مظفرآباد میں احتجاجی ریلی
مظفرآباد// پیپلز فریڈم لیگ کے زیراہتمام مظفرآباد میںایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں شامل شرکاءنے بھارتی فوج کی زیادتیوں اور ہلاکتوں کے جاری سلسلہ ، انسانی حقوق ، گرفتاریوں،چھاپوں اور جیلوں میں نظربندوں کے ساتھ زیادتی کے خلاف کی مذمت کی۔ اس دوران ایک دھرنا بھی دیا گیا جس میںسینکڑوںنوجوانوں اورطلاب نے شرکت کی جو ہاتھوں میں بینر،پلے کارڑاور سیاہ جھنڈے لئے ہوئے تھے۔ریلی کی قیادت لیگ چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کی۔انہوں نے مسئلہ کشمیرکواقوام متحدہ کی قرار دادوںکے تحت حل کرنے، بھارت کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمہ دائر کرنے، کٹھوعہ سانحہ میں مجرموںکو سزائے موت دلانے کے مطالبات کئے۔
اعلیٰ طبی تعلیم کے کورسز 7مئی کو کونسلنگ ہوگی
سرینگر//جے اینڈ کے بورڈ فار پروفیشنل ایگزامنیشنز ( بوپی ) نے 7 مئی 2018ءکو پی او پی ای ای دفتر سرینگراور جموں دفاتر میں ایم ڈی ، ایم ایس اورمختلف میڈیکل سپیشلٹیز میں پی جی ڈپلوما کی اَپ گریڈیشن / پوسٹ گریجویٹ سیٹیوں کے لئے الاٹمنٹ کے سلسلے میں 7 مئی 2018کو کونسلنگ کا فزیکل راﺅنڈ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کونسلنگ اُن امیدواروں کے لئے ہوگی جنہوں نے این ای ای ٹی امتحان پا س کیا ہے۔چیئرمین بی او پی ای ای محمد اشرف بخاری کے مطابق یہ فیصلہ سرینگر میں انٹرنیٹ خدمات میں خلل پڑنے کی وجہ سے لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ متعلقہ اُمید وار 7مئی 2018 کو صبح 9بجے رجسٹریشن اور کونسلنگ کے لئے بی او پی ای ای دفتر واقع سرینگر /جموںمیں رپورٹ کریں۔
غریب لڑکی کی شادی پر امداد فراہم
پونچھ //ضلع پونچھ کے ٹرسٹ عثمان غنی نے اپنے امدادی پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے ایک غریب گھرانے کی لڑکی کی شادی کے موقعہ پر اس کی امداد کی ۔ ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی حلیل احمد نے بتایاکہ ٹرسٹ کی جانب سے یہ پانچویں شادی کروائی گئی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ ٹرسٹ ممبران نے بیدار بلنائی کی ایک غریب گھرانے کی شادی پر پانچ ہزار روپے نقداور دیگر ضروری سامان دیا۔ انہوںنے کہاکہ یہ ادارہ دیگر فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ کی تقریبات میں امداد فراہم کررہاہے اور ان کی کوشش ہے کہ ضرورتمندوں تک پہنچ کر ان کی امداد کی جائے ۔اس موقعہ پر ٹرسٹ کے وائس چیئرمین بابو خلیل احمد ، ذیشان خان ، وقار احمد ، مشتاق احمد ، امتیاز احمد ، پرویز احمد ودیگران بھی موجو دتھے ۔
سامان لادتے ہوئے شہری لقمہ اجل
نیوز ڈیسک
راجوری //سندر بنی آشرم میں کام کررہا ایک شہری ٹرک پر سامان لادتے ہوئے ایک لکڑی کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا ۔ اس کی شناخت مختیاراسنگھ کے طور پر ہوئی ہے جو پنجاب کا رہنے والا تھا اور پچھلے دس برسوںسے اسی آشرم میں بطور الیکٹریشن کام کررہاتھا ۔ذرائع کے مطابق وہ ٹرک پر لکڑیاںلاد رہاتھا جس دوران ایک لکڑی اس پر آن گری جس کی زد میں آکر وہ زخمی ہوااور پھر دم تو ڑ دیا ۔
