح اپنی زندگی بسرکریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم رول ادا کریں۔ بالی نے طلاب میں مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ثقافت اور تہذیب کے بارے میں طلاب کو روشناس کرنا ہم سب کا فرض ہے۔رائے پورہ دومانہ میں ہقال گائوں میں منعقدہ مقامی سکولوں کے سالانہ دِن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے بچوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت فراہم کرنے میں پرائیویٹ سیکٹر کی کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سرکاری سکولوںمیں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں طلاب کو ان کی دہلیز پر تمام ممکنہ تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔اس موقعہ پر سکولوں کے پرنسپلوں نے سالانہ رپورٹ اور سکولوں کی کارکردگی کا خلاصہ پیش کیا۔سکو لوں کے طلاب نے اس موقعہ پر رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کئے ۔وزیر نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