’آر ایس ایس کارکن دیش کیلئے کام کرتے ہیں‘
کشمیر میں پتھراؤ کرنے والے منشیات کے عادی ہیں: رویندر رینا
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر اور رکن اسمبلی نوشہرہ رویندر رینا کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں پتھراؤ کرنے والے نوجوان منشیات کے عادی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان پیسے دیکر ان نوجوانوں سے پتھراؤ کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں لوگوں کی بھاری تعداد من مرضی سے جنگجوؤں کے جنازوں میں شرکت نہیں کرتے ہیں بلکہ انہیں ڈرا دھمکاکر شرکت کے لئے آمادہ کیا جاتا ہے۔ موصوف نے کہا کشمیر میں کوئی سیاسی جنگ یا جہاد لڑا نہیں جارہا ہے بلکہ پیسوں کے لئے فساد برپا کیا جارہا ہے۔ رویندر رینا جنہیں راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے انتہائی قربت کی وجہ سے بھاجپا ریاستی یونٹ کے صدر کے عہدے کے لئے ایک مضبوط دعویدار سمجھا جارہا ہے، نے کہا ’پاکستان پیسے دیکر کشمیر میں پتھر بازی کراتا ہے۔ کچھ نوجوانوں کو اس کے لئے باضابطہ طور پر خریدا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے کہ بہت سارے بچوں کو نشے میں ملوث کیا جاتا ہے، جب کسی کو نشے کی لت لگ جاتی ہے تو وہ آہستہ آہستہ مجرمانہ حرکتیں کرنے لگتا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’یہ (پتھر باز) مجرم اور ملک مخالف عناصر ہیں، کی حوصلہ افزائی کرنا مجرمانہ حرکتوں کو بڑھاوا دینے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا ’پاکستان کی بندوق سے کشمیری مسلمان مارے جاتے ہیں تو حریت والے چپ بیٹھ جاتے ہیں، یہ دوہری پالیسی رکھنے والے لوگ ہیں۔ ان کا کہنا ہے ’کشمیر کے اندر جب کوئی جنگجو مارا جاتا ہے تو اس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے وہاں کوئی نہیں جاتا ہے۔ وہاں محلوں اور دیہات میں دہشت بنائی جاتی ہے، لوگوں کو بتایا جاتا ہے کہ فلاں جگہ جنگجو مارا گیا، اس کا اتنے بجے جنازہ ہے۔ اس میں شرکت کرنے کے لئے اگر آپ نہیں آئے تو گولی مار دی جائے گی۔ ڈر کی وجہ سے کشمیری لوگ جنگجوؤں کے جنازوں میں شرکت کرتے ہیں‘۔ رویندر رینا نے نیشنل کانفرنس لیڈر اور ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا کے بیان کہ ’کشمیر میں پتھرباز وزیر اعظم نریندر مودی ، اُن کی جماعت اور آر ایس ایس کی پیداوار ہیں‘ پر اپنے ردعمل میں کہا ’آر ایس ایس کا ایک ہی مشن بھارت ماتا ہے۔ اس کے ہزاروں کارکن دیش کے لئے کام کرتے ہیں۔ ان کارکنوں کا مقصد ہے کہ پورے دنیا میں انڈیا کا پرچم لہرایا جائے۔ آر ایس ایس کا دوسرا دنام بھارت اور ہندوستان ہے۔ یو این آئی
نکی محلہ میں پانی کی ہاہاکار
لوگوں کا محکمہ پر غیر قانونی طور کنیکشن دینے کا الزام