مینڈھر کا وفدامبیکاسونی سے ملاقی
جاوید اقبال
مینڈھر//پردیش کانگریس کمیٹی کی جنرل سیکریٹری پروین سرورخان کی قیادت میں ایک وفدنے سینئرکانگریس لیڈر اورممبر راجیہ سبھا امبیکاسونی سے یہاں جموں میں ملاقات کی۔اس دوران وفدنے خطہ پیرپنچال کے لوگوں بالخصوص سرحدی علاقوں کے لوگوں کی پریشانیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ اس دوران پروین سرورخان نے کہاکہ سرحدی لوگوں کوآئے دن سرحدپارسے ہونے والی گولہ باری کی وجہ سے شدیدجانی ومالی نقصان اٹھاناپڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ سرحدی مکینوں سے تمام مرکزی حکومتوں نے وعدے کئے کہ انہیں متبادل ومحفوظ مقامات پرزمینیں الاٹ کی جائیں گی لیکن یہ وعدہ ابھی تک پورانہیں کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ دوہزارچودہ میں بھاجپانے بڑے پیمانے پرسرحدی باشندوں کی بازآبادی کے دعوے کیے تھے لیکن حکومت میں آنے کے بعدتمام تروعدوں کوبھلادیا۔اس دوران پرنئی پروجیکٹ اورخطہ پیرپنچال سے جڑے دیگرمسائل بھی وفدنے امبیکاسونی سے زیربحث لائے۔امبیکاسونی نے مسائل کومرکزی حکومت کے ساتھ زیربحث لانے کی یقین دہانی کرائی۔اس دوران وفدمیں حاجی امتیازخان اوروسیم احمدخان وغیرہ بھی شامل تھے۔
نوشہرہ میں کلرکوں کی ہڑتال جاری
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ میں کلرکوں کی ہڑتال جاری رہی جس کی وجہ سے سرکاری دفاتر میں کام کاج بری طرح سے متاثر ہواہے ۔نوشہرہ کے مختلف محکمہ جات میں کام کررہے کلر کوںکی ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہوگئی ہے جس دوران انہوںنے تحصیل ہیڈ کوارٹرکے احاطے میں جمع ہوکر دھرنادیا اور اپنے مطالبات پورے کرنے کی مانگ کی ۔ انہوںنے کہاکہ ان کے گریڈ کا مسئلہ حل کیاجائے ۔ کلرکوں کی ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوںکو متاثر ہوتے ہوئے دیکھاگیا اور ان کے کام کاج نہیں ہوئے۔
وبودھ گپتا کا انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ دورہ
منیر خان
راجوری // بھاجپا کے سینئر رہنما وایم ایل سی وبود گپتا نے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ راجوری کا دورہ کیا ۔اس موقعہ پر انہوںنے وہاں موجود نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی آئی کا مقصد نوجوانوں کے ہنر کوبروئے کار لانا ہے تاکہ وہ روزگا ر کمانے کے قابل ہوسکیں اور ملک کی ترقی کیلئے بھی خدمات انجام دے پائیں۔ وبودھ گپتا نے طلباء کوسکل اینڈڈیجیٹل انڈیا، پردھان منتری آجیوکایوجنا اور کوشل وکاس یوجنا کے متعلق بھی بتاتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرکار نوجوانوں کے ہنر کو بروئے کار لانے کے لئے مختلف اسکیمیں چلارہی ہے جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے طلباء پر زور دیاکہ وہ اپنے مقصد کو پانے کیلئے محنت اور لگن سے کام کریں ۔ انہوں نے آئی ٹی آئی کے سپرانٹنڈنٹ اجول مہاجن کو ہدایت دی کہ وہ ادارے میں ضروری ڈھانچے کی فراہمی کیلئے انہیں فہرست مہیا کریں ۔
کوٹرنکہ میں گاڑیوں کی عدم دستیابی
این سی وفد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے ملاقی
