جموں//وزارت برائے ترقی وسائل انسانی ،حکومت ہند کے تحت کام کررہی انڈین کونسل برائے تاریخی تحقیق کی جانب سے جموں یونیورسٹی میں کلہن کی عالمی شہرت یافتہ کتاب ’راج ترنگنی ‘پر قومی سطح کے ایک دوروزہ سیمینار کاانعقاد کیاگیا۔افتتاحی تقریب میں قانون سازکونسل کے ممبرجی ایل رینہ مہمان خصوصی تھے جبکہ پروفیسرکاشی ناتھ پنڈتانے کلیدی خطبہ پڑھ کرسنایا ۔پروفیسرجگرمحمدڈین ریسرچ سٹڈیز جموں یونیورسٹی نے پروگرام کی صدارت کی۔ جی ایل رینہ نے اس موقعہ پرخیالا ت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ کلہن کی راج ترنگنی ایک مصدقہ تاریخی دستاویز ہے جوکہ بھارتیہ تمدن وتہذیب کی عکاسی کرتی ہے۔پروفیسرکے ۔این پنڈتا نے کہاکہ راج ترنگنی میں راجوں،مہاراجائوں ،لوگوں،تمدن ،مذاہب، سماج،ریت ورواج ،مندروں،تعلیم،انتظامیہ،کشمیرکی تاریخی،مذہبی مقامات اورفن وتمدن کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ہے۔