جموں// صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے رائے پور دومانا حلقے سے تعلق رکھنے والی 22 غریب لڑکیوں میں سٹیٹ میریج اسسٹنس سکیم کے تحت پرکھو میں 8.47 لاکھ روپے کی مالی معاونت تقسیم کی ۔ اس فلاحی قدم کے طور پر حکومت ایک غریب لڑکی کی شادی کیلئے 38500 روپے کی مالی معاونت فراہم کرتی ہے ۔ یہ پروگرام موجودہ حکومت نے لڑکیوں کی بہبودی کیلئے شروع کیا ہے تا کہ غریب والدین اپنی بیٹیوں کی شادی کر سکیں ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے مختلف سیکٹروں سے وابستہ مسائل وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے جنہوں نے ان مسائل پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ بالی بھگت نے کہا کہ حکومت لوگوں کو اُن کی دہلیز پر ہر طرح کی بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے انہوں نے کہا کہ رائے پور دومانا حلقے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اس سے پہلے وزیر نے مشری والا میں 18 لاکھ روپے لاگت والے کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا ۔