جموں//محکمہ پی ایچ ای جس پر سالانہ بھاری بھرکم رقومات خرچ کی جاتی ہیں اور اس محکمہ کی ذمہ داری عوام کو پینے کاپانی فراہم کرنا ہے مگر یہ محکمہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 71کا نکی محلہ کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ کے اہلکاروں نے بغیر فزیبلٹی کے واٹر کنکشن ڈھائی انچی پائپ سے ایک سو کے قریب کنکشن دے دئے ہیں جس کے نتیجہ میں اس محلہ کے آخر میں جو گھر ہیں انہیں پانی پہنچ ہی نہیں پاتا ہے ۔لوگوں نے الزام لگایا کہ جن لوگوں کے رجسٹرڈ کنیکشن ہیں وہ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور محکمہ کے اہلکاروں نے جن لوگوں کو غیر قانونی کنیکشن دئے ہیں انہیں پانی سپلائی ہو رہا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جلد آر ٹی آئی کے ذریعہ جواب طلب کیا جارہا ہے کہ عید گاہ روڈ اور نکی محلہ میں کتنے رجسٹرڈ اور کتنے غیر قانونی واٹر کنیکشن ہیں ۔ لوگو ں نے الزام لگایا کہ جو لوگ پانی کی فیس باضابطہ طور پر ادا کرتے ہیں وہ پانی کے بغیر ترس رہے ہیں اور جن کو محکمہ کے اہلکاروں نے چوری کے کنیکشن دئے ہیں اُنہیں پانی سپلائی کیا جاتا ہے ۔محلہ کے لوگوں محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کہ بغیر فزیبلٹی کے ذریعہ اتنے کنیکشن کیسے دئے گئے ہیں ۔
یاتری حرکت قلب بند ہونے سے فوت
جموں//پولیس کے مطابق راجستھان کا ایک 16سالہ یاتری شری ماتا ویشنودیوی کے درشنوں جاتے ہوئے حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے راستہ میں ہی وفات پاگیا۔ تفصیلات کے مطابق راجستھان کے ضلع ڈول پور کا نوجوان منور کمار راستے میں بے ہوش ہوگیا ، جسے اس کے دوستوں نے فوری طور پر نزدیکی ڈسپنسری پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اس کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
کٹھوعہ عصمت دری و قتل معاملہ
بھیم سنگھ کی وزیر داخلہ کو پیش کردہ رپورٹ پر غور کرنے کی اپیل
جموں // سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا ہے کہ رسانہ میں 8سالہ معصوم بچی کی عصمت دری اور قتل کے معاملے کی بی سی آئی کی سپریم کورٹ میں داخل کردہ اور وزیر داخلہ کو پیش کی گئی رپورٹ پر غور کیا جانا چاہئے۔ اس معاملہ کی پھر سے تحقیقات، خواہ وہ سی بی آئی سے کرائی جائے یا پھر دیگر سنٹرل ایجنسی سے اس وحشیانہ جرم کی افسوسناک کہانی سامنے لائی سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ با ر کونسل آف انڈیا (بی سی آئی) کی ٹیم نے جنوری ، 2018میں ایک آٹھ سالہ معصوم بچی کی عصمت دری اور قتل کے سلسلہ میں رسانہ، کٹھوعہ کا دورہ کیا تھا اور بی سی ٹیم نے بھی وزیر داخلہ کو جو رپورٹ پیش کی ہے۔ اس میں اس معاملہ کی سی بی آئی سے تفتیش کرائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بھیم سنگھ نے کہاکہ یہ مطالبہ جموں کی وکلاء برادری، سماجی کارکن ، کئی گروپ اور کئی سیاسی ، سماجی اور غیرسرکاری تنظیموں سے وابستہ ایسوسی ایشنوں نے کیا ہے۔پروفیسر سنگھ نے کہا کہ میں نے یہی مطالبہ اس وقت کیا تھاجب 4مارچ 2018کو میں نے رسانہ میں اس بچی کے والدین سے ملاقات کی تھی۔ بھیم سنگھ نے کہا کہ انہوں نے مقتولہ بچی کے والدین کو یقین دلایا تھا کہ ان کو انصاف دلانے کے لئے ہر آدمی ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔سینئر وکیل پروفیسربھیم سنگھ نے اس معاملہ میں سپریم کو رٹ میں بھی مداخلت کی تھی جہاں متاثرہ بچی کے والدین کی مقدمہ کو کٹھوعہ سے چندی گڑھ منتقل کرنے کی عرضی پر سماعت چل رہی ہے۔
لاپتہ شخص کی لاش بر آمد
حافظ قریشی
