جموں//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے سچیت گڈھ سرحد پر آزادی سے پہلے کے ریلوے پلیٹ فارم کو فور ی طور بحال کرنے اور علاقے میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار سچیت گڈھ سرحد کے تفصیلی دورے کے دوران وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے دوران کیا ۔تصدق مفتی کو وہاں موجود سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔انہوں نے سچیت گڈھ سرحد پر واگہ سرحد کی طرز پر بیٹنگ ریٹریٹ تقریبات شروع کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ علاقے میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے بنیادی سہولیات میں بھی بہتری لائی جانی چاہئیں۔انہوں نے علاقے میں کوڑا کرکٹ کو سائنسی طریقے پر ٹھکانے لگانے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔بعد میں انہوں نے سچیت گڈھ اور گھرانہ ویٹ لینڈ کا دورہ کر کے متعلقہ افسروں سے تفصیلات طلب کیں۔اس دوران ایک مقامی وفد نے وزیر کو جانکاری دی کہ وہاں آنے والے پرندے اُن کی فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں انہوں نے دیگر مسائل کو بھی وزیر کی نوٹس میں لایا۔وزیر نے وفد کے مطالبات غور سے سنے اور متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ناظم سیاحت جموں سمیتا سیٹھی اور کئی دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