جموں // آنگن واڑی ملازمین یونین نے مطالبات کے حق میںجموں،کٹھوعہ ودیگراضلاع میں احتجاجی مظاہروں کاسلسلہ جاری ہے۔جموں کے علاوہ کٹھوعہ میں آنگن واڑی ورکروں اورہیلپروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔کٹھوعہ میں پی ایچ ای وزیر کوضلع ترقیاتی کمشنرکٹھوعہ کے دفترکے باہربھی مشکلات جھیلناپڑیں جہاں احتجاج کررہی آنگن واڑی ورکروں اورہیلپروں نے شام لال چودھری کاکالی جھنڈیوں سے استقبال کیا،قابل ذکرہے کہ آنگن واڑی ورکرس پچھلے 54دنوں سے ڈی سی دفترکے باہراحتجاجی دھرنے پربیٹھی ہوئی ہیں ۔ان ورکروں نے سیکورٹی حصارکوتوڑکروزیرموصوف سے ملنے کی کوششیں بھی کیں لیکن پولیس نے انہیں معقول خواتین پولیس اہلکارنہ ہونے کی وجہ سے ملنے نہیں دیا۔بعدازاں آنگن واڑی ورکروں اورہیلپروں کے ایک وفدنے اپنے مطالبات پرمبنی میمورنڈم وزیرموصوف کوپیش کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یونین لیڈران نے اپنے مطالبات بشمول تنخواہوں میں اضافہ، ملازمت کو باقاعدہ بنانے وغیرہ کو تسلیم کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ہمارے بچوں کو سخت مالی پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے ، آگن واڑی وارکروں اور ہیلپروں سے ہرجگہ کام لیاجاتاہے لیکن اس کے باوجود بھی حکومت کی جانب سے ہمارے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں یہ حکومت بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دیتی ہے بیٹیوں کی انصاف کی بات کرتی ہے تو وہیں بیٹیاں گزشتہ دو ماہ سے اپنا حق مانگ رہی ہیں لیکن آج تک صرف یقین دہانی کے سوا کچھ بھی حاصل نہیںہوا۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل آنگن واڑی ورکرس یونین کی لیڈر سنیتا کماری نے کہا کہ حکومت آئی سی ڈی ایس ورکروں کے ساتھ سوتیلاسلوک کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں آنگن باڑی ورکروں اور ہیلپروں کے مشاہرے میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم ریاستی سرکار صرف یقین دہانی کر کے اْن کا ساتھ استحصال کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کو حل ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے جس کے نتائج اچھے نہیں ہونگے ۔سراپااحتجاج آنگن واڑی ورکروں وہیلپروں نے کٹھوعہ کالج سڑک کو ڈی سی آفیس کے سامنے ایک گھنٹے تک بند رکھا اس دوران گاڑیوں کی آمدورفت بھی بند رہی بعد میں موقعہ پر تحصیلدارکٹھوعہ جے سنگھ پہنچے اور مظاہرین کو سڑک کھولنے کی اپیل کی اور کہا کہ کٹھوعہ انتظامیہ آپ کے مطالبے کو حکومت تک پہنچا رہی ہے جسکے بعد ان مظاہرین کو سڑک سے ہٹایا گیا اور ٹریفک نظام کو بحال کردیا گیا جبکہ آنگن باڑی ملازمین کی ہڑتال پر ہی ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیاجاتا ہم اپنا احتجاج اسطرح جاری رکھیں گے ۔ واضح رہے کہ کٹھوعہ میں گذشتہ دو ماہ سے آئی سی ڈی ایس ورکروں کی کام چھوڑ ہڑتال چل رہی ہے۔