جموں//ایس اوایس انٹرنیشنل ،جوکہ پاکستانی مقبوضہ کشمیرکے مہاجرین کی نمائندہ تنظیم ہے نے یہاں احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے کہاکہ وہ سرحدکے اُس پار واقع شرائن کے درشنوں پرجانے کامعاملہ پاکستان حکومت کے ساتھ اُٹھائے۔ یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق ایس اوایس انٹرنیشنل نے پی اوکے ،رفیوجیوں کوامدادکی فراہمی کامعاملہ بھی اُٹھایا۔دریں اثناتنظیم کے چیئرمین راجیوچنی کی قیادت میں ان لوگوں نے توی پل کے نزدیک اپنی مانگوں کے حق میں دھرنادیا۔ اس موقعہ پرمقررین نے کہاکہ آج سے سات دہائی پہلے ہمیں اپناآبائی وطن چھوڑنے کیلئے مجبورکیاگیاتھا،اس عرصہ کے دوران ہمارے بہت سارے بزرگ اپنے مذہبی مقامات کادرشن کرنے کاخواب ادھوراچھوڑکراس دارفانی سے کوچ کرچکے ہیں۔انہوں نے مرکزی حکومت سے پرزوراستدعا کی کہ وہ یہ معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھائے تاکہ وہ مذہبی مقامات کے درشن کرسکیں۔