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر ایوب پہلوان کی موجودگی میں ایک وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شفیق چوہدری سے ملاقات کرکے مطالبہ کیاکہ کوٹرنکہ میں گاڑیوں کی عدم دستیابی اور خراب سڑکوں سے درپیش لوگوں کو مشکلات حل کی جائیں ۔ ایون پہلوان نے کہاکہ کوٹرنکہ میں مزید گاڑیوں کی اشد ضرورت ہے کیونکہ گاڑیوں کی کمی کے باعث لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں اور سکولی طلباء کو پندرہ کلو میٹر تک پیدل سفر کرناپڑجاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوںنے پرمٹ کیلئے درخواست دی ہوئی ہے لیکن انہیں پرمٹ نہیں دیاجارہا ۔بعد میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ایوب نے کہاکہ اے آر ٹی او دفتر راجوری میں درجنوں فائلیں پڑی ہوئی ہیں لیکن روٹ پرمٹ نہیں دیے جارہے اور لوگوںکو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان مسائل کو حل کیاجائے اور لوگوں کو خواہ مخواہ میں پریشان نہ کیاجائے ۔
خاتون کی پراسرار موت
نیوز ڈیسک
راجوری //ضلع ہسپتال راجوری میں ایک خاتون کی پراسرار طور پر موت ہوگئی جسے گزشتہ رات حالت بگڑنے کے بعد زیر علاج رکھاگیاتھا۔اس کی پہچان رخسانہ کوثر زوجہ محمد اکرم ساکن سیالسوئی کالاکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق خاتون کو گزشتہ رات اس کی حالت خراب ہوجانے پر ضلع ہسپتال لایاگیاتاہم وہ دم توڑ بیٹھی ۔ بعد میں نعش کا پوسٹ مارٹم کیاگیا اور پھر پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔یہ بتایاجارہاہے کہ خاتون کی موت زہریلی شے کھانے سے ہوئی ہے ۔
ندیم رفیق خان کا بیان ایک مکارانہ سوچ کا عکاس :این سی کارکنان
مینڈھر//پی ڈی پی کے رکن اور سابق ممبر اسمبلی مینڈھر کے فرزند ندیم رفیق خان کے بیان کو مکارانہ سوچ کی عکاس قرار دیتے ہوئے این سی کارکنان نے کہاکہ بیان میں ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمدرانا پر من گھڑت اور بے بنیاد الزام لگائے گئے ہیں ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق حاجی میر محمد نے کہا کہ ندیم رفیق خان نہایت ہی حقیر سوچ کے مالک ہیں اور ان کی جانب سے جاری کردہ یہ متنازعہ بیان انکی ذہنی مرض کی طرف ایک واضح اشارہ کرتا ہے ورنہ یہ کیسے ممکن ہو سکتاہے کہ ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والا انسان اپنے حقیر سیاسی مفاد کیلئے اس حد تک گِر جائے اور تمام اخلاقی حدود کو پار کرتے ہوئے اس قسم کے نازیبا بیان جاری کرے جس کی سماج میں چاروں طرف سے مذمت کی جا رہی ہو۔حاجی عبد الکریم نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ریاست میں موجودہ جنگجوہانہ سرگرمیوں کو پی ڈی پی قیادت کی طرف سے مکمل پشت پناہی حاصل ہے، اس کی تصدیق اسی پارٹی کے سرپرست اعلیٰ نے2014کے الیکشن میں جیت حاصل کرنے کے بعد حلف برادری کی تقریب میں ریاستی عوام کے ساتھ ساتھ جنگجو تنظیموں اور پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔ ا ن کاکہناتھاکہ پی ڈی پی جماعت خود اس بات کا فیصلہ کرے کہ آخر اس شکرگزاری کا کیا مطلب لیا جانا چاہیے؟۔ ایڈووکیٹ ظفر چوہدری نے کہا کہ ندیم خان کا یہ بیان ان کی علیل طبیعت کی طرف واضح اشارہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ندیم خان کے اس من گھڑت بیان کی وجہ سے عوام مینڈھر کے منڈیٹ کی توہین ہوئی ہے جس کو عوام مینڈھر کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ظفر چوہدری نے کہا کہ مینڈھر کے عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ندیم خان کو 16سال گزر جانے کے بعد2002کے الیکشن میں دھاندلیوں کی یاد آخر کیوں کر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ سابق ایم ایل اے رفیق خان کے بچوں اور حمایتوں نے ہمیشہ دوران الیکشن طاقت کا بیجاہ استعمال کیا،جس کی واضح مثال ان کے خلاف پولیس تھانہ گورسائی اور پولیس تھانہ مینڈھر میں بیشمار مقدمات کا درج ہونا ہے۔ان کاکہناتھاکہ دوران الیکشن ان کی جانب سے کی جانے والی دھاندلیوں کی ایک اور بڑی مثال یہ ہے کہ 2008کے الیکشن میں پولنگ سٹیشن نمبر97 گرلز مڈل سکول ہرونی پہ عوام کو ووٹ ڈالنے سے مکمل طور پر روکا گیا اور اس کا ثبوت الیکشن ریکارڈ میں موجود ہے کہ مذکورہ پولنگ سٹیشن پر کل800ووٹران میں سے کسی ایک آدمی کو بھی اپنا حقِ رائے دیہی کا استعمال تک نہیں کرنے نہیں دیا جو کہ آئین ہند کی طرف سے حاصل شدہ حق رائے دیہی کے سریحاً خلاف ورزی ہے۔ چوہدری عبد الخالق نے کہا کہ سابق ممبر اسمبلی مینڈھر رفیق حسین خان نے اپنے دور اقتدار میں ہمیشہ ہی یہاں کی عوام کو ذات اور برادری میں تقسیم کیا ۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ بحیثیت ممبر اسمبلی رفیق خان نے اپنے اقتدار کے دوران ماسوائے ٹی ٹاور دھارگلون کے مینڈھر کی عوام کو کیا دیا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ آج جب ان کے پائوں تلے سے زمین کھسکنے لگی ہے تو وہ اس قسم کے ناپاک اور بے بنیاد الزام لگا کر عوام میں کھوئی ہوئی اپنی ساکھ کو پھر سے بحال کرنے کے لئے آپنے دل کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں۔آفتاب چوہدری نے کہا کہ جاوید احمد رانا نہ صرف مینڈھر بلکہ خطہ پیر پنجال کے عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اورا ن کے سیاسی کارناموں کی وجہ سے شکست خوردہ سیاست دان بے حد پریشان ہیں۔
ووٹروں کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے تربیتی کیمپ منعقد
راجوری+پونچھ //الیکشن ریٹرننگ افسران ، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور ضلع سطح کے ماسٹر ٹرینروں کی تربیت کیلئے ایک پروگرام منعقد کیاگیا جس دوران انہیں ERO-Netکے آن لائن پروگرام کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ یہ ویب پروگرام ووٹروں کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے ہے ۔اس تربیتی پروگرام کا اہتمام ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی نگرانی میں کیاگیاجبکہ پروگرام کی صدارت ضلع الیکشن افسر امر جیوتی رینہ نے کی ۔ اس موقعہ پر دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔ دریں اثناء اسی طرح کا ایک پروگرام پونچھ میں بھی ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر کیاگیا جس میں بھی اسی طرح کی تربیت فراہم کی گئی۔