کٹھوعہ // 20دنوں سے لاپتہ شخص کی لاش بسوہلی کے ناگالی گائوں سے بر آمد کی گئی۔ معلومات کے مطابق 20 دنوں سے لاپتہ شخص کی لاش بسوہلی کے ناگالی گاؤں سے ایک کھیت میںدفن ملی جسکی شناخت رام پال ولد موہندر پال ساکن پٹھانکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔ 13 اپریل کو رام پال اپنے گھر سے کام کاج کے سلسلے میں نکلا تھا جوکہ چاہدریں کمبل وغیرہ گاؤں گاؤں میں جا کر بیچنے کا کام کرتا تھا ۔اسی سلسلے میں رام پال بسوہلی کے ناگالی گاؤں میں گیا ہوا تھا ۔لواحقین کے مطابق رام پال گھر سے 13 اپریل کونکلا تھا جس کے بعد وہ گھر نہیں لوٹا ۔لواحقین نے 26 اپریل کو بسوہلی پولیس تھانہ میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی تھی جس کے بعد پولیس نے اپنی تحقیقات شروع کردی تھی ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم جب ناگالی گاؤں میں پہنچی تو وہاں کھیت میں سے بو آ رہی تھی اور وہاں پر مٹی کا ڈھیر بھی تھا ، کے بعد مذکورہ شخص کی لاش کو بر آمد کیا گیا۔لاش کو بسوہلی سب ڈویڑن ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیلئے لایا گیا ۔ بسوہلی پولیس نے مقدمہ درج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے ۔
کٹرہ میں گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کی سہولت
جموں//شری ماتاویشنودیوی کے بنیادی کیمپ کٹرہ میں گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کی سہولت دستیاب کی گئی ہے ۔ میونسپل کمیٹی کٹرہ کے ایک افسر کے مطابق کمیٹی کی جانب سے گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ کمیٹی کے ایک اہلکار کے مطابق اس قدم سے قصبہ میں صحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنائے رکھنے میں مدد ملے گی ۔ دریں اثنا دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ کوڑاکرکٹ کوڑا دانوں میں ہی ڈالیں۔
خواتین کے لئے ہیلپ لائن کا قیام
جموں // پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق ضلع سانبہ میں خواتین کی مدد کے لئے ایک ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں کسی بھی ایمر جنسی صورت حال میں خواتین اس ہیلپ لائن سے مدد حاصل کرسکتی ہیں جو کہ رات دن کام کرے گی۔اس ہیلپ لائن کی بدولت خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔ہیلپ لائن نمبر8715899677 ہے۔
سانبہ میں روبوٹیکس لیب کا قیام
سانبہ//بھارگوا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سپوال سانبہ جموں و کشمیر میں آئی آئی ٹی ممبئی کی ایسوسی ایشن سے اپنی قسم کی پہلی روبوٹیکس (robotics لیب کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا افتتاح پرکاش شرما چیئرمین کالج نے کیا ۔اس کے علاوہ ایم ڈی سنجیو شرما ، ٹرسٹی راجیش شرما اور ڈائریکٹر بی سی ای ٹی بھی موجود تھے ۔ اپنی قسم کی پہلی لیب کا قیام عمل میں لانے کے لئے اس موقعہ پر موجود مہمان خصوصی نے کالج کے ڈائریکٹر اور عملہ کو مبارک باد پیش کی ۔ ڈائریکٹر نے تقریب میں موجود شخصیات کو کالج کی تعلیمی اور کھیل کود کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی
گرامین بنک نے میگا کریڈیٹ کیمپ میں حصہ لیا
