فرقہ ورانہ ہم آہنگی کوزک پہنچانے کی کوششوں پراظہارتشویش
جموں//ڈوگرہ صدرسبھاکے کورگروپ اورآل جموں سول سوسائٹی فورم کی ایک میٹنگ ڈوگرہ ہال میں منعقدہوئی جس میں خطہ جموں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرصورتحال زیربحث لائی گئی۔اس دوران میٹنگ کی صدارت ڈی ایس ایس صدر وسابق وزیر ٹھاکورگل چین سنگھ چاڑک نے کی۔ میٹنگ میں موجودسبھی ممبران نے خطہ جموں میں صدیوں پرانے آپسی میل ملاپ اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کی قدروں کوپامال کرنے کی مذموم کوششوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔مقررین نے کہاکہ گوجربکروال ہمارے سماج کاایک اہم حصہ ہیں اورکٹھوعہ کی سازش روایتی بھائی چارے کوپاش پاش کرنے کی کوششیں افسوسناک ہیں۔ سابق ایم ایل سی میجرجنرل گووردھن سنگھ جموال نے کہاکہ متاثرہ بچی ہماری بیٹی تھیں اورہم چاہتے ہیں کہ اس دلدوزسانحے پرمگرمچھ کے آنسوبہانے کے بجائے اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے تاکہ اس گھنائونے جرم میں ملوث مجرموں کوقرارواقعی سزامل سکے۔