جموں//نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے بٹھنڈی میں ایک عوامی دربار منعقد کیا اور لوگوں کے مسائل بغور سنے ۔ ان مسائل میں سڑک رابطے ، بجلی کی فراہمی ،راشن کی عدم دستیابی ،پینے کے پانی کی فراہمی وغیرہ شامل تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہی پائی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کئے جائیں گے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے جائز مطالبات پورے کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی مساوی ترقی کی خواہاں ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں ریاست کے لوگوں کو ترقی اور بہبودی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سماج کے پچھڑے طبقوں ،غریبوں ، خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کی اقتصادی حالت بہتر بناناحکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کویندر گپتا نے کہا کہ موجودہ حکومت مضبوط سڑکیں اور بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے علاوہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھانے کے لئے کئی سکیموں پر کام کر رہی ہے ۔ اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے پریس کلب جموں میں آل جے کے ٹرانسپورٹر ویلفیئر ایسو سی ایشن کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کویندر گپتا نے ٹرانسپورٹروں کی کوششوں کی سراہنا کی جو وہ لوگوں کو 24گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولیت فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرلوگوں کو اشیائے ضروریہ فراہم کرنے میں بھی اہم رول ادا کرتے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے ٹرانسپورٹروں کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کی فہرست کے جواب میں انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرے گی۔