جموں // جموں کشمیر گرامین بنک نے بڑی برہمنہ میں میگا کریڈٹ کیمپ میںحصہ لیا ۔اس دوران جموں کشمیر بنک کے چیر مین اور سی ای او اس جانکاری کیمپ میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کا مقصدنوجوان تاجروں کے دماغ سے بنک کے تئیں غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔یہ پروگرام ایم ایف اور ایف آئی ڈیپارٹمنٹ نے ریجنل دفتر جموں میں سینئر مینیجر وپن گپتا اور آر ایس کول کی زیر نگرانی منعقد کیا ۔پروگرام کے دوران متعدد لون سکیموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی گئی اور زیادہ زور ایم ایس ایم ای لون سکیم پر دیا گیا۔جموں کشمیر گرامین بنک کے چیر مین آر کے چبر نے حا ضرین سے کہا کہ گرامین بنک چھوٹے سے چھوٹے لون سے لے کر بڑا لون کم شرح سودپر دے سکتا ہے اور ریاست میں دوسرا ایسا بنک ہے جو ریاست کے متعدد دور دراز علاقوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔اس میگا کیمپ کے دوران کئی لوگوں کو تجارتی مراکزکی افتتاح کرنے کے لئے دستاویزات فراہم کئے گئے اور ان مراکز پر کم از کم 2.12کروڑ کی رقم خرچ ہوگی۔اس دوران جموں کشمیر گرامین بنک کے جنرل منیجر رومیش نے کسانوں کے لئے تیار کردہ کلب ،ایس ایچ جی،جے ایل جے اور نباڑ کے تحت آنے والی کئی مالی سکیموں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی بنک کی طرف سے غرباء کے لئے مدارلون کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی اور لوگوں کو بنک کھاتوں کو آدھار سے جوڑکر ڈیجیٹل بیکنگ سے مستفید ہونے کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔
مغل روڈکو قومی شاہرا ہ کا درجہ
سیاحتی زمرے میں ترقی ممکن: پی ڈی پی
جموں// جموں و کشمیر پی ڈی پی لیڈر پنیت جموال نے کہا ہے کہ مغل شاہرہ کو قومی شاہرہ کا درجہ ملنے کی وجہ سے ریاست کے اقتصادی حالات میں اور بھی بہتری آ سکتی ہے اور یہ شاہراہ کئی لوگوں کے لئے روز گار کا باعث بھی بن سکتی ہے اور ریاست کے سیاحتی زمرے میں ترقی ہو سکتی ہے۔یوتھ پی ڈی پی کے ورکران کی ایک میٹنگ کے دوران پونیت جموال نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کو کشادگی کا کام فاسٹ ٹریک زمرے کے تحت جلدی ہی مکمل کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ زوجیلا ٹنل ، وائلو سنگھپورہ،چنینی سدھمادیوٹنل اور ریل وے پروجیکٹس کا کام بھی فاسٹ ٹریک زمرے کے تحت بڑے شدومد کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر ان پروجیکٹوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کو ملک کی دوسری ریاستوں کے ساتھ ملایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے چودہری عبدالحمید کو خطہ کا کو آرڈینیٹربنا کر اچھا کام کیا ہے جس سے پارٹی کے اور بھی مظبوط ہوگی۔ ریاست میں متعدد تعمیراتی پروجیکٹوں پرکام تیز رفتاری سے ہو رہے ہیں جو ریاست کی تاریخ میں پہلی بار دیکھنے کو ملا ہے ۔سرکار کی طرف سے ان امور کو فوری طور مکمل کرنے کے لئے نئی تکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی مخلوط سرکار کا حصہ اس لئے بنی ہے تا کہ ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کے لئے کام کیا جائے۔انہوں نے ریاست کی گرمائی راجدھانی میں پتھر بازوں کی طرف سے سکول بس پر کئے گئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے ایسے کاموں
سے گریز کیا جانا چاہئے۔