۔2افراد کی زہر خورانی،1ہلاک
حافظ قریشی
بنی // تحصیل بنی میں دو الگ الگ زہر کھانے کے واقعات سامنے آئے ۔لیلا دیوی زوجہ ہیم راج سکنہ کنتھل بنی کو زہر خورانی کی شکایت کے بعد بنی ہسپتال میں لایاگیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دے دیا۔ دریں اثنا انوپ سنگھ ولد منسا رام سکنہ فتح پور بنی کی حالت خراب ہونے کے بعد بنی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہے ۔ بنی پولیس نے مقدمہ درج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے
درمیانہ درجے کے تودے گرآنے کی وارننگ
جموں//ایس اے ایس ای کی طرف سے ملی جانکاری کی بناپر اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بارہمولہ ،گلمرگ ، پھرکیاں۔ زیڈ گلی اور گریز میں درمیانہ درجے کے تودے گرآنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔اسی طرح پونچھ ، راجوری ، ریاسی ، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ، اودھمپور ، اننت ناگ ، کولگام ، بڈگام ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، کپواڑہ ۔ چوکی بل ۔ ٹنگڈار، کرگل، لیہہ اضلاع اور سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ پر ہلکے تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تودے گرآنے والے علاقوں میںرہائش پذیر لوگوں کو احتیاطی اقدامات عملانے کی صلاح دی ہے ۔
شیام چودھری کا آر ایس پورہ میں عوامی دربار
نیوز ڈیسک
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے لوگوں بالخصوص سرحدی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں روبہ عمل ہے ۔وزیر موصوف آج آر ایس پورہ میں ایک عوامی دربار سے خطاب کررہے تھے جہاں انہوں نے لوگوں کی شکایات اور مطالبات بغور سنے اور انہیں حل کرنے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کئے۔سینکڑوں افراد اور وفود چوکا، جسور ، داریاں ،عبداللہ ، تلہار،خانہ چک ،کوٹلی گلابانا، فلورا و دیگر علاقوں سے وزیر نے ملے اور انہیں ترقیاتی و تعمیراتی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے کئی ٹھوس اقدامات کئے ہیں ۔اس کے علاوہ لوگوں کی بہبودی کے لئے کئی بہبودی سکیمیں شروع کی گئی ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ان سکیموں سے لوگ استفادہ کریں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آکر ریاست و مرکزی حکومتوں کی طرف سے چلائے جارہے ان سکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔علاقے بالخصوص حلقہ انتخاب سچیت گڈھ کے ترقیاتی منظر نامے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ علاقے میں کئی چھوٹے اور بڑے ترقیاتی پروجیکٹ زیر عمل ہے اور ان میں سے کئی تکمیل کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ ان پروجیکٹوں کے مکمل ہونے پر علاقے کے لوگوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔
نائب وزیر اعلیٰ کااظہار افسوس
جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج سرحد پار شلنگ کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کی ہلاکت اور کئی اور لوگوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرنی چاہیئے۔دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ نے ہیر ا نگر سڑک حادثے میں کئی لوگوں کے جاں بحق اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے زخمیوں کی صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو پہلے ہی ہدایات جاری کئے گئے ہیں کہ ان زخمیوں کو معقول طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔نائب وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہوئے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعاکی۔
جاوید مصطفی میرکا اظہار دُکھ
