مینڈھر //بالاکوٹ کے لوگوںنے علاقے میں تعمیروترقی کیلئے خصوصی ترقیاتی منصوبے کا مطالبہ کیاہے ۔ مقامی لوگوں ماسٹر عنایت اللہ خان ، محمد ایاز خان ، مجید خان ، یوتھ لیڈر ظہیر خان کاکہناہے کہ مقامی لوگوں کو سڑکوںکی خراب حالت کی وجہ سے مشکلات کاسامناہے اور لوگ پریشان حال ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بالاکوٹ کا علاقہ حد متارکہ پر واقع ہے جہاں کے لوگوں کو آر پار کشیدگی کی وجہ سے پہلے سے ہی مشکلات درپیش ہیں ۔ ان کاکہناہے کہ وہ دو نیوکلیئر طاقتوں کے درمیان جنگ کا میدان بنے ہوئے ہیں اور دوسری طرف انہیں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں جس کے باعث زندگی بسر کرنا مشکل ہوگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کا سب سے بڑا مسئلہ سڑکوں کی خراب حالت ہے اور اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ ان خراب سڑکوں کی مرمت کی جائے اور علاقے میں خصوصی روڈترقیاتی منصوبے کا اعلان کیاجائے تاکہ سڑک روابط فراہم ہوسکیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک سرحدی علاقے کے رہائشی ہونے کے ناطے ان کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی توجہ دی جائے اور اس حوالے سے خصوصی منصوبے شروع کئے جائیں ۔