جموں//ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و بازآباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر نے بل کوٹ مینڈھر میں سرحدپار کی شلنگ سے ایک ہی کنبے کے پانچ افراد کے مارے جانے پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرحدی علاقوں میںرہائش پذیر لوگوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات بہم کی جانی چاہئیں۔
سپیکر کا دورۂ بٹھنڈی، ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج حلقہ انتخاب گاندھی نگر چٹھا پنڈ ، گاندھی نگر اور بٹھنڈی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ سپیکر کے ہمراہ مختلف محکموں کے افسران بھی تھے۔سپیکر نے چٹھا پنڈ لوگوں کو 250کے وی ٹرانسفارمر وقف کیا جو مستقبل میں علاقے کی بجلی سپلائی میں بہتری لائے گا۔انہوں نے نوجوانوںمیں لوڈ کیئریر تقسیم کئے اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنا روزگار عزت اور شان وشوکت کے ساتھ کمانے کی کوششیں کریں۔مختلف جگہوں پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر نے کہاکہ حکومت ریاست کے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے عمل میں بہتری لانے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت گاندھی نگر کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ایک ماڈل حلقہ انتخاب بنانے کی کوششیں کر رہی ہے ۔
قانون ساز کونسل چیئر مین دلائی لامہ سے ملاقی
جموں//جموںوکشمیر قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے آج یہاں دلائی لامہ سے ملاقات کی۔چیئرمین کے ہمراہ واکھاہ ملبہکھ ، زانسکار و دیگر کرگل کے علاقوں سے آئے ہوئے ڈیلی گیشن بھی تھے۔دلائی لامہ نے حاجی عنایت کی ان کوششوں کو سراہا جو وہ ضلع کرگل میں آپسی بھائی چارے اور میل میلاپ کے لئے انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف فرقوں کے درمیان محبت کا جذبہ قائم کرنے اور ایک دوسرے کے کام آنے جیسے صفات پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔حاجی عنایت علی دلائی لامہ کے قیمتی خیالات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دلائی لامہ نے ہمیشہ لوگوں میں اخوت اور محبت کا پیغام عام کیا ہے ۔چیئرمین نے دلائی لامہ کو کرگل اور حلقہ انتخاب زانسکار کا دور کرنے کی درخواست کی ۔ دلائی لامہ نے انہیں یقین دلایا کہ دو مہینوں کے اندر وہ ضلع کرگل کا دورہ کریں گے ۔بدھسٹ ایسو سی ایشن کرگل کے صدر نوانگ چیرنگ ، بدھسٹ ایسو سی ایشن زانسکار کے صدر سوانگ چوٹار کے علاوہ کئی معزز شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔
ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سالانہ سپورٹ
میٹ کا افتتاح
نیوز ڈیسک
جموں/ /صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج جموں یونیورسٹی کے کھیل کے میدان میں جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی سالانہ سپورٹس میٹ کا افتتاح کیا۔ایک ہفتے طویل ایونٹ کے دوران کرکٹ ،فٹبال ، والی بال ، ایتھلیٹک سرگرمیوں کا انعقا د کیا جائے گاجن میں بار ایسو سی ایشن کے ممبران ، وکلاء اور جوڈیشری کے ممبران حصہ لیں گے۔دیگر ایونٹس 21،29،30،31 ؍مارچ منعقد ہوں گے اوریکم اپریل 2018کو اختتام پذیر ہوں گے۔
ہرش دیو اور ان کی اہلیہ پرمبینہ حملہ
پنتھرز پارٹی کارکنان کا احتجاج ، پولیس پر کارروائی نہ کرنیکا الزام
جموں//جے کے این پی پی کے چیئرمین و سابق وزیر ہرش دیو سنگھ اور ان کی اہلیہ پر حملہ کرنے میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرنے کی مانگ پر سینکڑوں پنتھرز پارٹی کے ورکروںبشمول مہلاورکرز نے جموں و کشمیر ڈی جی پی کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کیا اور ’’بی جے پی کے غنڈوں کو گرفتار کرو،بی جے پی جموں کی آواز کو دبانا بند کرو،،مہلا پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرو،کے نعرے بلند کئے۔اس موقعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ انہیں بی جے پی لیڈروں کی جانب سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس بارے میںپولیس کو مطلع بھی کیا مگر کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس کو ویڈیو ریکارڈنگ اور دستاویزی ثبوت بھی پیش کئے گئے مگر اس کے باوجود بھی پولیس کے کوئی کارروائی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ کل رونما ہوا واقعہ ایک منصوبہ بند سازش تھی ۔ حملہ کی تفصیلات دیتے ہوئے ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ منجو سنگھ اپر کھیل اور چنونتامیں عوام کے ایک اجتماع سے خطاب کرنے کے لئے جارہے تھے کہ بی جے پی کے ورکرکھو نالہ میں گھات لگاکر بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دو گاڑیوں میں قریباََ16.17لوگوں کو آتے دیکھا جو کہ ہتھیار اور لاٹھیاں لئے ہوئے تھے اس وقت صبح کے قریباََ نو بجے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایس ایس پی ادہم پور کو مطلع کیا گیا ۔ انہوں ایس ایچ کو اس سلسلے میں ہدایات دیں مگر ان غنڈوں کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس سے صاف ظاہر ہے کہ اس میں پولیس بھی ملوث ہے ۔ ہرش دیو نے کہا کہ ان غنڈوں میں رمیز شیخ ، مکھن بندرال اور دیگران شامل ہیں، جنہوں نے انہیں کہا کہ وہ تقریریں کرنے کے بجائے خاموش رہیںاور اسی میں ان کی بھلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ رام نگر سے حملے کی جگہ تک پہنچنے میں صرف بیس منٹ لگتے ہیں جبکہ 11بجکر 40منٹ تک پولیس نہ پہنچ سکی جس سے یہ بات صاف ظاہر ہوجاتی ہے کہ اس میں پولیس بھی ملوث ہے کیونکہ پولیس کے تاخیر کے آنے سے ملزموں کو بھاگنے کا موقعہ مل گیا ۔
طلباء میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کیا جائے: گنگا
جموں/ /صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے آج سانبہ ضلع میں ایک مقامی سکول کا افتتاح کرنے کے بعد ایک پُر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بچوں میں ایک مضبوط ملک تعمیر کرنے ، حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے ، سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کا حصہ لینے ، اعلیٰ اقدار کی تعمیر کرنے اور لیڈر شِپ صلاحیتیں پیدا کرنے کی تمام تر کوششیں بروئے کار لانے چاہئیں۔ایم ایل اے سانبہ دویندر کمار منیال ، ایم ایل سی وبودھ گپتا ، وائس چیئرمین سڈکو جے اینڈ کے سبھاش جنڈیال کے علاوہ سکول کے عملے ، والدین اور بچے اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے سکول انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلاب کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے اقدامات کریں تاکہ وہ بڑے ہو کر اچھے شہری ثابت ہوں اور ملک اور قوم کی باگ ڈور سنبھالنے کی قابل ہوں۔بچوں میں اخلاقی تعلیم اور مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں حصہ لینے کی طرف راغب کرنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ بچوں میں آپسی بھائی چارے کے روایات پیدا کرنے چاہئیں۔
پتنی ٹاپ نیشنل آرٹ فیسٹیول :ریاست کے تین اداکاروں نے حصہ لیا
جموں//للت کلااکادمی کی جانب سے پتنی ٹاپ میں منعقد کئے گئے نیشنل آرٹ فیسٹیول (شمال ۔ مشرقی)2018میںریاست جموں و کشمیر کے تین فن کاروں نے حصہ لیا ۔ اس فیسٹیول کا افتتاح سی ایس کرشناسیٹھی ایڈمنسٹریٹر للت کلا اکادمی نئی دہلی نے 14مارچ 2018کو کیا تھا ۔ جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے 21سینئر اور نوجوان مصوروں نے شرکت کی ۔جن میں جموں و کشمیر کے ایس ورما، مسعود حسین اور ارشد صالح شامل ہیں۔اس فیسٹیول کے دوران فن کاروں نے مختلف موضوعات پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس سے اس فیسٹیول کو دیکھنے کے لئے آئے ہوئے لوک کافی محظوظ ہوئے اور فن کاروں کے فن کو سراہا۔